Book Name:Din Raat Kesay Guzarain

نیک لوگوں کا پسندیدہ عمل

اللہ پاک کے نیک بندے یہ ناپسند کرتے تھے کہ کوئی دن ایسا گزرے جس میں انہوں نے صدقہ نہ کیا ہو اگرچہ ایک کھجور یا پیاز یا روٹی کا ٹکڑا ہی کیوں نہ ہو کیونکہ رحمت عالم ، نُورِ  مُجَسَّمْ   صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : كُلُّ امْرِئٍ فِي ظِلِّ صَدَقَتِهِ حَتَّى يُفْصَلَ بَيْنَ النَّاس یعنی  ( بروزِ قیامت )  بندہ اپنے صدقہ کے سائے میں ہو گا حتی کہ لوگوں کے درمیان فیصلہ کر دیا جائے۔ ( [1] )   ایک روایت میں ہے : رسولِ اکرم ، نُورِ  مُجَسَّمْ   صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : فَاتَّقُوْا النَّارَ وَلَوْ بِشِقِّ تَمْرَۃٍ یعنی  ( جہنم کی )  آگ سے بچو اگرچہ کھجور کے ایک ٹکڑے کے ذريعے ۔ ( [2] )  

ان کاموں کی بھی عادَت بنائیے !

پیارے اسلامی بھائیو ! اپنے دِن رات کے کاموں میں * مدنی چینل دیکھنا بھی شامِل کیجئے ! زیادہ نہیں تو کم از کم 1 گھنٹہ12 منٹ کا جدول تو لازمی بنا لیجئے !  اِنْ شَآءَ اللہ الْکَرِیْم ! مدنی چینل دیکھنے سےبہت زیادہ برکات ملیں گی مثلاً * دِینی معلومات میں اضافہ ہوگا *  نماز ، روزہ ، وُضُو ، غُسل اور دیگر فقہی  مسائل سیکھنے کی سَعادت نصیب ہو گی * عمل کا جذبہ نصیب ہو گا * تلاوت ، حمد ، مُناجات ، نعت اور منقبتیں سُننے کی سَعادت ملے گی * اسی طرح نیکی کی دعوت دینا ، بُرائی سے منع کرنا بھی ہر مسلمان کی بنیادی ذِمَّہ داریوں میں ہے ، لہٰذا نیکی کی دعوت عام کرنے کے لئے بھی وقت نکالئے ، کوشش کر کے روزانہ  کم از کم 2 گھنٹے عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں کو دینے کا معمول بنا لیجئے !


 

 



[1]...مستدرک ، کتاب الزکاۃ ، کل امریٔ فی ظل صدقۃ ، جلد : 2 ، صفحہ : 43 ، حدیث : 1557 ۔

[2]...مسلم ، کتاب : الزکاۃ ، باب : الحث علی الصدقۃ ، صفحہ : 365 ، حدیث : 1016 ۔