Book Name:Naikiyan Chupaye

ولیمہ کرنا سُنَّت ہے

2فرامینِ آخِری نبی ، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم : ( 1 ) : ولیمہ کرو اگرچہ ایک بکری سے ہی ہو ( [1] )   ( 2 ) : بُرا کھانا اُس ولیمے کا ہے جس میں مالدار بُلائے جائیں اور غریب چھوڑ دئیے جائیں ۔  ( [2] )

اے عاشقانِ رسول ! ولیمہ کرنا سُنّتِ مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  ہے * ہمارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  ولیمہ کیا کرتے تھے * اُمُّ المُؤْمِنِیْن حضرت صفیہ رَضِیَ اللّٰہ عَنْہا سے نِکاح کے وقت پیارے آقا ، رسولِ خُدا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  نے ولیمے میں حَرِیْسہ کھلایا۔ ( [3] )  

حَرِیْسہ کی وضاحت : کھجور ، مکھن ، چھوہارے اور گھی ملا کر بنائے گئے کھانے کو حَرِیسہ کہا جاتا ہے ، اس کی بہت سی اقسام ہیں اور مختلف  طریقوں سے بنایا جاتا ہے۔ 

 * اسی طرح اُمُّ المُؤْمِنِیْنحضرت زینب رَضِیَ اللّٰہ عَنْہا سے نکاح کے وقت آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  نے ولیمے میں پُوری ایک بکری ذبح فرمائی ، یہ آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  کی طرف سے کئے گئے ولیموں میں سے بڑا ولیمہ تھا۔ ( [4] )  * ولیمہ مرد کی حیثیت کے مطابق ہے ، مثلاً غریب ہے تو اپنی حیثیت کے مطابق دعوت کا اہتمام کرے ، امیر اپنی حیثیت کے مطابق ( [5] )  * ولیمہ شبِ عروسی کے بعد کرنا سُنّت ہے ، بعض لوگ نکاح سے پہلے ہی ولیمہ کر دیتے ہیں ، اس طرح کرنے سے سُنّت ادا نہ ہو گی * دعوتِ ولیمہ قبول کرنا سنت ہے ، البتہ جس ولیمے یا دعوت کے بارے میں معلوم ہے کہ وہاں خرافات ( مثلاً ناچ گانا ہوگا ، یا عورتیں اور مرد اکٹھے ہوں گے )  تو وہاں نہ  جائے ۔  ( [6] )  


 

 



[1]...بخاری ، کتاب النکاح ، باب الولیمۃ ولو بشاۃ ، صفحہ : 1329 ، حدیث : 5167۔

[2]...بخاری ، کتاب النکاح ، باب من ترک الدعوۃ ، صفحہ : 1331 ، حدیث : 5177۔

[3]...بخاری ، کتاب النکاح ، باب الولیمۃ ولو بشاۃ ، صفحہ : 1330 ، حدیث : 5169۔

[4]...بخاری ، کتاب النکاح ، باب الولیمۃ ولو بشاۃ ، صفحہ : 1330 ، حدیث : 5168۔

[5]...فتح الباری ، کتاب النکاح ، باب الولیمۃ ولو بشاۃ ، جلد : 9 ، صفحہ : 293 ، تحت الحدیث : 5167 ۔

[6]...بہارِ شریعت ، جلد : 3 ، صفحہ : 392 ، حصہ : 16خلاصۃً۔