Book Name:Khareed o Farokht Ki Chand Ahtiyatein

اور جب انہیں ماپ یا تول کر دیں کم کردیں ۔

 تفسیر صراط الجنان میں ہے : ناپ تول انتہائی اہم معاملہ ہے ، تقریباً تمام لوگوں  کو اَشیا بیچنے اور خریدنے سے واسِطہ پڑتا ہے اور زیادہ تر چیزوں  کا بیچنا اور خریدنا انہیں  ناپنے اور تولنے پر ہی مَبنی ہے ،  ( اسی لئے قرآنِ مجید میں کئی مقامات پر اس کی اہمیت کو بیان کیا گیا ہے ) ۔ صحیح ناپنے اور تولنے کا انجام دنیا میں  بھی بہتر ہوتا ہے کہ * اس سے لوگوں  کا اعتبار قائم رہتا ہے * تجارت میں  خوب اضافہ ہوتا ہے * اور رزق میں  برکت ہوتی ہے۔

 اور آخرت میں  بھی یقینا بہتر ہو گا کہ * اِس حوالے سے لوگوں  کا اُس پر کوئی حق نہیں  ہوگا اور یوں  لوگ اپناحق طلب کرنے کے لئے اسے نہیں  پکڑیں  گے * یہ حرام رزق کھانے اور کھلانے کے عذاب سے بچ جائے گا * اور ا س کے نیک اعمال محفوظ رہیں  گے * اور جو لوگ ناپ تول میں  کمی کرتے ہیں ، ان کے لئے سخت اور دردناک عذاب ہیں۔ ( [1] )

ناپ تول میں کمی کا وبال

ایک بزرگ فرماتے ہیں : میں اپنے ایک پڑو سی کی عیادت کے لئےگیا ، جو گندم بیچا کرتا تھا ، جب میں اس کے سر ہانے بیٹھا تو اسے بار بار یہ کہتے سنا : آگ کے 2پہاڑ ، آگ کے 2پہاڑ۔جب میں  نے اس کے گھر والوں  سے اس کے بارے میں پوچھا ، تو ان لوگوں  نے بتایا کہ اس کے پاس غلہ ناپنے کے 2 پیمانے تھے ، جب یہ کسی سے گندم خریدتا تو اسے بڑے پیمانے سے ناپتا اور جب کسی کو بیچتا تو چھوٹے پیمانے سے ناپ کر بیچتا تھا ۔وہ بزرگ    فرماتے ہیں :  تب میں سمجھا کہ  وہی 2 برتن اسے آگ کے پہاڑو ں کی صورت میں نظر آرہے ہیں۔  ( [2] )


 

 



[1]...تفسیر صراط الجنان ، پارہ : 30 ، سورۂ مطففین ، زیرِ آیت : 1 تا3 ، جلد : 10  ، صفحہ : 571 -572 ملتقطًا۔

[2]... بَحْرُ الدُّمُوْع ، الترہیب من الخیانۃ فی المیزان ، صفحہ : 182۔