Book Name:Kamyab Tajir Kay Ausaf

قرآنِ پاک  میں جابجا رِزْقِ حلال حاصِل کرنے کی طرف تَوَجُّہ دِلائی گئی ہے ، بلکہ اللہ  پاک نے اسے اپنے فضل سے تعبیر کرتے ہوئے اس کی تلاش و جستجو جاری رکھنے کی ترغیب اور اس کا حکم بھی اِرْشادفرمایا ہے چُنانچہ پارہ  30سُوْرَۃُ النَّبَا کی آیت 11میں اِرْشاد ہوتا ہے :

وَّ  جَعَلۡنَا النَّہَارَ  مَعَاشًا (۱۱)

ترجَمۂ کنز  العرفان : اور دن کو  روزی کمانے کا وقت بنایا۔

ایک اور مقام پر ارشاد فرمایا :

فَانۡتَشِرُوۡا فِی الۡاَرۡضِ وَ ابۡتَغُوۡا مِنۡ فَضۡلِ اللّٰہِ     ( پ۲۸ ، الجمعة : ۱۰ )

ترجَمۂ کنز  العرفان : تو زمین میں پھیل جاؤ اور اللہ کا فضل تلاش کرو۔

جستجوئے روزگار کی عظمت

حضرتِ   کَعْب بن عُجرہ رَضِیَ اللہُ  عَنْہ سے مروی ہے کہ سرورِ عالَم ، نُورِ مُجسّم صَلَّی اللہُ  عَلَیْہِ واٰلہٖ وسلَّم ایک روزصحا بۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان کے ساتھ تشریف فرماتھے۔اتنے میں ایک نوجوان قریب سے گُزرا۔صحابۂ  کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان نے ایک طاقتور اور مَضبُوط جسم والےنوجوان کو دیکھا تو  کہا : کاش ! اس کی جوانی اور طاقت اللہ پاک کی راہ میں خرچ ہوتی۔اِس پررَحْمتِ عالَم صَلَّی اللہُ  عَلَیْہِ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشادفرمایا : ( 1 ) اگر یہ شخص اپنے چھوٹے بچوں کے لئے رِزْق کی تلاش میں نکلا ہے تو یہ اللہ  ہی  کی راہ میں ہے ( 2 )  اوراگر یہ شخص اپنے بُوڑھے والدین کے لئے رِزْق کی تلاش میں نکلا ہے ، توبھی یہ اللہ    کی راہ میں ہے ( 3 ) اوراگر یہ خُود کو  ( لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلانے یا حرام کھانےسے ) بچانے کے لئے رِزْق کی تلاش میں نکلا ہے تو بھی یہ اللہ  کی راہ میں ہے  ( 4 ) البتہ اگر یہ دِکھاوے اور تَفاخُر ( فخر ) کے لئے نکلا ہے تو یہ شیطان کی راہ میں ہے۔ ( [1] )


 

 



[1]… معجم الاوسط ، ۵ / ۱۳۶ ، حديث : ۶۸۳۵