Book Name:Kamyab Tajir Kay Ausaf

دوستوں کی انفرادی کوشش

بابُ المدینہ ( کراچی ) بلدیہ ٹاؤن کے رہائشی مدنی اسلامی بھائی کے بیان کا لبِ لباب ہے کہ میری زندگی کے شب و روز دنیا ئے فانی کی لذات کی نظر ہو رہے تھے ، کرکٹ کا شوقین تھا ، فانی دنیا کی حقیقت مجھ پر کچھ یوں مُنْکَشِف ہوئی ، 1996 ؁ء کی بات ہے کہ میرے چند دوست جو میرے ہمراہ کھیلتے تھے ، انہیں دعوت اسلامی کا  دینی ماحول مل گیا ، فیضانِ دعوت اسلامی سے ان کے اخلاق وکردار میں ایک نمایاں فرق آنے لگا ، کھیل کود سے کنارا کشی اختیار کرکے  دینی کاموں میں حصہ لینے لگے ، جہاں وہ خود نمازوں کے پابند بن چکے تھے وہیں مجھ پر بھی انفرادی کوشش کرتے ، اپنے ہمراہ مسجد لے جاتے ، اچھی اچھی باتیں سناتے ، ایک دن ان کے ساتھ نماز ادا کرنے مسجد جانا ہوا ، نماز ادا کرنے کے بعد انہوں نے مجھے چوک درس میں شرکت کی دعوت پیش کی ، چنانچہ میں نے انکار کرنا مُناسِب نہ سمجھا اور شرکت کے لیے آمادہ ہوگیا ، مسجد کے باہر بارونق جگہ پر چوک درس کی ترکیب بنائی گئی ، ایک مبلغِ دعوتِ اسلامی نے چوک درس دیا ، جسے سن کر بہت اچھا لگا ، دوستوں کا نیکی کی دعوت کا جذبہ دیکھ کر میں بہت متأثر ہوا ، میں اپنے قلب میں ایک عجب کیفیت محسوس کرنے لگا ، چوک درس کی برکت سے دعوتِ اسلامی کی محبت دل میں رچ بس گئی اور میں اسی ماحول کا ہو کر رہ گیا ، اَلْحَمْدُ لِلّٰہ   تادمِ تحریر رکنِ کابینہ ہونے کی حیثیت سے سنّتوں کی خدمت کررہا ہوں۔

 

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب !                               صَلَّی اللہُ  عَلٰی مُحَمَّد

 پیارے اسلامی  بھائیو ! آیئے کامیاب تاجر کے چند اَوْصاف سُنْتے ہیں اورجو اسلامی بھائی تجارت کے شُعبے سے وابستہ ہیں ، بالخصوص وہ اِنہیں اپنانے کی نِیَّت بھی کرتےجائیں۔