Book Name:Sadqa Kay Fawaid

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                                                    صَلَّی اللہ عَلٰی مُحَمَّد

پیارے اسلامی بھائیو!  بیان کو اِختِتام کی طرف لاتے ہوئے سنّت کی فضیلت اور چند سُنّتیں اور آداب بَیان کرنے کی سَعادَت حاصِل کرتا ہوں ۔ شَہَنْشاہِ نُبُوَّت ، مُصْطَفٰے جانِ رحمت صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم  کا فرمانِ جنّت نشان ہے : جس نے میری سنّت سے مَحَبَّت کی اُس نے مجھ سے مَحَبَّت کی اور جس نے مجھ سے مَحَبَّت کی وہ جنّت میں میرے ساتھ ہو گا ۔ ( [1] )  

زکوٰۃ ادا کرنے کے مدنی پھول

2فرامینِ آخِری نبی ، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم : ( 1 ) : تمہارے اسلام کا پورا ہونا یہ ہے کہ اپنے اموال کی زکوٰۃ  ادا کرو۔ ( [2] )  ( 2 ) : اسلام کی بنیاد5 چیزوں پر ہے ، ان میں سے ایک زکوٰۃ  ادا کرنا بھی ہے۔ ( [3] )

پیارے اسلامی بھائیو! * قرآنِ پاک میں اللہ پاک نے کئی مقامات پر زکوٰۃ ادا کرنے کا حکم  دیا اور اس کی اہمیت بیان فرمائی * ہماری رہنمائی فرمانے والے آقا صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ نے  کثیر احادیثِ کریمہ میں زکوٰۃ ادا کرنے کی ترغیب بھی دلائی * صحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان بھی دل کھول کر راہِ خدا میں اپنا مال  صدقہ و خیرات کیا کرتے تھے * زکوٰۃ کی ادائیگی فرض ہے ۔  ( [4] ) * وقت  پر زکوٰۃ ادا کرنے  سے غریبوں کو فائدہ پہنچتا ہے * قریبی رشتے دار زکوٰۃ  کے حقدار ہوں تو انہیں زکوٰۃ دینا زیادہ اجرو ثواب کا باعث ہے * زکوٰۃ ادا نہ کرنے سے  انفرادی و اجتماعی ، دنیاوی اور اُخرَوِی ہر طرح کا نقصان پہنچ سکتا  ہے جیسا  کہ آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ نے اِرشادفرمایا : جوقوم زکوٰۃ نہیں  دےگی اللہ  پاک اسے قحط میں مبتلافرمائے گا۔( [5] )  

مختلف سنتیں سیکھنے کے لئے مکتبۃ المدینہ کی بہارِشریعت جلد : 3حصہ16اور شیخ طریقت ، امیر اہلِ سنت حضرتِ علامہ مولاناابو بلال محمد الیاس عطار قادری رضوی دَامَت بَرَکاتہمُ الْعَالِیَہ کا 91 صفحات کا رسالہ550 سنتیں اور آداب خرید فرمایئے اور پڑھیئے۔ سنتیں سیکھنے کا ایک ذریعہ دعوتِ اسلامی کے مدنی قافِلوں میں عاشقانِ رسول کے ساتھ سنتوں بھرا سفر بھی ہے۔

 



[1]... مشکاۃ المصابیح ، کتاب الایمان ، باب الاعتصام بالکتاب والسنۃ ، جلد : 1 ، صفحہ : 97 ، حدیث : 175۔

[2]...مجمع الزوائد ، کتاب الزکاۃ ، جلد : 3 ، صفحہ : 198 ، حدیث : 4326۔

[3]...ترمذی ، کتاب الایمان ، باب ما جاء بنی الاسلام  علی خمس ، صفحہ : 615 ، حدیث : 2609ماخوذاً۔

[4]...بہار شریعت ، جلد : 1 ، صفحہ : 874 ، حصہ : 5۔

[5]...معجم اوسط ، جلد : 3 ، صفحہ : 275 ، حدیث : 4577۔