Book Name:Sadqa Kay Fawaid

صَلُّو ْا عَلَی الْحَبِیْب!                                                صَلَّی اللہ عَلٰی مُحَمَّد

کونسا مال صدقہ کرنا  چاہیے

پیارے اسلامی بھائیو!یقیناً اِخْلاص کے ساتھ راہِ خدا میں کیا جانے والا خرچ ضائع نہیں جاتا ۔ راہِ خدا میں خرچ کرتے وقت  اس بات کا بھی خیال رکھنا چاہئے کہ جو چیز آپ کو  سب سے زیادہ پسندیدہ  ہو ، اسے صدقہ وخیرات  کیجئے کہ اس کاثواب  زیادہ ہے۔

بدقسمتی سے بسا اوقات صدقہ وخیرات کرنے میں کنجوسی کا مظاہرہ کیا جاتا ہے ، یا پھر ایسی چیز صدقہ کی جاتی ہے جو قابلِ استعمال نہیں رہتی۔مثلاً جب دیکھا کہ روٹیوں  کو پھپھوندی لگ چکی ہے ، سالن ناراض (  خراب )  ہوچکا ہے ، یا ناراض ( خراب )  ہونے کے قریب ہے تو غریب پڑوسی  کو بھجوا دینا۔ قُربانی کا گوشت جب اپنے اِستعمال کانہ رہے تو باندھ کر گھر میں کام کرنےوالی ماسی کو دے دینا۔ سیلاب زَدْگان یاآفت زدہ لوگوں کو کم قیمت  کا راشن دلوا دینا ، یا وہ کپڑےجو گھرمیں کوئی نہ پہنے ، یا وہ جُوتے جو پہننے کے قابل نہیں ہوتے ، ان کی اِمداد اور صدقہ کےطورپربھیج دئیے جاتےہیں ، اگرچہ اچھی نیت کے ساتھ اس طرح صدقہ کرنا بھی درست  ہے ، لیکن ذرا سوچئے تو سہی  یہ کیسی  عجیب  بات ہےکہ جب اپنے کھانے  پینے یا اِستِعمال کی بات آئے تو عُمدَہ سےعُمدَہ چیز کااِنتِخاب کیا جائےاورجب بات راہِ خُدا میں دینے کی آئےتو بچی کچی یا کم قیمت والی چیزیں صدقہ وخیرات  کی جائیں ۔اپنے بچوں کیلئے تو اَعلیٰ سے اَعلیٰ کوالٹی کی چیزیں خریدی جائیں ، لیکن جب کسی غریب کے بچے کودینا ہوتو گھٹیا معیار کی چیز وہ بھی اِحسان جتاکر دی جائے ۔ہم اپنے  گھر میں تو من پسند کھانے بڑے اہتمام کے ساتھ کھائیں  لیکن  اسی دوران کوئی سائل آجائے تو اسے دُھتکار دیں یا گھر میں بچا ہوا باسی سالن جسے کوئی نہ کھائے اسے تھماکر اس خوش فہمی کا شکار ہو جاتے ہیں کہ چلو کھانا ضائع ہونے سے بچ گیا اور  کسی غریب کا بھلا ہوگیا۔ حالانکہ ہونا یہ چاہیے کہ اللہ پاک نے جنہیں استطاعت دی ہے وہ اچھی سے اچھی چیز  اللہ پاک کی راہ میں صدقہ کرنے کی کوشش کیا کریں۔آئیے! اب اللہ والوں کے بھی کچھ انداز سنتے ہیں کہ اللہ پاک کے یہ نیک بندے اُس کی راہ میں خرچ کے سلسلے میں کیسے مخلص ہواکرتے تھے۔

انگور کا خوشہ اسے دے دو

حضرت نافع  رَضِیَ اللہ عَنْہ سے روايت ہے کہ ایک مرتبہ حضرت عبداللہ بن عمر  رَضِیَ اللہ عَنْہمَا کو بیماری کی حالت میں انگور کھانے کی خواہش ہوئی تومیں ان کے لئے ایک درہم میں انگوروں کا ایک خوشہ خرید لایا۔ میں نے وہ انگوران کے ہاتھ میں