Book Name:Ghous e Pak Ki Nasihatain

سرکارِ عالی وقار صَلّی اللہ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم کی نوازشات و عنایات

حضور غوثِ پاک ، شیخ عبد القادِر جیلانی رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں : ایک روز مجھے ظہر کی نماز سے پہلے حالتِ بیداری میں سرکارِ عالی وقار ، مکی مدنی تاجدار صَلّی اللہ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم کی زیارت نصیب ہوئی ، آپ صَلّی اللہ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : اے میرے بیٹے! تم وعظ و نصیحت  ( یعنی دَرْس وبیان )  کیوں نہیں کرتے؟ میں نے عر ض کیا : حضور ( صَلّی اللہ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم ) ! میں ایک عجمی شخص ہوں ، بغداد کے عربی زبان کے ماہِر لوگوں کے سامنے کیسے بیان کروں؟ سرکارِ ذی وقار صَلّی اللہ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : منہ کھولو! میں نے منہ کھول دیا ، آپ صَلّی اللہ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم نے 7 مرتبہ میرے منہ میں اپنا لعابِ مبارک  ( یعنی تھوک شریف )  ڈالا اور فرمایا : جاؤ! اب وعظ کیا کرو اور لوگوں کو نیکی کی دعوت دو۔

حضور غوثِ پاک ، شیخ عبد القادِر جیلانی رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں : پھر نمازِ ظہر کے بعد مجھے اِسلام کے چوتھے خلیفہ امیر المؤمنین حضرت علی المرتضیٰ رَضِیَ اللہ عَنْہُ کی زیارت نصیب ہوئی ، آپ نے میرے منہ میں 6 مرتبہ لعاب مبارک ڈال کر فرمایا : وعظ ونصیحت کرو۔ ( [1] )  

اس کے بعد سے حُضُور غوثِ پاک رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ نے باقاعِدہ درس و بیان اور نیکی کی دعوت دینی شروع فرمائی اور 40 سال مسلسل نیکی کی دعوت کو عام فرماتے رہے۔

جو ہیں وَقْف سُنّت کی خدمت کی خاطِر      انہیں حشر میں بخشوا غوثِ اعظم

جوروزانہ دیتے ہیں نیکی کی دعوت        انہیں حشر میں بخشوا غوثِ اعظم

سفر قافلے میں جو کرتے ہیں ہر ماہ        انہیں حشر میں بخشوا غوثِ اعظم


 

 



[1]...بهجة الاسرار ، صفحہ : 58 ۔