Book Name:Ghous e Pak Ki Nasihatain

از پئے غوثِ اعظم وِلایت             اپنی رحمت سے فرما عنایت

اپنی ، اپنے نبی کی وِلا کی                 میرے مولیٰ تُو خیرات  دے   دے ( [1] )

صَلُّوا عَلَی الْحَبیب!           صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد   

حیاتِ غوث پاک کا مختصر خُلاصہ

پیارے اسلامی بھائیو! شہنشاہِ بغداد حُضُورغوثِ پاک رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ 91 سال ظاہِری زِندگی کے ساتھ اس دُنیا میں تشریف فرما رہے ، عُلمائے کرام نے غوثِ پاک رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ کی اس 91سالہ مبارک زندگی کو 3 حِصَّوں میں تقسیم کیا ہے :    

1حضور غوثِ پاک ، شیخ عبد القادِر جیلانی رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ کی وِلادت سے لے کر 18 سال تک۔ اس عرصہ میں آپ اپنے آبائی وطن جیلان میں تشریف فرما رہے ، یہیں آپ نے ابتدائی تعلیم حاصِل کی 2 18 سال کی عمر مبارک سے لے کر 51 سال کی عمر مبارک تک ، یہ کُل 33 سال بنتے ہیں ، اس عرصہ میں حضور غوثِ پاک رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ بغداد تشریف لائے اور یہاں عِلْمِ دِیْن حاصِل کیا ، اسی دوران آپ نے خوب مُجاہدات بھی کئے ، آپ جنگلوں میں تشریف لے جاتے ، تنہائی میں رِہ کر اللہ پاک کی عِبَادت کرتےاور ذِکْر و فِکْرمیں مَصْرُوف رہاکرتے 3 51 سال کی عمر مبارک سے لے کر 91 سال کی عمر مبارک تک یعنی کُل 40 سال۔ اس عرصہ میں حُضُور غوثِ پاک رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ نے باقاعِدَہ دَرْس و بیان کا سلسلہ شُروع فرمایا ، نیکی کی دعوت کو عام کیا ،  عِلْمِ دِین کی روشنی پھیلائی ، ہدایت کے چراغ جلائے ، لوگوں کو دِیْنِ حق کی راہ دکھائی ، سُنتوں کو عام کیا اور ہزاروں بھٹکے ہوؤں کو سیدھے رستے کا مُسَافِر بنا دیا۔


 

 



[1]...وسائِلِ بخشش ، صفحہ : 126 ۔