Book Name:Ghous e Pak Ki Nasihatain

اے عاشقانِ رسول! الحمد للہ! ربیع الآخِر میں پیرانِ پیر ، پیر دستگیر ، روشن ضمیر ، سرکارِ غوثِ اعظم ، حضرت شیخ عبد القادر جیلانی رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ کی بڑی گیارہویں شریف خوب دُھوم دھام سے منائی جاتی ہے۔  یقیناً شہنشاہِ بغداد ، سرکار غوثِ اعظم شیخ عبد القادر جیلانی رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ بھی اللہ پاک کی طرف بہت رجوع کرنے والے ، نیک اَعْمال بجا لانے والے ، اللہ پاک اور اس کے پیارے حبیب صَلّی اللہ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم کی کمال فرمانبرداری کرنے والے ہیں۔ لہٰذا ابھی ہم نے جو آیتِ کریمہ سُنی ، اس آیت میں دئیے گئے حکم پر عمَل کرنے کی نیت سے آج ہم سرکارِ غوثِ اعظم رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ کی سیرتِ پاک کے چند گوشے اور آپ کی چند نصیحتیں سننے کی سعادت حاصِل کریں گے۔ اللہ پاک ہمیں شہنشاہِ بغداد حُضُور غوثِ پاک رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ کے ساتھ دِل کی گہرائیوں سے اِظْہارِ محبت کرنے ، آپ کی سیرتِ پاک سے روشنی حاصِل کرنے اور آپ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

 آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیِّیْن  صَلّی اللہ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم ۔

مرتبہ یُوں ترا خالِق نے بڑھایا یَاغوث!    اولیا کا تجھے سلطان بنایا یَاغوث!

میں نکما تو کسی کام کے قابِل ہی نہ تھا     مجھ سے بےکار کو تم نے ہی نبھایا یَاغوث!

صَلُّوا عَلَی الْحَبیب!                                                            صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد

غوثِ پاک رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ کا مختصرتَعَارُف

شہنشاہِ بغداد ، حضور غوثِ پاک رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ الحمدللہ! مشہور و معروف ہستی ہیں ، الحمد للہ! عاشقانِ رسول کی ایک تعداد ایسی بھی ہے جو اپنی اَوْلاد کوگھٹی میں غوثِ پاک کی محبت پِلاتے ہیں * حضور غوثِ اعظم رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ کا نامِ پاک : عبد القادِر اور کنیت : ابومحمد ہے