Book Name:Aaqa Ki Dunyia Say Be Raghbati

بُھنی ہوئی بکری کھا رہے ہیں  ( یہ دیکھ کر حضرت ابوہریرہ رَضِیَ اللہ عنہ کو سرکارِ عالی وقار ، مکی مدنی تاجدار صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی مبارک بھوک یاد آگئی ، دِل بےقرار ہو گیا )  اُن لوگوں نے حضرت ابوہریرہ رَضِیَ اللہ عنہ کو کھانے کی دعوت دی تو آپ نے کھانے سے انکار کر دیا اور فرمایا : نبئ کریم صلی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے کبھی جَو کی روٹی بھی سَیْر ہو کر نہ کھائی یہاں تک کہ دُنیا سے تشریف لے گئے۔ ( [1] )     

یعنی مجھے اس وقت یہ خیال آگیا کہ میرے محبوب صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم تو زندگی شریف میں جَو کی روٹی سے مسلسل سَیْر نہ ہوئے اور میں بُھنی ہوئی  بکری کھاؤں ! دِل نہیں چاہتا۔  حکیم الاُمَّت مفتی احمد یار خان نعیمی  رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ

ا س روایت کے تحت فرماتے ہیں :   خیال رہے ! یہاں مسلسل نہ کھانے کا ذِکْر ہے  ( یعنی آپ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے مسلسل اعلیٰ کھانے تناوُل نہ فرمائے ، ورنہ )  حُضُورِ انور صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے بُھنا مرغ بھی کھایا ہے مگر کبھی کبھار۔( [2] )        

3 دِن کے بعد ایک لقمہ... ! !

صحابئ رسول حضرت انس بن مالِک رَضِیَ اللہ عنہ سے روایت ہے ؛ ایک روز شہزادئ رسول ، خاتونِ جنّت سیدہ فاطمہ  رَضِیَ اللہ عنہا  روٹی کا ایک ٹکڑا لئے بارگاہِ رسالت میں حاضِر ہوئیں۔ پیارے نبی ، رسولِ ہاشمی ، مکی مدنی صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے پوچھا :  بیٹی ! یہ کیا ہے ؟  عرض کیا : روٹی کاایک ٹکڑا ہے ، مَیں نے چاہا کہ پہلے آپ کو پیش کر دوں ،   (پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے اس میں سے کچھ کھایا ، پھر فرمایا : )  بیٹی ! 3 دِن کے بعد یہ پہلا لقمہ ہے جو تمہارے والِد کے منہ میں گیا۔ ( [3] )   


 

 



[1]...بخاری ، کتاب الاطعمۃ ، صفحہ : 1386 ، حدیث : 5414۔

[2]...مرآۃ المناجیح ، جلد : 7 ، صفحہ : 63۔

[3]...شُعب الایمان ، باب فی الزہد ، جلد : 7 ، صفحہ : 315 ، حدیث : 10430۔