Book Name:Jism e Pak Ke Mojzat

سماعتِ مصطفےٰ صَلَّی اللہ علیہ وَآلہٖ و َسَلّم ہے ، بظاہِر کوئی آواز نہیں ہے ، کوئی الفاظ بھی نہیں ہیں ، سرکارِ عالی وقار ، مکی مدنی تاجدار صَلَّی اللہ علیہ وَآلہٖ و َسَلّم نے اُس بھنی ہوئی بکری کی  ٹانگ کی بات سُن بھی لی اور اسے سمجھ بھی لیا۔

دُور و نزدیک کے سُننے والے وہ کان     کانِ لعلِ کرامت پہ لاکھوں سلام ( [1] )

وضاحت : پیارے آقا ، مدینے والے مصطفےٰ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کے مُبارَک کانوں کا یہ معجزہ ہے کہ دُور و نزدیک سے برابر سنتے ہیں ، ایسے مبارک کان جو عزّت و عظمت کے موتیوں کا سرچشمہ ہیں ، ان مبارک کانوں پر لاکھوں سلام ہوں۔

  لاکھوں غُلاموں کا درود سُن لیتے ہیں

اے عاشقانِ رسول ! اب یہاں غور فرمائیے ! پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہ علیہ وَآلہٖ و َسَلّم جو ہزاروں کلومیٹر دُور کی آوازیں بھی سُن لیتے ہیں ، لاکھوں سال بعد ہونے والے واقعات بھی سُن لیتے ہیں بلکہ جہاں آواز ہی نہ ہو ، الفاظ ہی نہ ہوں ، اسے سُن بھی لیتے ہیں ، سمجھ بھی لیتے ہیں تو کیا اپنے غُلاموں کا درود نہیں سنتے ہوں گے؟ یقیناً رسولِ رحمت ، شفیعِ اُمّت صَلَّی اللہ علیہ وَآلہٖ و َسَلّم گنبدِ خضرا شریف میں تشریف فرما ہو کر دُنیا بھر کے غُلاموں کا درودِ پاک سنتے بھی ہیں اور اگر چاہیں تو کرم بھی فرماتے ہیں ، اپنا جلوہ بھی دِکھا تے ہیں۔

 حدیثِ پاک میں ہے ، ہمارے پیارے پیارے آقا ، رسولِ خُدا ، احمدِ مجتبیٰ صَلَّی اللہ علیہ وَآلہٖ و َسَلّم نے فرمایا : میرا جو بھی اُمَّتی مجھ پر درود پڑھتا ہے وہ جہاں بھی ہو ، اس کی آواز مجھ تک پہنچتی ہے۔  ( [2] )


 

 



[1]...حدائقِ بخشش ، صفحہ : 300۔

[2]...جلاء  الافہام ، صفحہ : 57۔