Book Name:Jism e Pak Ke Mojzat

معنوی رِفْعَت حِسّی طَور پر دِکھائی دیتی تھی

اے عاشقانِ رسول ! علّامہ زُرْقانی رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ نے اس مقام پر ایک اور بہت کمال کی بات لکھی ہے ، دیکھئے ! ہم اپنی ظاہِری آنکھوں سے کسی کے ظاہِری جسم کو تو دیکھ سکتے ہیں مگر اس کی صلاحیّتوں   کو آنکھ سے نہیں دیکھ سکتے۔ مثال کے طَور پر ایک شخص ہے؛ زَیْد ، ہم اس کی 5 یا 6 فِٹ کی جسامت تو دیکھ سکتے ہیں مگر زید حافِظِ قرآن بھی ہے ، ہم اس کے حِفْظ کو نہیں دیکھ سکتے ، زید عالِمِ دِین بھی ہے ، ہم اس کے عالِم ہونے کو نہیں دیکھ سکتے ، زید کسی فَنْ میں ماہِر ہے ، ہم اس کی مہارت ( Expertise )  کو نہیں دیکھ سکتے۔

مگر قربان جائیے ! رَبِّ کائنات کی قُدْرت کی بھی کیا نِرالی شان ہے ، علَّامہ زُرْقانی رَحمۃُ اللہ عَلَیْہ فرماتے ہیں : سرکارِ عالی وقار ، مکی مدنی تاجدار صَلَّی اللہ علیہ وَآلہٖ و َسَلّم جب لوگوں کے درمیان ہوتے تو قَدْ مبارک اُونچا دِکھائی دیتا تھا ، اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ آپ صَلَّی اللہ علیہ وَآلہٖ و َسَلّم کا قَدْ مبارک اُس وقت لمبا ہو جاتا تھا ، بعد میں پھر اپنی اَصْل حالت پر آ جایا کرتا تھا  نہیں ، نہیں... ! ! ایسا نہیں تھا بلکہ اللہ پاک نے اپنے محبوب صَلَّی اللہ علیہ وَآلہٖ و َسَلّم کو جو معنوی رِفْعَت و بلندی عطا فرمائی ، آپ کے اَوْصاف و کمالات کی جو رِفْعت ، بلندی اور اُونچائی ہے ، یہی معنوی بلندی دیکھنے والوں کو ظاہِری آنکھوں سے دِکھائی دیتی تھی اور انہیں لگتا تھا کہ آپ صَلَّی اللہ علیہ وَآلہٖ و َسَلّم سب سے اُونچے اور بلند ہیں۔  ( [1] )

صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب !                                                صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد

پیارے اسلامی بھائیو ! یہ تو جِسْمِ مصطفےٰ صَلَّی اللہ علیہ وَآلہٖ و َسَلّم کے معجزات تھے ، اب آئیے ! آپ صَلَّی اللہ علیہ وَآلہٖ و َسَلّم کے چند مبارک اَعْضا کے معجزات سنتے ہیں :


 

 



[1]...شرح الزرقانی ، مقصدالثالث ، فصل الاول فی کمال خلقتہ و جمال صورتہ ، جلد : 5 ، صفحہ : 485۔