Book Name:Ameer-e-Ahl-e-Sunnat Ka Ishq Madina

کاش! ہم سب کو عشقِ مدینہ ، غمِ مدینہ ، دردِ مدینہ حاصِل ہو جائے ، دِل مدینے کی یادوں میں کھویا رہے ، لب پر ہر وقت بس مدینہ ، مدینہ ، مدینہ ہی جاری رہے۔   آمین بِجَاہِ خَاتَمِ ا لنَّبِیّٖنَ  صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَآلِہٖ وَسَلَّم

12 دینی کاموں میں سے ایک دینی کام : ہفتہ وار اِجْتِماع

اے عاشقانِ رسول ! دِل میں عشق مدینہ بڑھانے ، یادِ مدینہ ، ذِکْرِ مدینہ کرنے ، گُنَاہوں اور فضولیات سے بچنے ، اچھی ، بامقصد ، سنتوں بھری اور نیکیوں والی زندگی گزارنے کے لئے عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ ہو جائیے اور 12 دینی کاموں میں بھی خوب حِصَّہ لیجئے ، اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم! دُنیا اور آخرت کی بےشُمار برکتیں نصیب ہوں گی۔ دعوتِ اسلامی کے 12 دینی کاموں میں سے ایک دینی کام ہفتہ وار اِجْتِماع بھی ہے۔ آئیے! دعوتِ اسلامی کے ہفتہ وار اجتماع کی ایک مدنی بہار سنتے ہیں :

ٹیبل ٹینس کا شوقین کیسے سُدھرا...؟

کراچی کے رہنے والے ایک اسلامی بھائی مذہبی ذِہن نہ ہونے کی وجہ سے فضولیات میں اپنے دِن رات گزار رہے تھے ، گُنَاہوں کا بھی سلسلہ تھا ، اور انہیں ٹیبل ٹینس کا بےحد شوق تھا ، شام ہوتے ہی ٹیبل ٹینس کھیلنے میں مَصْرُوف ہو جاتے اور بعض اَوْقات یہ سلسلہ رات گئے تک جارِی رہتا ، ایک مرتبہ دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ ایک اسلامی بھائی نے انہیں اور ان کے ساتھ کھیلنے والوں کو نماز پڑھنے اور ہفتہ وار اجتماع میں شرکت کرنے کی دعوت پیش کی ،  اسلامی بھائی انہیں مسلسل نیکی کی دعوت پیش کرتے رہے ، آخر یہ ٹیبل ٹینس کے شوقین ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع میں شرکت کرنے لگے ، الحمد للہ!