Book Name:Qabren Pegham-e-Fana Deti Hain

غم کا علاج آج کی شب دستیاب ہے             یہ جاں فزا ہیں ساعتیں ، یہ فرحتوں کی رات

کر لو مرض کے واسطے رب سے دُعا ابھی          یہ ہے شفا کی رات ، یہ ہے راحتوں کی رات

دامن بڑھاؤ مانگ لو خیراتِ مغفرت              اے عاصیو! ہے جلوہ نما رافتوں کی رات

راضی کرو تمام جو ناراض تم سے ہیں              صلح وصفا کی رات ہے ، یہ قُربتوں کی رات

لاکھوں گنہگاروں کی مغفرت ہو جاتی ہے

تمام مسلمانوں کی پیاری اَمِّی جان حضرت عائشہ صِدِّیقہ طَیِّبَہ طاہرہ  رَضِیَ اللہُ عنہا  فرماتی ہیں : میں نے ایک رات سرورِ کائنات ، شاہِ موجودات  صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  کو بستر مبارک پر نہ دیکھا ، تلاش کیا تو معلوم ہوا کہ آپ  صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  بقیعِ پاک میں ہیں ، پیارے نبی ، رسولِ ہاشمی ، مُحَمَّد عربی  صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  نے فرمایا : بیشک اللہ پاک شعبان کی 15 وِیں رات آسمانِ دُنیا پر تجلی فرماتا ہے ، پس اس رات قبیلہ بَنُو کلب کی بکریوں کے بالوں سے بھی زیادہ گنہگاروں کو بخشش دیتا ہے۔ ([1]) بَنُو کلب عرب کا ایک قبیلہ (Tribe) تھا ، کتابوں میں لکھا ہے : یہ لوگ بہت زیادہ بکریاں پالتے تھے۔ ([2])

سُبْحٰنَ اللہ!  ایک بکری کے جسم پر جتنے بال ہوتے ہیں ، کون ان  کی گنتی (Counting) کر سکتا ہے؟ معلوم ہوا؛آج کی رات ہزاروں ، لاکھوں بلکہ کروڑوں لوگوں کی مغفرت کر دی جاتی ہے۔

براءَت دے عذابِ قبر سے ، نارِ جہنّم سے                                  مہِ شعبان کے صدقے میں کر فضل و کرم مولیٰ([3])


 

 



[1]...ترمذی ، کتاب الصوم ، صفحہ : 207 ، حدیث : 739ملتقطاً۔

[2]... مرقاۃ المفاتیح ، كتاب الصلوٰة ، جلد : 3 ، صفحہ : 339 ، زیرِ حدیث : 1299۔

[3]... وسائِلِ بخشش ، صفحہ : 97 و98۔