Book Name:Qabren Pegham-e-Fana Deti Hain

وحشتِ قبر سے بچانے والے 8 کام

فَقِیْہ اَبُواللَّیْث سمرقندی  رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ  فرماتے ہیں : جو قبر کی تنہائی  اور گھبراہٹ سے بچنا چاہتا ہے ، اسے چاہیے کہ 4 کام  اختیار کر لے اور 4 کاموں سے باز رہے۔ جو ایسا کرے گا وہ (اللہ پاک کے فَضْل و کرم سے) قبر کی تنہائی اور گھبراہٹ سے بچ جائے گا۔

4 کام جو اختیار کرنے ہیں : : نماز : صدقہ : تلاوت : ذِکْرُ اللہ کی کثرت۔  وہ 4  کام جن سے بچنا ہے : : جھوٹ : خیانت : چغلی : پیشاب کے چھینٹے۔ ([1])

قبر میں کام آنے والا پہلا نیک عمل : نماز

       وہ اعمال جو قبر میں کام آئیں گے ان میں سے پہلا عمل ہے : نماز۔ اللہ کے پیارے رسول ،  رسولِ مقبول  صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم  کا فرمان ہے : جو نمازوں کے لئے بہتر طَریقے  سے وضو کرے ، وقت پر نماز ادا کرے ، رکوع اور سجدہ خشوع و خضوع کے ساتھ پُورا کرے ، اللہ پاک کے ذِمّۂ کرم پر ہے کہ اللہ پاک اس کی مغفرت فرما دے۔ ([2])

پیارے اسلامی بھائیو! نماز بہت اعلیٰ عبادت ہے * نماز دین کا ستون ہے* نماز پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ  صلی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم  کی آنکھوں کی ٹھنڈک ہے* نماز بارگاہِ اِلٰہی میں حاضری کا ذریعہ ہے * نماز مومن کی معراج ہے* نماز قربِ اِلٰہی کا وسیلہ ہے* نماز ی کو اللہ پاک کی مدد و نُصْرت ملتی ہے * نماز گُنَاہ مٹاتی ہے * نماز رُوح کو قرار دیتی ہے* نماز ظاہِر و باطن کو سنوارتی ہے* نماز رزق میں برکتیں لاتی ہے* نماز قبر میں کام آئے گی* نماز قبر کی گھبراہٹ اور عذابِ قبر سے بچائے گی۔  


 

 



[1]... تنبیہ الغافلین ، صفحہ : 19۔

[2]...ابوداؤد ، کتا ب الصلاۃ ، با ب المحا فظۃ علی وقت الصلوات ، صفحہ : 82 ، حدیث : 425۔