Book Name:Nigah e Ghous Azam

ترا ہوں میں تیرا ، مرے اس کہے کا        سرِ حشر رکھنا بھرم غوثِ اعظم

  صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب!                                             صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد

شانِ اَوْلیائے کرام میں پانچ قرآنی آیات

 پارہ : 29 ، سورۂ مُرْسَلات کی ابتدائی پانچ آیات میں اللہ پاک ارشاد فرماتا ہے :

وَ الْمُرْسَلٰتِ عُرْفًاۙ(۱) فَالْعٰصِفٰتِ عَصْفًاۙ(۲) وَّ النّٰشِرٰتِ نَشْرًاۙ(۳) فَالْفٰرِقٰتِ فَرْقًاۙ(۴) فَالْمُلْقِیٰتِ ذِكْرًاۙ(۵)

(پارہ : 29 ، سورۂ مرسلات : 1-5)

ترجمہ : قسم اُن کی جو لگاتار بھیجی جاتی ہیں ، پھر اُن کی جو نہایت تیز چلنے والی ہیں اور خوب پھیلانے والیوں کی ، پھر خوب جُدا کرنے والیوں کی ، پھر ذِکْر کا القا کرنے والیوں کی۔

یہ پانچ آیات ہیں ، ان میں اللہ پاک نے پانچ چیزوں کی قسم ارشاد فرمائی ہے :

( 1) : مُرْسَلَات (جو لگاتار بھیجی جاتی ہیں) ( 2) : عَاصِفَات (جو تیز چلتی ہیں) ( 3) : نَاشِرَات (جو خوب پھیلاتی ہیں) (4) : فَارِقَات (جو خوب جُدا کرنے والی ہیں) (5) : مُلْقِیَات (جو ذِکْر القا کرنے  والی ہیں)

یہ 5 چیزیں کیا ہیں؟ یہ کن کے اَوْصاف ہیں؟ اس بارے میں مُفَسِّرِیْنِ کرام کے مختلف اَقْوال ہیں ، ایک قول یہ ہے کہ یہ 5کی 5اولیائے کرام کی صِفَات ہیں۔ ([1])  اس قول کے مطابق ان آیات کا معنی کیا بنے گا؟ اس کو مشہور مُفَسِّر قرآن ، حکیم الاُمَّت مفتی احمد یار خان نعیمی رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ نے مَوَاعِظِ نعیمیہ میں تفصیل سے ذِکْر کیا ہے ، آئیے! اس کا خُلاصہ سنتے ہیں :  

(1) : وَ الْمُرْسَلٰتِ عُرْفًاۙ(۱) (قسم اُن کی جو لگاتار بھیجی جاتی ہیں) یعنی  اَوْلیائے کرام کی اُن جماعتوں کی قسم جو قیامت تک لگاتار بھیجی جاتی رہیں گی۔


 

 



[1]...تفسیر روح المعانی ، پارہ : 29 ، سورۂ مرسلات ،  جلد : 15 ، جزء : 29 ، صفحہ : 264

تفسیر بیضاوی ، پارہ : 29 ، سورۂ مرسلات ، جلد : 8 ، صفحہ : 296۔