Book Name:Dil Joi Kay Fazail

جب دل جوئی پر ایمان جیسی عظیمُ الشَّان اور انمول نعمت نصیب ہو سکتی ہے تو دنیا و آخرت کی دوسری نعمتیں کیوں حاصل نہیں ہوسکتیں۔ لہٰذا ہمیں بھی دل جوئی کی عادت بنانی چاہیے۔ آئیے!دل جوئی کی تعریف بھی سنتی  ہیں ، چنانچہ

دل جوئی کی تعریف اور اس کے فضائل

                             دل جُوئی ، دل داری ، غم خواری ، غم گساری ، یہ تمام الفاظ ہم معنیٰ ہیں ، ان سب کا مطلب ہوتا ہے  دوسروں سے ہمدردی کرنا ، انہیں خوشی پہنچانا ، ان کے دلوں میں خوشی داخل کرنا وغیرہ۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہ ہمارے  دین میں دل جوئی کی بڑی اَہَمِّیَّت ہے۔ محلِ فتنہ سے بچتے ہوئے  جائز طریقے سے مسلمان مرد کا مسلمان مردوں ، اپنی مَحَرَّمَات  اور بچوں کی اَمّی کی ، اسی طرح مسلمان عورت کا مسلمان عورتوں ، اپنے محارم اور بچوں کے ابو کی دل جوئی کرنا بڑے اجر کا باعث ہے۔ ایسا کرنے سے جہاں آخرت اچھی ہوگی ، وہیں معاشرے میں بھی مَحَبَّت بھری بہترین فضا قائم ہوگی۔  دوسروں کی دل جوئی کرنے کا کتنا بڑا ثواب ہے ، آئیے! اس بارے میں چند احادیثِ کریمہ سنتی  ہیں :

1۔   فرمایا : اللہ پاک کے نزدیک فرائض کی ادائیگی کے بعد سب سے افضل عمل مسلمان کے دل میں خوشی داخل کرنا ہے۔ (معجم کبیر ،  ۱۱ / ۵۹ ،  حدیث : ۱۱۰۷۹)

2۔   فرمایا : بے شک مغفرت کو واجب کر دینے والی چیزوں میں سے تیرا اپنے مسلمان بھائی کا دل خوش کرنا بھی ہے۔

 (معجم اوسط ،  ۶ / ۱۲۹ ، حدیث : ۸۲۴۵)

3۔   فرمایا :  مَنْ سَرَّ مُؤْمِنًا فَقَدْسَرَّاللہَ یعنی جس نےکسی مسلمان کوخوش کیااس نےاللہ پاک کو راضی کیا۔

 (حلية الاولياء ، ہارون بن رئاب الاسدی ، ۳ / ۶۶ ، حديث :  ۳۱۸۸  ، کتاب المجروحين لابن حبان  ، ۲ / ۲۹۷ ،  رقم : ۹۷۷)