Book Name:Khof e Khuda Main Rone Ki Ahamiyat

وَ لَقَدْ وَصَّیْنَا الَّذِیْنَ اُوْتُوا الْكِتٰبَ مِنْ قَبْلِكُمْ وَ اِیَّاكُمْ اَنِ اتَّقُوا اللّٰهَؕ-  (پ۵ ، النساء : ۱۳۱ )

تَرْجَمَۂ کنز العرفان : اور بیشک ہم نے ان لوگوں کو جنہیں تم سے پہلے کتاب دی گئی اور تمہیں بھی تاکید فرمادی ہے کہاللہ سے ڈرتے رہو

اسی طرح پارہ 22سورۃُ  الاَحزاب کی آیت نمبر70 میں ارشادِ باری ہے :

یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اتَّقُوا اللّٰهَ وَ قُوْلُوْا قَوْلًا سَدِیْدًاۙ(۷۰) ( پ۲۲ ، الا حزاب :  ۷۰)

تَرْجَمَۂ کنز العرفان : اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور سیدھی بات کہا کرو ۔

پارہ 4 سورۂ آلِ عمران کی آیت نمبر 175 میں اِرشاد ہوتا ہے :

وَ  خَافُوْنِ  اِنْ  كُنْتُمْ  مُّؤْمِنِیْنَ(۱۷۵)  (پ۴ ،  آلِ عمران : ۱۷۵)

تَرجَمَۂ کنزُ العرفان : اور مجھ سے ڈرو اگر تم ایمان والے ہو ۔

آنسو بہائیں مگر کہاں؟

                                                پیاری پیاری اسلامی بہنو! معلوم ہوا!ایمان کے تقاضوں میں سےا یک تقاضا خوفِ خدا بھی ہے۔ یقیناً فکرِ آخرت سے بےقرار رہنا ، عذابِ دوزخ سے رونا اور خوفِ خدا میں ڈُوبے رہنا بہت بڑی نعمت ہے۔ افسوس!آج دنیا کےغم میں توآنسو بہائے جاتے ہیں ، مگر فکرِ آخرت میں رونے  کا جذبہ کم ہوتا جا رہا ہے۔ غور تو کیجئے! اس دنیا کی حیثیت ہی  کیا ہے  کہ اس کے لیے آنسو بہائے جائیں۔ یہ دنیا  تو ایک  مسافرخانے کی طرح ہے ، جس میں مسافر آ کر ٹھہرتے ہیں اور چند دن رہنے کے بعد رُخصت ہوجاتے ہیں ، مسافر خانے میں چند دن رہنے والا انسان کبھی بھی  وہاں لمبی لمبی اُمیدیں نہیں باندھتا ۔ مسافر خانے میں چند دن رہنے والا انسان کبھی بھی  وہاں کی رونقوں سے دل نہیں لگاتا۔ لہٰذا ہمیں بھی دنیا کی فکر نہیں کرنی چاہیے اور نہ ہی اس کےلیے آنسو بہانے چاہئیں۔ بلکہ *آنسو بہانے ہوں تو خوفِ خدا *عشقِ رسول  * فکرِ آخرت  * گناہوں کی کثرت پر * نیکیاں نہ کر سکنے پر  * موت کی سختیوں کو یاد کرکے  *غمِ مدینہ میں *اللہ  پاک کی خُفیہ تدبیر کے خوف سے * قبر کو یاد کر کے * قبر کی گھبراہٹ کا سوچ کر * قبر کے اندھیرے کو یاد کر کے *اور قبر کی تنگی کو یاد کر کے *قیامت کے ہولناک مراحل کویاد کر کے * یہ سوچ کر آنسو بہائیے کہ قیامت کے دن ہم اپنے ایک ایک عمل کا حساب کس طرح دے سکیں گی ؟ * محشر  کے دن کی گرمی کو ہم کیسے برداشت کریں گی ؟ * محشر  کے دن تلوار سے زیادہ تیزاور بال سے باریک پُلِ صراط کیسے پار کریں گی ؟ * ہمارا خاتمہ ایمان پر ہوگا یا نہیں؟ اَلْغَرَض! فکرِ آخرت میں بے قرار ہو کر آنسو بہائیے اوراگرآنسو نہ بہتے ہوں تو اس بات پر آنسو بہائیے کہ ہمارے آنسو خوفِ خداسے کیوں نہیں بہتے؟

خوفِ خدا میں رونے کی عادت بنائیں