Book Name:Khud Kushi Kay Asbab

خزانہ ہے جو انسان دوسروں کی امدادلینے  سے بے نیاز کر دیتاہے۔ ٭قناعت ایک ایسی دولت ہے جو کچھ نہ ہوتے ہوئے بھی انسان کو دوسروں کی محتاجی سے بے پروا کر دیتی ہے۔٭قناعت لالچ کے جال سے بچنے کا بہترین ہتھیار ہے۔ ٭قناعت ایک ایسی خوبی ہے جو انسان میں خودداری اور خود اعتمادی کوپیدا کرتی ہے۔ ٭قناعت اِنْسان کی بلند ہمتی ، بلند سوچ، بُزرگی، تقویٰ اور صبر کی علامت ہے۔ ٭قناعت کی اَہمیَّت جاننے کے لیے اتنا  کافی ہے کہ اللہ  پاک اپنے نیک اور مُقرَّب بندوں کو ہی یہ پاکیزہ نعمت عطا فرماتا ہے۔ تمام انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام،صحابۂ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان اوراولیائے عظام رَحْمَۃُ اللّٰہ ِ  عَلَیْہِمْ اَجْمَعِیْن کی مبارک زِندگیاں ہمارے لیے بہترین نمونہ ہیں۔

مصطفےٰ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی قناعت پہ لاکھوں سلام

اَلْحَمْدُلِلّٰہرسولِ پاک صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ساری  زندگی صبروقناعت سے گزاری۔رسولِ کریم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکو مالِ غنیمت پر مُشْتَمِل بڑے بڑے خزانے ملتے،مگر آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ  وہ سب مسلمانوں میں تقسیم فرما دیتے،صحابیِ رسول، حضرت ابُو ہریرہ رَضِیَ اللہُ عَنْہ سے روایت ہے، نبی ہاشمی،مکی مَدَنی صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے گھر والوں نے تین (3) دن تک کبھی بھی  پیٹ بھر کھانا نہیں کھایا،یہاں تک کہ آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم اس دنیا سے تشریف لے گئے۔               (بخاری، کتاب الاطعمہ ، با ب وقول اللہ تعالی : کلوا۔۔۔۔ الخ، ۳/۵۲۰،حدیث: ۵۳۷۴)

       سرکارِ مکۂ مکرمہ،سردارِ مدینہ ٔمنورہ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ چٹائی پر آرام فرماتے،سرِ انور رکھنے کیلئے کھجور کی چھال سے بھرا ہوا چمڑے کا تکیہ استعمال فرماتے۔(شرح زرقانی، تکمیل،ج۵،ص:۹۶،ملخصاً)کبھی لذیذ  کھانوں کی خواہش ہی نہیں فرمائی۔آپ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ واٰلِہٖ وَسَلَّمَ جَو کی موٹی موٹی روٹیاں اکثر غذا میں استعمال فرماتے تھے۔(سیرتِ مُصْطفےٰ،ص۵۸۵، ۵۸۶ملخصاً)

پیاری پیاری اسلامی بہنو! غور کیجئے!ہمارے پیارے آقا،مکی مَدَنی مُصْطَفٰے صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے دوجہاں کے خزانوں کا مالک ہونے کے باوجودقناعت والی زندگی گزاری،لہٰذاہمیں بھی چاہیے کہ ہم بھی اپنے مکی آقا،مَدَنی داتا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے نقشِ قدم پر چلیں، اِنہی  کی پیروی کریں اور قناعت والی زندگی گزاریں۔قناعت کے کئی دُنیوی و اُخروی فوائد ہیں،آئیے!یہ فوائد سُننے سے پہلے”قناعت“ کی تعریف سنتی ہیں کہ ”قناعت“کہتے کسے ہیں؟

قناعت کی تعریف

خدا کی تقسیم پر راضی رہنایا جو کچھ مل جائے اُسی کو کافی سمجھنا قناعت ہے۔(چڑیا اور اندھا سانپ، ص۸ملخصاً)۔

قناعت کے بہت سے فوائد ہیں،آئیے!چندفائدے سنتی ہیں:

قناعت کے فوائد اوراتباعِ خواہشات  کے نقصانات

1)   قناعت دل سے دنیا کی مَحَبَّت ختم کر دیتی ہے جبکہ خواہشات کی پیروی کرنے والی،دُنیا کی مَحَبَّت میں گرفتار ہوتی چلی جاتی ہے اور دنیا کو ہی سب کچھ سمجھ بیٹھتی ہے، جو دِین کے لیے زہرِ قاتل ہے۔