ضائع نہ کریں!

بلز ، رسیدیں اور ضروری کاغذات(قسط : 02)

اُمِّ نور عطّاریہ

ماہنامہ مارچ2021

دینِ اسلام کتنا پیارا دین ہے کہ جس نے صرف اللہ و رسول کے نام والے کاغذات ہی نہیں بلکہ کسی بھی زبان میں کچھ بھی لکھا ہوا ہو سبھی کا ادب کرنے کا فرمایا ہے ، اگر ہم اس پر عمل کریں تو جہاں اللہ کی بارگاہ سے ثواب کا خزانہ ملے گا وہیں ہمیں ضمناً دنیا کے بھی کئی فوائد ہاتھ آئیں گے۔

ہمارے گھروں میں عموماً  کئی طرح کے کاغذات ہوتے ہیں مثلاً بچّوں کے برتھ سرٹیفکیٹ ، ب فارم ، رزلٹ کارڈز ، سرٹیفکیٹس ، اسکول ورک یا ہوم ورک کا نوٹس ، فیس واؤچر ، اسی طرح پاسپورٹ ، شناختی کارڈ اور اس کی کاپیاں ، نکاح نامہ ، ڈیتھ سرٹیفکیٹ ، زمین یا پلاٹ کے کاغذات ، بجلی ، گیس ، پانی  اور ٹیلیفون کے بل ، سودا سلف کی رسیدیں ، بیماری اور دوائی کی پرچیاں ، رپورٹس اور گھر کے مَردوں کی جیبوں سے نکلنے والے کئی طرح کے کاغذات اور کارڈز وغیرہ۔

ان جیسے دیگر کاغذات پر کوئی نہ کوئی تحریر عموماً اردو یا انگلش میں لکھی ہوتی ہے ، ان کاغذات کو ہمیشہ سنبھال کر رکھنا چاہئے ، ہاں البتہ اگر ان کی مستقبل میں کسی بھی طرح کی ضرورت باقی نہ رہے تو انہیں ٹھنڈا کیا جاسکتاہے یا مقدس کاغذات کے ڈبے میں ڈال سکتے ہیں۔

بچوں کے رزلٹ کارڈز اورسرٹیفکیٹس وغیرہ خواہ چھوٹی کلاس کے ہوں یا بڑی کلاس کے ، کبھی بھی ضائع نہیں کرنے چاہئیں کیونکہ ان کی ضرورت  پڑ جاتی ہے ، ہماری ایک اسلامی بہن کا بیٹا  ایک گورنمنٹ ادارے میں جاب کے لئے گیا ، اس کے پاس سبھی کاغذات ، اسناد مکمل تھیں  لیکن صرف میٹرک کا رزلٹ کارڈ نہیں تھا حالانکہ اوریجنل سند اس کے  پاس موجود تھی ، لیکن صرف رزلٹ کارڈ نہ ہونے کی بنا پر اسے جاب نہ مل سکی۔ اسی طرح دیگر بھی کئی مواقع ہیں جہاں یہ رزلٹ کارڈ او ر سرٹیفکیٹس کام آتے ہیں۔

اسی طرح بچوں کے برتھ سرٹیفکیٹ ، ب فارم ، چھوٹی کلاسز کے رزلٹ کارڈز وغیرہ بھی محفوظ رکھیں اور  جو نام ، والد کا نام ، تاریخ پیدائش  برتھ سرٹیفکیٹ پر ہو وہی سب کچھ ب فارم اور مدرسہ و اسکول کے ہر فارم اور سرٹیفکیٹ پر  لکھوائیے ، وگرنہ بعد میں بچّے بہت پریشانیوں کا سامنا کرتے ہیں۔

نکاح نامہ ، پاسپورٹ ، شناختی کارڈ اور زمین کے کاغذات وغیرہ کی تو دو یا تین  کاپیاں بنوا کر مختلف جگہ محفوظ رکھیں کیونکہ ان کی اہمیت و ضرورت بہت زیادہ ہوتی ہے۔

بجلی ، گیس ، پانی اور ٹیلیفون وغیرہ کے بلز وغیرہ جو کہ گھر کے مکان نمبر وغیرہ  کے ایک سرکاری پروف کے طور پر  بھی  استعمال ہوتے ہیں ان کو بھی  ضرورتاًمحفوظ رکھنا چاہئے خواہ یہ ادا کئے ہوں یا نہ کئے ہیں ، بہت پرانے ہوں یا تازہ ، ان کے لئے چاہئے کہ ایک فائل بنا لی جائے  جس میں ہر ماہ کے بلز ترتیب سے رکھے جائیں ، یہ بلز کئی جگہوں پر استعمال ہوتے ہیں مثلاً  جائیدادکی کسی دوسرے کے نام منتقلی ، شناختی کارڈ اور ڈومیسائل بنوانے کے لئے اور بعض دفعہ پاسپورٹ بنوانے کے لئے بھی بجلی اور گیس کے بلز کام آتے ہیں۔

ضروری بات : اسناد ، بلز اور رسیدیں وغیرہ ہر چیز کو ایک ہی جگہ پر نہ ڈال دیں کہ ہر بار کسی ایک چیز کی تلاش میں سارا کچھ بکھر کر رہ جائے گا ، بہترین طریقہ یہ ہے کہ   کاغذات کی کیٹگریز کے لحاظ سے اتنی ہی فائلیں بنالیں جن میں بلز ، رسیدیں ، سرٹیفکیٹس وغیرہ الگ الگ محفوظ کئے جاسکیں۔ (بقیہ اگلے ماہ کے شمارے میں)


Share

Articles

Comments


Security Code