تعزیت و عیادت

  ماہنامہ فروری2022

حضرت مولانا امامُ الدّین جماعتی نقشبندی کے انتقال پر تعزیت

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن

تکلیف دور کرنے کا ثواب

فرمانِ مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم : جو کسی مسلمان کی دنیاوی تکلیف دور کرے گا اللہ پاک اُس سے قیامت کے دن کی تکلیف دور فرمائے گا ، جو تنگدست پر آسانی کرے گا اللہ پاک دنیا و آخرت میں اس پر آسانی فرمائے گا اور جو کسی مسلمان کی پردہ پوشی کرے گا ربِّ کریم دنیا و آخرت میں اُس کی پردہ پوشی فرمائے گا۔ (مسلم ، ص1110 ، حدیث : 6853)

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

مجھے یہ افسوس ناک خبر ملی کہ فرید احمد جماعتی نقشبندی اور عبدالقدیر جماعتی نقشبندی کے ابّوجان حضرت مولانا حاجی امامُ الدّین جماعتی نقشبندی صاحب بیمار رہنے کے بعد 8ربیعُ الآخر شریف 1443 سِنِ ہجری مطابق 14نومبر2021ء کوحیدرآباد میں انتقال فرما گئے ، اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔

میں تمام سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں اور صبر سے کام لینے کی تلقین۔

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَط وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن

یاربَّ المصطفےٰ جَلَّ جَلَالُہ و  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! حضرت مولانا حاجی امامُ الدّین جماعتی نقشبندی صاحب کو غریقِ رحمت فرما ، اے اللہ پاک! انہیں اپنے جوارِ رحمت میں جگہ نصیب فرما ، یااللہ پاک! ان کی قبر جنّت کا باغ بنے ، رحمت کے پھولوں سے ڈھکے ، حدِ نظر تک وسیع ہو ، اِلٰہَ الْعٰلَمِیْن! ان کی قبر کی گھبراہٹ ، وحشت ، تنگی اور اندھیرا دور فرما ، یااللہ پاک! نورِ مصطفےٰ کا صدقہ ان کی قبر تاحشر روشن ہو اور جگمگاتی رہے ، مولائے کریم! مرحوم کو بے حساب بخش کر جنّتُ الفردوس میں اپنے پیارے حبیب صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کا پڑوس عطا فرما ، یااللہ پاک! تمام سوگواروں کو صبرِجمیل اور صبرِ جمیل پر اجرِ جزیل مرحمت فرما ، ربِّ کریم! شروع میں جو روایت بیان کی گئی اس کا اور میرے  پاس جو کچھ ٹُوٹے پُھوٹے اعمال ہیں ان کا اپنے کرم کے شایانِ شان اجر عطا فرما ، یااللہ پاک! یہ سارا اجر و ثواب جنابِ رسالت مآب  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کو عطا فرما ، مولائے کریم! بوسیلۂ خاتَمُ النَّبِیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  یہ سارا ثواب حضرت مولانا حاجی امامُ الدّین جماعتی نقشبندی صاحب  سمیت ساری امّت کو عنایت فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

تمام سوگوار صبر و ہمت سے کام لیں ، اللہ پاک کی رضا پر راضی رہیں ، وسوسے نہ پالیں ، جس کا وقت پورا ہوجاتا ہے وہ ایک سیکنڈ بھی رک نہیں سکتا ، کوئی نہ کوئی دنیا سے رخصتی کا بہانہ ہو ہی جاتا ہے ، سب نے دنیا سے جانا ہے ، ہماری بھی باری لگی ہوئی ہے ، آج نہیں تو کل رخصت کا ڈنکا بج ہی جائے گا ، جانے والے کے پیچھے بےشک بے حساب مغفرت کی دعائیں کرتے رہیں ، صدقۂ جاریہ کے کام کریں ، خوب ایصالِ ثواب کریں مگر بےصبری نہیں کرنی ، بے صبری سے جانے والا کب پلٹ کر آتا ہے بلکہ صبر کے ذریعے ہاتھ آنے والا جنّت کا خزانہ ہاتھوں سے نکل جاتا ہے ، اور یہ بہت بڑا نقصان ہے۔

ہے صبر تو خزانۂ فِردوس بھائیو!

عاشق کے لب پہ شکوہ کبھی بھی نہ آسکے

(وسائلِ بخشش(مرمم) ، ص412)

جانے والا تو ایک طرح سے خاموش مبلغ ہوتا ہے اور گویا ہمارے لئے یہ پیغام چھوڑتا جاتا ہے۔

بے وفا دنیا پہ مت کر اِعتبار   تُو اچانک موت کا ہوگا شکار

موت آکر ہی رہے گی یاد رکھ!                                                        جان جا کر ہی رہے گی یاد رکھ!

گر جہاں   میں   سو برس تُوجی بھی لے                                                                                          قبر میں   تنہا قِیامت تک رہے

جب فِرِشتہ موت کا چھا جائے گا                                                                      پھر بچا کوئی نہ تجھ کو پائے گا

وقتِ آخِر یاخدا! عطّاؔر کو                                                                      خیر سے سرکار کا دیدار ہو

(وسائلِ بخشش(مرمم) ، ص711)

مختلف پیغاماتِ عطّاؔر

شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نے نومبر2021ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃُ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کے شعبہ “ پیغاماتِ عطّاؔر “ کے ذریعے تقریباً 2ہزار169 پیغامات جاری فرمائے جن میں 429تعزیت کے ، 1ہزار526عیادت کے جبکہ 286 دیگر پیغامات تھے ، تعزیت والوں میں سے چند کے نام یہ ہیں :

شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نے (1)حضرت علّامہ مفتی غلام دستگیر افغانی صاحب [1] (2)حضرت علّامہ مولانا حافظ پیر سیّد محمد اقبال بخاری نقشبندی صاحب[2] (3)صاحبزادہ حضرت علّامہ مولانا اکرامُ الحق صاحب (حضرو ، ضلع اٹک ، پنجاب پاکستان) [3] سمیت 429 عاشقانِ رسول کے انتقال پر ان کے سوگواروں سے تعزیت کی اور مرحومین کیلئے دُعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا۔

حضرت علّامہ مفتی محمد بشیر مصطَفوی صاحب کیلئے دعائے صحت

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے حضرت علّامہ مولانا مفتی محمد بشیر مصطَفوی جلالی صاحب (میرپور ، کشمیر) کی خدمتِ بابرکت میں : اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

آپ جناب کی علالت کی اطلاع ملی ، اللہ پاک رحمت کی نظر فرمائے ، یااللہ پاک! حضرت کو شفائے کاملہ ، عاجلہ ، نافعہ عطا فرما ، مولائے کریم! انہیں صحتوں ، راحتوں ، عافیتوں ، عبادتوں ، ریاضتوں اور دینی خدمتوں بھری طویل زندگی عطا فرما ، اِلٰہَ الْعٰلَمِیْن! ان کی بیماری ، تکلیف ، دَرد ، دُکھ اور پریشانی دُور فرما ، اِلٰہَ الْعٰلَمِیْن! حضرت کے درجات بلند ہوں ، دینی خدمات قبول ہوں ، مزید دینی خدمات کے لئے اے اللہ پاک انہیں چُن لے ، اپنی رضا والے کام ان سے لے ، اے اللہ پاک! اپنی رضا کے سائے میں حضرت کو عافیت والی طویل عمر عنایت فرما ، محبوبِ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی سنّتوں پر خوب عمل بھی کریں ، خوب ان کو عام بھی کریں ، سنّتوں کی دھوم دھام کریں۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! گھبرائیے نہیں یہ بیماری اِنْ شَآءَ اللہ الکریم گناہوں سے پاک کردے گی۔ بےحساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔

شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  نے * حضرت علّامہ مولانا مفتی ابراہیم قادری صاحب *استاذُالحدیث حضرت مولانا احمدُاللہ صاحب * شیخُ الحدیث حضرت علّامہ مولانا مفتی عباس رضوی صاحب سمیت1ہزار526بیماروں اور دُکھیاروں کے لئے دُعائے صحت و عافیت بھی فرمائی۔



[1] تاریخِ وفات : 29ربیع الاوّل شریف1443ھ مطابق5نومبر2021ء

[2] تاریخِ وفات : 9ربیع الآخر شریف1443ھ مطابق15نومبر2021ء

[3] تاریخِ وفات : 14ربیع الآخر شریف1443ھ مطابق20نومبر2021ء


Share

Articles

Comments


Security Code