صاحبِ فتاویٰ یورپ مفتی عبدالواجد قادری علیہ رحمۃ اللّٰہ الہَادِی کے وصالِ پُر ملال پر تعزیت/مولانا نظام الدین صاحب سے عیادت/سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب سے عیادت/تعزیت کے مختلف پیغامات

صاحبِ فتاویٰ یورپ مفتی عبدالواجد قادری علیہ رحمۃ اللّٰہ الہَادِی کے وصالِ پُر ملال پر تعزیت

نَحْمَدُہ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

حضرت علّامہ مولانا مفتی عبدالواجد قادری صاحب (صاحبِ فتاویٰ یورپ) کے انتقالِ پُر ملال کی خبر ملی، اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن۔ میں حضرت کے تمام اہلِ خانہ، اولاد( مولانا مفتی فیضان الرحمن سبحانی رضوی(مفتی ومہتمم الجامعۃ الواجدیہ دربھنگہ بہار ہند)،مولانا خالدرضا رضوی،جناب احسان الرحمن فیضانی رضوی،جناب یزدان الرحمن دانش رضوی تلامذہ، معتقدین، متوسّلین اور مریدین سے تعزیت کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں: یااللّٰہ! پیارے حبیب صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا واسطہ حضرت علّامہ عبدالواجد صاحب کو غریقِ رحمت فرما، یااللّٰہ! حضرت کی تمام دینی خدمات کو قبول فرما، ربّ العٰلمین حضرت کے درجات بلند فرما، بے حساب مغفرت سے مشرف فرما کر جنّت الفِردوس میں اپنے پیارے حبیب صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوس نصیب فرما، جملہ سوگواروں کو صبرِ جمیل اور صبرِ جمیل پر اجرِ جَزیل مرحمت فرما۔یااللّٰہ! میرے پاس جو کچھ اعمال ہیں ان کو اپنی بارگاہ میں قبول فرما، اپنے کرم کے شایانِ شان ان کا اجرو ثواب عطا فرما کر یہ سارا ثواب جنابِِ رسالتِ مآب صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو عطا فرما، بَوسیلۂ رحمۃ لِّلْعٰلمین صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم حضرت مولانا مرحوم سمیت ساری امت کو عنایت فرما۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد

مولانا نظام الدین صاحب سے عیادت

نَحْمَدُہ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّارؔ قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے حضرت علّامہ مولانا نظام الدّین صاحب قاضی بندی راجستھان ہند!

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہ!

ابو البنتین حاجی حسّان رضا نے مجھے صَوتی پیغام (Audio Message) کے ذریعے خبر دی کہ آپ فجر کی نماز پڑھا نے جارہے تھے کہ راستے میں ایک جانور نے حملہ کردیا جس سے آپ زخمی ہوگئے، اللّٰہ پاک آپ کو رُو بَہ صحّت کرے، اللّٰہ کریم آپ کو صحتوں، راحتوں، عافیتوں، عبادتوں، ریاضتوں، دینی خدمتوں اور سنّتوں بھری طویل زندگی عطا کرے، لَا بَاْسَ طَہُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ، لَابَاْسَ طَہُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ، لَابَأْسَ طَہُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ۔ عالی جاہ! ہمت رکھئے گا! صبر کیجئے گا! اللّٰہ کریم آپ کے یہ زخم دور کر کے زخمِ مدینہ عطا فرمائے۔ بے حساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد

سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب سے عیادت

شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے سابق وفاقی وزیر حاجی حنیف طیب (باب المدینہ کراچی) کی علالت کی خبر ملنے پر بذریعہ صُوری پیغام(Video Message) اُن سے عیادت فرمائی اور دعائے صحت و عافیت فرماتے ہوئے انہیں روزانہ یَاسَلَامُ 111بارپڑھ کر پانی پر دم کرکے پینے کی ترغیب دلائی۔

تعزیت کے مختلف پیغامات

شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے صُوری پیغامات (Video Messages) کے ذریعے ٭محمد ساجد عطّاری سے اُن کی والدہ (باب المدینہ کراچی) ٭عبدالرحمٰن و برادران سے ان کے والدِ محترم ہدایت علی (مدینۃ الاولیاء ملتان) ٭عارف حسین عطّاری و برادران سے ان کی والدہ نسیم اختر (بزرگوال،گجرات) ٭حاجی اشفاق عطّاری اور حاجی محمد امین عطّاری سے ان کی والدہ ٭حکیم محمد مبین عطّاری و برادران سے ان کے والدِ محترم ریاض احمد ٭محمد ہاشم عطّاری سے ان کے بچوں کی امّی جان حوّا بائی اور ٭مدرسۃ المدینہ کنزالایمان بابری چوک ( باب المدینہ کراچی) کے طالبِ علم مدنی منّے منوّر رضا عطّاری کے انتقال پر تعزیت فرمائی اور لواحقین کو صبر کی تلقین فرماتے ہوئے اپنے مرحومِین کے ایصالِ ثواب کے لئے مختلف مدنی مشورے دئیے جن میں مسجد بنانے،تقسیمِ رسائل، مدنی قافلے میں سفر کرنے اور دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول سے منسلک رہنے کی ترغیب بھی شامل ہے۔


Share

Articles

Videos

Comments


Security Code