مفتی عبدالرحیم سکندری علیہ رحمۃ اللہ القَویکے انتقال پر تعزیت/ مولانا منظور  شاہ صاحب سے تعزیت/ مولانا پیر سید صابر حسین شاہ بخاری سے تعزیت

مفتی عبدالرحیم سکندری علیہ رحمۃ اللہ القَویکے انتقال پر تعزیت

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ  کی جانب سے حضرت علّامہ نورِ نبی سکندری، حضرت مفتی حق النبی ازہری سکندری، محترم جناب فضلِ نبی سکندری، محترم جناب عبد النبی سکندری !

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!

اسلامی بھائیوں اور سوشل میڈیا کے ذریعے اطلاع ملی  کہ شیرِمصطفےٰ،سلطانُ الواعظین،حضرتِ علّامہ مولانامفتی عبدالرحیم سکندری صاحب (بانی و شیخ الحدیث  مدرسہ صبغۃ الہدیٰ شاہ پور چاکر، باب الاسلام سندھ) رجب المرجب 1439 ھ کی گیارھویں رات میں انتقال فرماگئے، اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّاۤ اِلَیْهِ رٰجِعُوْنَ۔ (اس کے بعد امیرِ اہلِ سنّت نے دعا فرمائی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لئے مکتبۃُ المدینہ کی چَھپی ہوئی کتاب شرح الصدورسے یہ حدیثِ پاک سنائی:) حضرتِ سیِّدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہما سے مروی ہے کہ حضور نبیِّ غیب دان صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرمایا:جب عالم دُنیا سے جاتا ہے تو اللّٰہ پاک اس کے عِلم کو  انسانی  شکل عطا  فرماتا ہے جو قیامت تک اُس کے لئے اُنس کا ذریعہ بنتا اور زمین کے کیڑوں کو دُور کرتا ہے۔(شرح الصدور، ص:158) میں حضرتِ قبلہ مفتی صاحب کے بھائی جان ڈاکٹر نَذَر حسین سکندری، شہزادگان اور تمام ہی  مُریدین، مُتوسِّلین، مُحبّین و مُعتَقِدِین سے تعزیت کرتا اور انہیں صبر کی تلقین کرتا ہوں۔ زَہے نصیب شہزادگان، مُریدین، مُحبّین وغیرہ مل کر حضرت کے ایصالِ ثواب  کے لئے کوئی مسجد تعمیر فرمالیں، چاہیں تو مسجد کا نام فیضانِ عبدالرحیم رکھ لیں اِس طرح حضرت کا نام بھی زندہ رہے گا  اور صدقۂ جاریہ کی ترکیب بھی بنے گی،ہمت کیجئے آپ کے لئے کوئی مشکل نہیں ایک عالیشان مسجد بنالیجئے، یہ  خوشخبری ملے  گی  تو مجھے بھی خوشی ہوگی۔

بے حساب مغفرت کی دعا  کا مُلتجی ہوں۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد

تلمیذِ محدّثِ اعظم پاکستان کے انتقال پر تعزیت

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

مولانا عبد الحق چشتی،مولانا عرفان فیضی چشتی، جناب ضیاء  الحق چشتی،محمد جمیل چشتی!

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!

ابونعمان عرفان شریف عطاری مدنی(رکنِ کابینہ مجلس رابطہ بالعلماء والمشائخ) نے خبر دی کہ تلمیذِ محدّثِ اعظم پاکستان حضرت علّامہ مولانا مفتی مُنیر الزمان چشتی صاحب 28 رجب المرجب 1439ھ بروز  اتوار بَعُمْر 79 سال انتقال فرماگئے، اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّاۤ اِلَیْهِ رٰجِعُوْنَ ۔ (اس کے بعد امیرِ اہلِ سنّت نے دعا فرمائی اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لئے ماہنامہ فیضانِ مدینہ شعبان المعظم 1439ھ کے صفحہ نمبر 19 سے یہ مدنی پھول پڑھ کر سنایا:)ارشادِ حضرتِ سیّدنا ابوذَر غِفاری رضی اللہ تعالٰی عنہ:”جو جنّت میں جانا چاہتاہے اسے چاہئے کہ دُنیوی مال و ذَر میں رَغبت نہ رکھے۔“(حلیۃ الاولیاء،ج 1،ص219) میں حضرت کےتمام سوگواروں، شاگردوں، مُریدوں، اَہلِ خانہ اور اہلِ خاندان سےتعزیت اور ان سب کو صَبْرکی تلقین کرتاہوں،آپ اپنی دعوتِ اسلامی کے لئے دُعا بھی فرماتے رہیں اور جہاں جہاں موقع ملےمدنی کاموں میں حصہ لیتے رہیں۔ اللہ آپ سب کو شاد و آباد،پَھلتا پُھولتا اور مدینے کے سدا بہار پھولوں کی طرح مسکراتا رکھے اور حضرت مفتی منیر الزمان چشتی صاحب رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کی بَرَکتوں سےآپ کو اور ہم سب کو مالا مال فرمائے۔(اس کے بعد امیرِ اہلِ سنّت نے  حضرت کے ایصال ثواب کےلئے مریدین و متعلقین کو مل جل کر مسجد ”فیضانِ منیر الزمان“  بنانے کی ترغیب بھی دلائی)۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد

مولانا منظور  شاہ صاحب سے تعزیت

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ  کی جانب سے  پیرِ طریقت، رَہبرِ شریعت، مولانا ابو النصر  منظور  شاہ صاحب  المعروف  باباجی!

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!

محمد یاسرعطاری  (رکنِ کابینہ مجلسِ  رابطہ بالعلماء والمشائخ) نے  دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رُکن  حاجی ابو ماجد محمد شاہد مدنی سَلَّمَہ ٗالْغَنِی کی مَعْرِفت آپ کے شہزادگان کی امّی جان کے انتقال کی خبر دی، اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّاۤ اِلَیْهِ رٰجِعُوْنَ ۔میں آپ اور آپ کے شہزادگان مفتی  مظہر  فرید  صاحب، مولانا فیض الحسن فرید صاحب،حسن فرید صاحب اورتمام سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں(اس کے بعد امیرِ اہلِ سنّت نے دعا فرمائی اور مرحومہ کے ایصالِ ثواب کیلئے ماہنامہ فیضانِ مدینہ شعبان المعظم 1439ھ کے صفحہ نمبر 19 سے یہ مدنی پھول پڑھ کر سنایا:)ارشادِ حضرتِ سیّدنا اسحاق بن خَلَفرحمۃ اللہ تعالٰی علیہ:”گفتگو میں احتِیاط بَرتنا سونے چاندی کے مُعامَلَے میں احتِیاط کرنے سے زیادہ دُشوار ہے۔“

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد

اللہ جو کرتا ہے بہتر کرتا ہے

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ  کی جانب سےحضرتِ قبلہ الحاج مفتی عبدالحلیم صاحب اطال اللہ عمرکم!

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ!

دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کےرُکن سیّد عارف باپونےخبر دی کہ آپ کےچھوٹےبھائی جان تسلیم رضوی صاحب(تاجپور،ناگپور،ہند) انتِقال فرماگئے، اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّاۤ اِلَیْهِ رٰجِعُوْنَ ۔ (مرحوم کےلئے دعائے مغفرت وغیرہ کے بعد قبلہ مفتی صاحب سے مخاطب ہوئے:)حضورِ والا اپنی صحت کا خیال رکھئےگا! پتا چلا ہےکہ آپ نے اس بات کو دل  پہ بہت لیاہے۔ مدرسہ بھی یہی سنبھالتے تھے اور مدرسے کےتعلّق سے آپ کو ٹینشن فری(Tension Free) کررکھاتھا لیکن رِضائے مولیٰ الگ معاملہ ہے اللہ تعالی کی مرضی، صبر، صبر اور صبر کیجئے۔” اِنَّ اللّٰهَ مَعَ الصّٰبِرِیْنَ بےشک اللہ تبارک و تعالیٰ صَبْر کرنے والوں کے ساتھ ہے“(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) غم عُمْر کو کھا جاتا ہے۔آپ کی عمر بھی زیادہ  پھر آپ کو دیگر امراض بھی ہیں، اللہ تعالی آپ کا سایۂ عاطِفَت عافیت کےساتھ ہمارے سروں پر دراز فرمائے۔ حضور! ہمت رکھئے، حوصلہ رکھئے، جومالک نے چاہا وہ کیا اور وہ جوبھی کرتا ہے بہتر کرتاہے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ  سب بہتر ہوجائے گا۔ سب نے دنیا سے جانا ہے، ہماری بھی باری لگی ہوئی ہے۔اَلْمَوْتُ تُحْفَۃُ الْمُؤْمِنِ یعنی موت مومن کے لئے تحفہ ہے۔

نبی کےعاشِقوں کو موت تو انمول تحفہ ہے

کہ ان کو قبر میں دیدار ِ شاہ ِ اَنْبِیاء ہوگا

بےحساب مغفِرت کی دعا کا مُلتجی ہوں۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                    صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد

مولانا پیر سید صابر حسین شاہ بخاری سے تعزیت

 شیخِ طریقت،امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے صُوری پیغام (Video Message)کے ذریعے مولانا پیر سیّد صابر حسین شاہ بخاری صاحب(خلیفۂ  مجازبریلی شریف ،ادارہ افکارِرضا برہان شریف حسن ا بدال، ضلع اٹک)سے ان کے بھائی  سید عابد شاہ بخاری  کے انتِقال پر تعزیت فرمائی۔

مولانا ہدایت اللہ پسروری کے انتقال پر تعزیت

شیخِ طریقت،امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے حضرت مولانا ہدایت اللہ پسروری (مہتمم جامعہ  غوثیہ  ہدایت القراٰن،مدینۃ الاولیاء  ملتان)کے انتقال کی خبر ملنے پر براہِ راست(Live)مدنی مذاکرے میں ان کے صاحبزادگان مولانا مفتی محمدعثمان پسروری صاحب اور مولانا محمدفاروق پسروری  صاحب سے تعزیت فرمائی

تعزیت و عیادت  کے مختلف پیغامات

شیخِ طریقت،امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے صُوری پیغامات (Video Messages) کے ذریعے المدینۃ العلمیہ(شعبہ تراجم) کے خرم ناصر عطّاری  مدنی سے ان کے مدَنی منّے رَیّان (باب المدینہ کراچی)، ذوالقرنین عطّاری مدنی سے ان کے بچّوں کے ماموں عبدالقدیر عطّاری مدنی، وقاص عطّاری مدنی و برادران سے ان کے والد عبدالقیوم  نقشبندی(مظفر گڑھ)،محمد عبد اللہ عطّاری سے ان  کے والد جہانگیر عطّاری (راجہ جنگ)، عبدالرحمن مدنی سے ان کے بچّوں کی امّی(گوجرانوالہ)،اعجاز عطّاری اور شہباز عطّاری سے ان کے والد حاجی عبد القیوم (کوئٹہ)، اعظم علی و برادران سے ان کی والدہ حوّا خاتون (جھڈو،باب الاسلام سندھ) اور حاجی رفیق عطّاری سے ان کے والد حنیف نقشبندی کے انتقال پر تعزیت فرمائی اور لواحقین کو ایصالِ ثواب کی نیت سے مسجد بنانے،تقسیمِ رسائل اور مدنی قافلے میں سفر کرنے کی ترغیب دلائی۔نیز نگرانِ حلقہ مشاورت مشتاق عطّاری (لودھراں) کے حادثے کی خبر ملنے پر براہِ راست مدنی مذاکرے میں  ان کے لئے دُعائے صِحت  فرمائی۔


Share

Articles

Videos

Comments


Security Code