نجات پانے والا شخص

تعزیت و عیادت

ماہنامہ فیضانِ مدینہ دسمبر2023ء

مرنے کے بعد پچھتاوا

مدینے کے تاجدار صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ارشاد فرماىا: ہر مرنے والا پچھتاتا ہے۔ صحابَۂ کرام علیہمُ الرّضوان نے عرض کی: یارسولَ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم! اس کا پچھتاوا کیا ہے؟ ارشاد فرماىا: اگر وہ نىکو کار ہو تو اس پر پچھتاتا ہے کہ زىادہ سے زىادہ نىکىاں کىوں نہ کىں اور اگر بدکار ہو تو شرمندہ ہوتا ہے کہ بُرائىوں سے کنارہ کىوں نہ کیا۔(ترمذی،4/181، حدیث:2411)

حضرت الحاج مفتی احمد یار خان رحمۃُ اللہِ علیہ اس حدیث پاک کے تحت لکھتے ہیں کہ اگر کوئی شخص اپنی ساری زندگی سجدہ سُجود میں گزار دے وہ یہ کہے گا کہ میری عمر اور زیادہ کیوں نہ ہوئی کہ میں سجدے سُجود اور زیادہ کرلیتا اور آج اس سے بھی اونچا درجہ پاتا۔ اس فرمان میں کفار اور گنہگار سب داخل ہیں۔ کفار کو شرمندگی ہوگی کہ ہم مسلمان کیوں نہ بنے،گنہگاروں کو شرمندگی ہوگی ہم نیک کار پرہیزگار کیوں نہ بنے گناہوں سے باز کیوں نہ آئے مگر کفار کو اس وقت کی یہ ندامت کام نہ دے گی۔ (مراٰۃ المناجیح، 7/378)

نجات پانے والا شخص

مکتبۃُ المدینہ کی کتاب ”اللہ والوں کی باتیں“ جلد2، صفحہ 224 پر ہے کہ حضرت حسن بصری رحمۃُ اللہِ علیہ نے نصیحت کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: لوگوں میں سے نجات یانے والا شخص وہی ہے جو خوشحالی اور تنگی دونوں حالتوں میں اللہ پاک کے حکم پر عمل کرے اور لوگوں کو اللہ پاک اور رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی اطاعت (یعنی فرماں برداری) کا حکم دے۔

پیغاماتِ عطّار:شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ اپنے Video اور Audio پیغامات کے ذریعے دُکھیاروں اور غم زدوں سے تعزیت اور بیماروں سے عیادت فرماتے رہتے ہیں۔ امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے ستمبر 2023ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃُ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کے شعبہ ”پیغاماتِ عطّاؔر“ کے ذریعے تقریباً 3111 پیغامات جاری فرمائے جن میں 410 تعزیت کے، 2506 عیادت کے جبکہ 195 دیگر پیغامات تھے۔ امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مرحومین کے سوگواروں سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کیلئے دعائے مغفرت کی جبکہ بیماروں کے لئے دعائے صحت و عافیت فرمائی۔

جن مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کی اُن میں سے 4 کے نام یہ ہیں:

(1)حضرت مولانا پیر سیّد امداد حسین شاہ صاحب گیلانی (تاریخ وفات: 26صفر شریف 1445ھ مطابق 13ستمبر 2023ء، خوشاب) (2)حضرت مولانا قاری غلام فرید قادری صاحب (تاریخ وفات: 29صفر شریف 1445ھ مطابق 16ستمبر 2023ء ملتان) (3)مولانا محمد جعفر نوری صاحب (تاریخ وفات: 11ربیع الاول شریف 1445ھ مطابق 28ستمبر2023ء، ساہیوال) (4)حضرت مولانا مفتی یونس مصباحی صاحب کی بیٹی مدحت فاطمہ عمر 13سال(تاریخ وفات: 5ربیع الاول شریف 1445ھ مطابق 22ستمبر 2023ء، ناگور شریف، راجستھان، ہند)

جن کی عیادت کی اُن میں سے 4کے نام یہ ہیں:

(1)حضرت مولانا اسلم صاحب اشفاقی(قصبہ پیپاڑ، ضلع جودھپور، راجستھان، ہند) (2)مولانا سلیم صاحب اشرفی(سورت گڑھ، گنگانگر، راجستھان، ہند) (3)مفتی اسرار الحسن قادری خضری (آستانہ عالیہ سری شریف، ضلع حویلی فارورڈ کہوٹہ آزاد کشمیر) (4)مفتی محمد سجاد مصطفائی صاحب۔


Share

Articles

Comments


Security Code