حضرت مفتی محمد عبدُاللطیف جلالی صاحب کے انتقال پر تعزیت

تعزیت و عیادت

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جون 2022ء

حضرت مفتی محمد عبدُاللطیف جلالی صاحب کے انتقال پر تعزیت

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن

موت کی تیاری میں غفلت

حضرت سیِّدُنا خلیل عَصِیری  رحمۃُ اللہِ علیہ  فرمایا کرتے تھے : ہم میں سے ہر ایک کو موت کا یقین ہے پھر بھی ہم اس کے لئے تیار نظر نہیں آتے ، ہم سب کو جنّت کا پکّا یقین ہے مگرپھر بھی اپنے آپ کو اس کے لئے عمل کرتا ہوا نہیں پاتے اور دوزخ کا یقینی طور پر معلوم ہے لیکن اپنے آپ کو اس کے عذاب سے ڈرتا ہوا نہیں دیکھتے۔ (حکایتیں اور نصیحتیں ، ص231ملخصاً)

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے                                                                                                 اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

مجھے یہ افسوسناک خبر ملی کہ حافظ عبدُالسّبحان جلال پوری ، پروفیسر احمد رضا سلطانی ، حضرت مولانا حافظ محسن رضا سلطانی صاحب اور حضرت محمد انیس حیدر سلطانی کے والدِ گرامی اور حافظ محمد حنیف ، حافظ محمد اعظم اور حکیم عبدُالوحید نقشبندی قادری کے برادرِ محترم شیخُ الحدیث و التفسیر ، استاذُ العلماء حضرت مولانا مفتی محمد عبداللطیف جلالی صاحب فالج میں مبتلا رہتے ہوئے   معراجُ النبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کے مبارک موقع پر یعنی 27رجب شریف 1443 سِنِ ہجری مطابق پہلی مارچ 2022ء کو 75 سال کی عمر میں منڈی بہاؤ الدّین ، پنجاب میں انتقال فرما گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّآ اِلَیْہِ رٰجِعُوْن!

میں تمام سوگواروں سے تعزیت کرتا ہوں اور صبر و ہمت سے کام لینے کی تلقین۔

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَط وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن

یاربَّ المصطفےٰ  جَلَّ جَلَالُہ  و  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! شیخُ الحدیث و التفسیر ، استاذُالعلماء حضرت مولانا مفتی محمد عبداللطیف جلالی صاحب کو غریقِ رحمت فرما ، یاربِّ کریم! انہیں اپنے جوارِ رحمت میں جگہ نصیب فرما ، پروردگار! ان کی قبر جنّت کا باغ بنے ، رحمت کے پھولوں سے ڈھکے ، تاحدِ نظر وسیع ہوجائے ،  مولائے کریم! نورِ مصطفےٰ کا صدقہ ان کی قبر تاحشر جگمگاتی رہے۔

روشن کر قبر بیکسوں کی                                                                            اے شمعِ جمالِ مصطفائی

تاریکیِ گور سے بچانا                                                                                             اے شمعِ جمالِ مصطفائی

یااللہ پاک! مرحوم کو بے حساب مغفرت سے مشرف فرماکر جنّتُ الفردوس میں اپنے پیارے پیارے آخری نبی ، مکی مدنی ، محمدِ عربی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوسی بنا ، یااللہ پاک! تمام سوگواروں کو صبرِجمیل اور صبرِ جمیل پر اجرِ جزیل مرحمت فرما ، ربِّ کریم! میرے پاس جو کچھ ٹُوٹے پُھوٹے اعمال ہیں اپنے کرم کے شایانِ شان ان پر اجر و ثواب عطا فرما ، اے اللہ پاک! یہ سارا اجر و ثواب جنابِ رسالت مآب  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کو عطا فرما ، بوسیلۂ خَاتَمُ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  یہ سارا ثواب شیخُ الحدیث و التفسیر استاذُ العلماء حضرت مولانا مفتی محمد عبداللطیف جلالی صاحب سمیت ساری امّت کو عنایت فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

تمام سوگوار صبر و ہمت سے کام لیں ، اللہ ربُّ العزت کی رحمت پر نظر رکھیں ، اللہ پاک کی رضا پر راضی رہیں ، ہر ایک نے دنیا سے جانا ہے ، جی ہاں! اپنی بھی عنقریب باری آنی ہے ، موت آنی ہی آنی ہے ، جان جانی ہی جانی ہے ، کوئی بھی یہاں ہمیشہ رہنے کے لئے نہیں آیا ، جانے والے کے لئے بے شک خوب دعائے مغفرت کی جائے ، ایصالِ ثواب کیا جائے ، ہوسکے تو صدقۂ جاریہ کے کام کئے جائیں۔

ہے صبر تو خزانۂ فِردوس بھائیو!

عاشق کے لب پہ شکوہ کبھی بھی نہ آسکے

بہرحال ہمیں دنیا سے جانے والے سے اپنی موت کی یاد کا سامان کرنا چاہئے ، فرمانِ مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  ہے : اَلسَّعِيدُ مَنْ وُعِظَ بِغَيْرِه یعنی سعادت مند ہے وہ جو دوسرے سے نصیحت حاصل کرے۔ (ابن ماجہ ، 1 / 34 ، حدیث : 46)

اللہ پاک ہمیں اپنی آخرت کی تیاری کرنے کی توفیق عطا فرمائے ، بے حساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔

تعزیت کے متفرق پیغامات

شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مارچ 2022ء میں (1)حضرت مولانا سیّد نذر حسین شاہ صاحب(اٹک) [1] (2) حضرت مولانا شبیرُالدّین علی احمد قادری صاحب (گوپال گنج ، ہند)[2] (3)حضرت پیر سیّد تجمل حسین شاہ صاحب (حویلی لکھا ، پنجاب) [3] (4) استاذُ العلماء حضرت مفتی کرامتُ اللہ صاحب (سینیئر مدرس دارُالعلوم انوارِ مجددیہ نعیمیہ کراچی) [4] سمیت 386 عاشقانِ رسول کے انتقال پر ان کے سوگواروں سے تعزیت کی اور مرحومین کیلئے دُعائے مغفرت کرتے ہوئے ایصالِ ثواب بھی کیا۔

حاجی محمد رفیق پردیسی صاحب کیلئے دعائے صحت

نَحْمَدُہٗ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن

فرائض کی ادائیگی کو لازم کرلو!

حضرت سیدنا عبدُاللہ بن عباس  رضی اللہُ عنہما  نے فرمایا : تم فرائض کی ادائیگی اپنے اوپر لازم کرلو اور اللہ پاک نے تم پر اپنے جو حقوق مقرر فرمائے ہیں انہیں ادا کرو اور اس پر اس سے مدد حاصل کرو کیونکہ وہ پروردگار جب کسی بندے میں سچی نیت اور ثواب کی طلب دیکھتا ہے تو اس کی تکالیف دور فرما دیتا ہےاور وہ مالک ہے جو چاہتا ہے کرتا ہے۔ (اللہ والوں کی باتیں ، 1 / 571 ، حلیۃ الاولیاء ، 1 / 401)

اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَالصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی خَاتَمِ النَّبِیّٖن

یاربَّ المصطفےٰ  جَلَّ جَلَالُہ  و  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ! حاجی محمد رفیق پردیسی صاحب کو دل کی بیماری سے شفائے کاملہ ، عاجلہ ، نافعہ عطا فرما ، یااللہ پاک! انہیں صحتوں ، راحتوں ، عافیتوں ، عبادتوں ، ریاضتوں اور دینی خدمتوں بھری طویل زندگی عطا فرما ، مولائے کریم! یہ بیماری ، یہ دُکھ ، یہ پریشانی ان کے لئے گناہوں کا کفارہ ، ترقیِ درجات کا باعث ، جنّتُ الفردوس میں بے حساب داخلے اور جنّتُ الفردوس میں تیرے پیارے پیارے آخری نبی ، مکی مدنی ، محمدِ عربی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوسی بننے کا سبب بنے ، یااللہ پاک! کربلا والوں کا صدقہ اِن کی جھولی میں ڈال دے ، یااللہ پاک! ان پر رحمت کی خاص نظر فرما۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صبر و ہمت سے کام لیجئے گا ، تسلی رکھئے گا ، اللہ ربُّ العزت نے چاہا تو سب بہتر ہوجائے گا ، مایوس نہ ہوں ، کربلا والوں کی جو آزمائش تھی اس پر نظر ڈالیں گے تو آپ کو اپنی آزمائش اِن شآءَ اللہُ الکریم پھول معلوم ہوگی کہ اصل آزمائشیں ، پریشانیاں اور تکلیفیں تو ان مقدس ہستیوں کی تھیں ، بہرحال ربِّ ذوالجَلَال کی رحمت پر نظر رکھئے کہ  ان بیماریوں ، پریشانیوں ، آزمائشوں اور مصیبتوں پر ثواب ملتا اور گناہ معاف ہوتے  ہیں۔ فرمانِ مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  ہے : بڑا ثواب بڑی مصیبت کے ساتھ ہے۔ (ترمذی ، 4 / 178 ، حدیث : 2404)

خدائے رحمٰن ہمیں جسمانی بیماریوں کے ذریعے امتحان میں نہ ڈالے ، ہم امتحان کے قابل نہیں۔ ہم کمزور بندے ہیں ، مولائے کریم ہمیں بغیر امتحان کے پاس کردے۔

مریضوں کو چاہئے کہ ہمیشہ اس بات کی تسلی رکھیں کہ یہ جسمانی بیماری گناہ مٹاتی ہے ، درجے بڑھاتی ہے اور اللہ پاک کی رحمت کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔ خطرناک بیماریاں تو گناہوں کی بیماریاں ہیں۔

یہ تیرا جسم جو بیمار ہے تشویش نہ کر

یہ مرض تیرے گناہوں کو مٹا جاتا ہے

اصل برباد کُن امراض گناہوں کے ہیں

ارے کیوں اس کو فراموش کیا جاتا ہے

لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! لَا بَاْسَ طَھُوْرٌ اِنْ شَآءَ اللہ! (گھبرائیے نہیں یہ بیماری اِن شآءَ اللہُ الکریم گناہوں سے پاک کردے گی۔ )

بےحساب مغفرت کی دعا کا ملتجی ہوں۔

مختلف پیغاماتِ عطّاؔر

شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مارچ2022ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃُ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر) کے شعبہ “ پیغاماتِ عطّاؔر “ کے ذریعے تقریباً1983پیغامات جاری فرمائے جن میں386 تعزیت کے ، 1402عیادت کے جبکہ 195دیگر پیغامات تھے۔

 



[1] تاریخِ وفات : 5شعبان شریف 1443ھ مطابق9مارچ2022ء

[2] تاریخِ وفات : 6شعبان شریف 1443ھ مطابق10مارچ2022ء

[3] تاریخِ وفات : 14شعبان شریف 1443ھ مطابق18مارچ2022ء

[4] تاریخِ وفات : 20شعبان شریف 1443ھ مطابق24مارچ2022ء۔


Share

Articles

Comments


Security Code