پیغاماتِ امیرِ اہلِ سنّت

فُرصت کو غنیمت جانو!

(ضرورتاً ترمیم کی گئی ہے)

ماہنامہ فروری 2021

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْم

حاجی توقیر عطاری ، حاجی منیر عطّاری اور حاجی رضوان عطاری U.K!       اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہٗ

مَا شَآءَ اللّٰہ! آپ نے بڑا متأثر کیا کہ U.K سے صرف چند روز کے لئے جشنِ ولادت منانے کراچی تشریف لائے ، مزید متأثر کُن اور اتنی بڑی قربانی یہ کہ اب U.K جاکر آپ کو 14 دن الگ الگ قرنطینہ میں رہنا پڑے گا ، کیا بات ہے! اللہ کریم! آپ کا آنا جانا قبول فرمائے ، اس میں آپ نے جو بھی خرچ کیا ، تکلیف اُٹھائی اللہ کریم آپ کو اس کا بہترین صِلہ عطا کرے ، جشنِ ولادت کے صدقے میں آپ کی ، آپ کی آل اولاد کی بے حساب مغفرت فرمائے ، آپ سے خوب دین کا کام لے اور میرے حق میں میری آل کے حق میں بھی یہ دعائیں قبول ہوں ، اٰمین۔

مکتبۃُ المدینہ کی کتاب “ نیکی کی دعوت “ صفحہ نمبر534 سے کچھ عرض کرتا ہوں : ( كَانُوْا لَا یَتَنَاهَوْنَ عَنْ مُّنْكَرٍ فَعَلُوْهُؕ-لَبِئْسَ مَا كَانُوْا یَفْعَلُوْنَ(۷۹) )  تَرجَمۂ کنزُالایمان : جو بُری بات کرتے آپس میں ایک دوسرے کو نہ روکتے ضرور بہت ہی بُرے کام کرتے تھے۔ (پ6 ، المآئدۃ : 79)  (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)  (یہ آیت بنی اسرائیل کے حق میں ہے۔ ) سرکارِ مدینہ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے ارشاد فرمایا : اللہ کی قسم! تم ضرور نیکی کا حکم دیتے رہو اور گناہوں سے منع کرتے رہو اور ظالم کو ظلم سے روکتے رہو اور اس کو حق بات کی طرف کھینچ کر لاتے رہو ، ورنہ اللہ پاک تمہارے دل بھی خَلط (یعنی نافرمانوں کی نحوست سے انہیں جیسے) کردے گا اور تم پر بھی لعنت فرمائے گا ، جیسے ان پرلعنت فرمائی۔  

(سنن کبریٰ للبیہقی ، 10 / 159 ، حدیث : 20196 ، ابو داؤد ، 4 / 162 ، 163 ، حدیث : 4336 ، 4337)

اللہ کریم ہم سے دین کی خدمت لے لے ، میرے مدنی بیٹو! آپ بہت قربانی دینے والے ہیں کہ اتنا خرچہ کیا اور اتنے دن کی قربانی دی ، اس سے یہ اندازہ بھی لگایا جا سکتا ہے کہ آپ حضرات کے پاس ٹائم ہے ، ظاہر ہے ہر ایک نہیں آسکتا یعنی شاید آپ کا کاروبار وغیرہ کا ایسا سیٹ اپ ہے کہ آپ  ٹائم دے سکتے ہیں ، کیا ہی اچھا ہو کہ اس ملے ہوئے وقت سے دین کا ، آخرت کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھالیا جائے ، 12 مدنی کاموں کی دھوم مچادیں۔ اگر آپ کے یہاں ہفتہ وار اجتماع میں ساری رات رکنے کی ترکیب ہے تو ساری رات رکا کریں ، تہجد بھی پڑھا کریں ، اسی طرح ہر مہینے تین دن کے مدنی قافلے میں سفر کو اپنی زندگی کا حصہ بنالیں ، زیادہ ہوسکے تو زیادہ سفر کریں ، “ نیک اعمال “ کا رِسالہ لے کر روزانہ اپنے اعمال کا جائزہ لے کر اس کے خانے پُر کرکے اپنے یہاں کے ذمّے دار کو جمع کروانے کی ترکیب فرمائیں ، دینی کتابیں جیسے فیضانِ سنّت (جلد اوّل) ، نیکی کی دعوت ، غیبت کی تباہ کاریاں ، کُفریہ کلمات کے بارے میں سوال جواب جو کہ بہت اہم کتاب ہے ، پڑھتے رہیں ، فیضانِ سنّت کا درس دیتے رہیں ، اللہ پاک توفیق دے تو سیکھ کر سنّتوں بھرے بیان بھی کریں ، مدرسۃُ المدینہ بالغان میں پڑھنے پڑھانے کی ترکیب کریں اور آپ کے پاس جو بھی ذمّے داریاں ہیں وہ اپنی جگہ پر باقی رہیں اور مزید ذمّہ داریاں بڑھانی چاہئیں۔

حدیثِ پاک میں ہے : “ فرصت کو غنیمت جانو۔ “ ( مصنف ابن ابی شیبۃ ، 19 / 57 ، حدیث : 35460) آپ کو فرصت ملی ہے تو اسے غنیمت جان کر اس میں آخرت کی تیاری کرلیں ، ہوسکتا ہے بعد میں ایسی مصروفیات ہوجائیں کہ نماز کے لئے بھی وقت نکالنا مشکل ہوجائے جیسے آج کل لوگوں کے ساتھ ہورہا ہے ، لیکن نماز فرض ہے ، اس کے لئے تو وقت نکالنا ہی پڑے گا اور اس کے بغیر چارہ بھی نہیں ہے۔

بہرحال شکریہ آپ کا کہ آپ لوگ تشریف لائے ، آپ کی کوئی خدمت تو نہیں ہوسکی میں نے کہا کہ آپ کا شکریہ ادا کرلوں اور کچھ مدنی پھول بھی دے دوں۔ اب آپ مجھے اچھی اچھی نیتوں کی خوشخبریاں دیں ، آپ نے چین سے بیٹھنا نہیں ہے ، سنّتوں کی دھوم دھام مچا دینی ہے۔ آپ کا(U.K. کا) ویزہ تو ایسا ہے کہ آپ لوگ تو دنیا کے کئی ممالک میں جاکر دین کی خدمت کرسکتے ہیں ، اپنے ذمّے داران  اور اپنی اوورسیز مجلس کے ساتھ مل کر ، ان کی ڈائریکشن لے کر اس کے مطابق چلئے گا ،  اِنْ شَآءَ اللہ۔

سب اسلامی بھائیوں کو سلام! آپ کے گھر میں سبھی کو سلام!


Share

Articles

Comments


Security Code