ابو رجب آصف عطاری مدنی سے تعزیت/

ابو رجب آصف عطاری مدنی سے تعزیت

نَحْمَدُہ وَنُصَلِّیْ وَنُسَلِّمُ عَلٰی رَسُوْلِہِ النَّبِیِّ الْکَرِیْم

سگِ مدینہ محمد الیاس عطّارؔ قادری رضوی عُفِیَ عَنْہُ کی جانب سے ابورجب آصف عطاری مدنی(رکنِ مجلس) المدینۃ العلمیہ، مُدَرِّس مرکزی جامعۃ المدینہ باب المدینہ کراچی!

اَلسَّلَامُ عَلَیْکُمْ وَرَحْمَۃُ اللّٰہِ وَبَرَکَاتُہ

رُکنِ شوریٰ حاجی امین عطاری نے یہ خبرِ دی کہ آپ کے شہزادے ابو معاویہ محمد حمزہ رضا عطاری جو کل (14ذوالقعدۃ الحرام1439ھ/27جولائی 2018 ء جمعۃ المبارک کو) پیدا ہوئے تھے، آج (یعنی 15ذوالقعدۃ الحرام1439ھ شبِ ہفتہ) انتقال کر گئے، اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّاۤ اِلَیْهِ رٰجِعُوْنَ۔

صدمے پر صدمہ کہ آپ اپنے مدنی منّے کی تجہیز و تکفین میں بھی شریک نہ ہوسکے کیونکہ آج آپ کی حج کے لئے براہِ راست مدینے کی فلائیٹ تھی اور امید ہے کہ آپ مدینے شریف پہنچ بھی گئے ہوں گے، اللّٰہ کریم آپ کو صبر عطا فرمائے، اجر عطا فرمائے، اُمِّ رجب کو بھی صبر دے اور سارے خاندان والوں کو، سوگواروں کو صبر دے۔ اللّٰہ پاک مدنی منّے کو آپ کی اور ان کی امّی کی آخرت لئے ذخیرہ بنائے، اپنے والدِین کی شفاعت کرنے والا بنائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صبر سے کام لیجئے گا۔ جو نابالغ بچے فوت ہوتے ہیں وہ اپنے والدین کی شفاعت کرتے اور ان کیلئے جہنّم سے روک بنتے ہیں۔ اگر کوئی حقیقت بین نگاہ پائے تو یہ نابالغ بچوں کا دنیا سے جانا اس کے لئے بڑی ہی نعمت ہوتے ہیں۔ مگر سنّت یہی ہے کہ ان کے فوت ہونے پر تعزیت کی جائے۔ آپ صبر کیجئے گا، ہمت رکھئے گا اور آپ بھی، ان کی امّی بھی اور سب خاندان والے اللّٰہ پاک کی رضا پر صابر، شاکر رہئے گا، میں سب کے ساتھ تعزیت کرتا ہوں۔ اللّٰہ کریم آپ کو حجِ مبرور کی سعادت بخشے، مدینے پاک کی حاضری کا ذوق آپ کا متأثّر نہ ہو بلکہ کاش! ذوق میں مزید اضافہ ہو۔

حضرتِ سیّدنا عبداللّٰہ بن عبّاس رضی اللّٰہ تعالٰی عنہما کو سفر میں کسی نے خبر دی کہ آپ کی نابالغہ بچی فوت ہوگئی، آپ رضی اللّٰہ تعالٰی عنہ نے اِنَّا لِلّٰهِ وَ اِنَّاۤ اِلَیْهِ رٰجِعُوْنَ   کہا اور سواری سے اتر کر دو رکعت (نفل) نماز ادا کی، پھر فرمایا:میں نے اللّٰہ پاک کے اس حکم پر عمل کیا ہے اور یہ آیت تلاوت فرمائی:(وَاسْتَعِیْنُوْا بِالصَّبْرِ وَ الصَّلٰوةِؕ-) (پ1، البقرۃ: 45) (ترجمۂ کنزالایمان: اور صبر اور نماز سے مدد چاہو۔)(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) (تعظیم قدر الصلاۃ،ج1،ص222) لہٰذا آپ بھی صبر کیجئے اور نماز پڑھ کر نماز سے مدد حاصل کیجئے۔اللّٰہ کریم آپ کو صبر و ہمت دے، آپ کا حج قبول کرے، اٰمین۔

اس کے بعد شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اپنی طرف سے اور خصوصی مدنی مذاکرے میں شریک اسلامی بھائیوں کی طرف سے پیارے آقا صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم، شیخینِ کریمین، سیّدنا عثمانِ غنی، سیّدنا امیر حمزہ، شہدائے اُحد، اہلِ بقیع و معلیٰ رضوان اللّٰہ تعالٰی علیہم اَجْمعین کی بارگاہوں میں اور دیگر مقدّس مقامات کی حاضری کے موقع پر سلام عرض کرنے، بے حساب مغفرت اورمدینے کی حاضری کیلئے دعا کرنے کا کہا۔

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللّٰہُ تعالٰی علٰی محمَّد


Share

Articles

Comments


Security Code