بیلجیئم میں 2 دن

پُرتگال سے بیلجیئم روانگی:پُرتگال(Portugal)میں شبِ بَراءَت گزارنے کے بعد اگلے دن ہم مختلف ملکوں کے 4 اسلامی بھائی2 مختلف فلائٹوں کے ذریعے پُرتگال سے بیلجیئم روانہ ہوئے۔ لسبن (Lisbon) ایئرپورٹ سے ہم ہوائی جہاز کے ذریعے بیلجیئم کے شہر برسلز (Brussels) پہنچے۔ بیلجیئم برِّاعظم یورپ کا ایک اہم ملک ہے جس کے دارُالحکومت برسلز میں یورپی یونین کا ہیڈ کوارٹر واقع ہے۔ پُرتگال کا وقت پاکستان کے وقت سے 4گھنٹے جبکہ بیلجیئم کا وقتھنٹے پیچھے ہے۔  لسبن سے برسلز کی فلائٹ تقریباً ڈھائی گھنٹے کی ہوتی ہے۔ مقامی وقت کے مطابق شام تقریباً ساڑھے 4بجے ہماری فلائٹ برسلز ایئرپورٹ پہنچی۔ اسلامی بھائیوں کی ایک تعداد ہمیں خوش آمدید کہنے کے لئے ایئرپورٹ پر موجود تھی۔ ایئرپورٹ سے ہم ایک اسلامی بھائی کے گھر گئے جہاں نَماز ادا کی اور کھانا کھایا۔

یورپی ممالک کے طویل روزے:یورپی ممالک میں ان ایام میں دن کافی طویل ہوتے ہیں۔ رَمَضانُ المبارَک کی آمد آمد ہے اور کئی یورپی ممالک میں 20 سے 21گھنٹے کے روزے بھی ہوتے ہیں۔ یقیناً اتنا طویل روزہ رکھنا ایک صبر آزما اور ہمت والا کام ہےلیکن اَلْحَمْدُلِلّٰہِ مسلمان روزہ رکھتے ہیں۔ یہاں پاک و ہند اور ایشیائی ممالک کے ان مسلمانوں کو درس حاصل کرناچاہئے جو 15سے16گھنٹے کے روزے رکھنے میں بھی مَعَاذَ اللہ  سُستی کرجاتے ہیں۔

سنّتوں بھرا اجتماع:برسلزمیں ان دنوں8 : 45 پرنَمازِمغرب کا وقت شروع ہوتا تھا۔ نَمازِ مغرب کے بعد سنّتوں بھرا اجتماع تھا لیکن گزشتہ دن و رات کی مصروفیات (Activities)اور پھر سفر کے باعث تھکن غالب تھی نیز نمازِمغرب و عِشا کے درمیان وقفہ بھی کم تھا۔ اسلامی بھائیوں سے مشورہ کر کے میں نے مغرب کے بعد کچھ دیر آرام کیا جبکہ مغرب تا عِشا مسجد میں نعت خوانی کا سلسلہ رہا۔ نمازِ عشا کے فوراً بعد تقریباً 11بجے میں نے بیان شرو ع کیا جو ایک گھنٹے سے زیادہ جاری رہا لیکن عاشقانِ رسول توجہ سے سنتے رہے۔

آج کے سنّتوں بھرے اجتماع کی خاص بات ىہ تھى کہ اس میں بیلجیئم کے قرىبى ممالک سے بھی عاشقانِ رسول کے قافلے شریک ہوئے تھے۔ فرانس ، ہالىنڈ ، جرمنى اور ڈنمارک سے اسلامى بھائى قافلوں کی صورت میں طوىل سفر کرکے سنّتوں بھرے اجتماع میں شرکت کے لئے آئے تھے۔ اجتماع کے بعد رات دىر تک ملاقات کا سلسلہ رہا۔ اس موقع پر یہ طے ہوا کہ اجتماع میں شرکت کے لئے بیلجیئم کے پڑوسی ممالک سے آنے والے اسلامی بھائیوں کے لئے اگلے دن تربیت کا سلسلہ(Training Session) ہوگا۔ اگلا دن اتوار تھا ، لہٰذا آنے والے کئی اسلامی بھائی رات کو یہیں رُک گئے۔

دعوتِ اسلامی کو ملنے والی جگہ کا دورہ:چند ماہ پہلے دعوتِ اسلامى کى مرکزى مجلسِ شورىٰ کے نگران مولانا حاجى عمران عطّارى یورپی ممالک کا دورہ کرتے ہوئے بیلجیئم بھی تشرىف لائے تھے۔ برسلز میں آپ کے بىان کے دوران اىک شخصىت نے کھڑے ہو کر اعلان کىا تھا کہ ہم دعوتِ اسلامى کو اپنى جگہ دینا چاہتے ہیں۔ صبح ہم نے اس جگہ کا دورہ کیا اور جگہ دینے والے اسلامی بھائی سے ملاقات کی تو معلوم ہوا کہ اس جگہ پر کچھ قرض (Loan) باقى ہے۔ اسلامی بھائیوں سے مشورہ کرکے یہ طے پایا کہ آنے والی رات تاجِر اجتماع میں اس حوالے سے ترغیب دلائی جائے۔

یہاں سے فارغ ہوکر ہم واپس اس مسجد میں پہنچے جہاں دعوتِ اسلامی کے مختلف ملکوں کے ذِمّہ داران اور دیگر عاشقانِ رسول جمع تھے۔ یہاں اسلامی بھائیوں کے ساتھ یورپ میں مَدَنی کاموں کی ترقی سے متعلق مَدَنی مشورہ ہوا۔

پُرتگال سے مَدَنی قافلے کی آمد: پُرتگال مىں ہم نے کچھ تاجران کو ىہ ذہن دىا تھا کہ وہ بھى ہمارے ساتھ بیلجیئم اور جرمنى کا سفر کرىں ، یہ اسلامی بھائی برسلز پہنچ کر ہمارے قافلے میں  شامل ہوگئے۔ نَمازِ عصر سے نمازِ مغرب کے دوران ہم نے نماز کا عملی طریقہ (Practical) کروایا جو کئی اسلامی بھائیوں کے لئے زندگی کا پہلا اور دلچسپ تجربہ تھا۔ اس موقع پر یہ ذہن بھی دیا گیا کہ دعوتِ اسلامی کے مَدَنی ماحول سے وابستہ ہوکر مَدَنی قافلوں میں سفر کا معمول بنالیں تو اِنْ شَآءَ اللہ اس طرح کی مزید معلومات بھی حاصل ہوتی رہیں گی۔

مسجد بنوانے کی نیّت:نمازِ مغرب کے بعدایک شخصىت سے ملاقات کے لئے ان کے گھر جانا ہوا۔ بات چىت ہوئى تو انہوں نے کہا کہ میں اپنے والدىن کے ایصالِ ثواب کے لئے کچھ کرنا چاہتا ہوں۔ انہیں ترغیب دلائی گئی تو انہوں نے نىّت کى کہ آپ بیلجیئم مىں پلاٹ خرىد کر اىک عالىشان مسجد بنائىں ، اس کام میں جتنے بھى اخراجات ہوں گے وہ مىں پىش کروں گا۔ ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے قارئین!یہاں یہ بات پیشِ نظر رہے کہ ىورپی ممالک مىں پلاٹ لے کر مسجد بنانے پر کروڑہا کروڑ کا خرچ ہوتا ہے۔ ہم نےان سے درخواست کی کہ کل صبح ہم جرمنی روانہ ہورہے ہیں جہاں ایک تاریخی (Historical) اور یادگار کام ہونے والا ہے ، آپ ہمارے ساتھ سفر کرکے اس عظیمُ الشّان کام کو اپنی آنکھوں سے دیکھیں ، مَا شَآءَ اللّٰہ وہ تیار ہوگئے۔ اللہ کریم انہیں اپنی نیّت کو پورا کرنے کی توفیق عطا فرمائے ، ان کی ، ان کے والدین کی اور ہم سب کی مغفِرت فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

تاجِر اجتماع:اس کے بعد ہم تاجِر اجتماع میں حاضر ہوئے جہاں سنّتوں بھرا بیان کرنے کا موقع ملا۔ اس دوران جب دعوتِ اسلامی کو ملنے والی عمارت پر قرض سے متعلّق ترغیب دلائی گئی تو چند اسلامی بھائیوں نے نیّت کی کہ یہ قرض ہم ادا کردیں گے۔ اب یہ طے ہوگیا کہ اس عمارت میں نَمازِ باجماعت ، مَدْرسہ اور دعوتِ اسلامی کے مَدَنی کاموں کا سلسلہ شروع کیا جائے۔

اللہ پاک کے فضل و کرم سے بیلجیئم مىں دو دن کا ىہ سفر اختتام پذىر ہوا اور اس میں کئی اہداف (Targets) حاصل ہوئے۔ کئى ملکوں کے اسلامى بھائىوں سے ملاقاتىں ہوئیں ، مدنى قافلوں میں سفر کے لئے نیتیں پیش کی گئیں نیز کئى ذمّہ داران اور شخصىات نے رَمَضانُ المبارَک میں اعتکاف کے لئے عالَمی مَدَنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچى آنے کی نیّت کی۔

اللہ کریم ہمارے سفر کو قبول فرمائے اور بیلجیئم میں دعوتِ اسلامی کے مَدَنی کاموں کو خوب ترقی عطا فرمائے۔                                  اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

نوٹ : یہ مضمون مولانا عبدُالحبیب عطّاری کے آڈیو پیغامات وغیرہ کی مدد سے تیار کرکے انہیں چیک کروانے کے بعد پیش کیا گیا ہے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ*رکنِ شوریٰ و نگران مجلس مدنی چینل

 

 


Share

Articles

Comments


Security Code