تربوز اور بینگن

تربوز(Watermelon)اور اُس کے فوائد

تربوزموسمِ گرما کا نہایت مُفید پھل ہے،سرکار صلَّی اللہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسَلَّم تربوز اور کھجور کو ملا کر کھاتےاورفرماتے: ہم اس(کھجور)کی گرمی کو اس(تربوز)کی ٹھنڈک کے ساتھ اور اس (تربوز)کی ٹھنڈک کواس(کھجور)کی گرمی کے ساتھ توڑتے ہیں۔ (ابوداؤد،ج3، ص508، حدیث: 3836) گرمی دورکرنے کےلئے تربوز کا شربت بھی پیا جاتا ہے۔ تربوز کے چندفوائدملاحظہ کیجئے:

٭اعلیٰ حضرت رحمۃُ اللہِ تعالٰی عَلَیْہنقل فرماتے ہیں: کھانے سے پہلے تربوزکھانا پیٹ کو خوب دھودیتا ہے اور بیماری کو جڑ سے ختم کردیتا ہے۔ (فتاویٰ رضویہ،ج 5، ص442) ٭تربوزکثرت سے کھانا گردوں کے دَرد سے نَجات کا باعث ہے۔(گھریلوعلاج، ص52) ٭تربوز جسم کے تمام اعضا کو قوت پہنچاتا ہے۔٭تربوز کا شربت دِل کوفرحت پہنچاتاہے۔(پھلوں، پھولوں اور سبزیوں سے علاج، ص217)  ٭تربوز فسادِ ہاضمہ،بلڈپریشر،گرمی کے باعث سر دردو بخار، جگر کی گرمی، وہم، جنون، پاگل پن،اَمراضِ مثانہ، پیشاب کی بندش، بھوک میں کمی، اَمراضِ معدہ، بواسیر، جگرکا بڑھنا،ضُعْفِ قلب، قے، یرقان، خارش، خشک کھانسی وغیرہ تمام اَمراض میں بھی مفید ہے۔احتیاط تربوزکھانے کے بعد پانی پینا بسا اَوقات ہیضے کا باعث اورسخت نقصان دہ ہوتاہے۔

بینگن(Aubergine)اور اُس کے فوائد

بینگن موسم سرماوگرما کی ایک مفید سبزی ہے،اس کی بہت سی اَقسام و رنگ ہیں۔لمبا،گول،بیضوی،سیاہ،جامنی، اَرْغَوانی (لال)،سَفید۔اِسےآلوبینگن،بینگن کا بھُرتا، بینگن گوشت، بینگن چاول، بینگن کے پکوڑے کے طور پر پکایا جاتا ہے،اسے صاف کر کے چھلکوں سمیت پکانا زیادہ مفید ہے،بینگن کے چند فوائد یہ ہیں:

٭بینگن میں فاسفورس، فولاد، وٹامن A،B اورC ہوتے ہیں۔ ٭بینگن بھوک لگاتاہے۔ ٭مِعدے کو تقویت دیتا ہے۔ ٭قبض کُشا ہے۔ ٭بینگن مِعدے کی گرمی اور گیس کے اِخراج کیلئے بھی مفید ہے۔٭بینگن کا سالن کھانے سے بلغم کا خاتمہ ہوجاتا ہے۔ ٭بینگن کا سالن دِل کیلئے بہت اچھا ہے، اس سے دِل کو تقویت ملتی ہے۔ (پھلوں، پھولوں اور سبزیوں سے علاج، ص290) ٭بینگن کے اندر ایسے اَجزاء پائے جاتے ہیں جو بلڈپریشر، ذہنی تناؤ اور شوگرکے مرض کو قابوکرنے میں مددگار ہیں۔ ٭ایک تحقیق کے مطابق بینگن میں ایسے قدرتی اَجزاء بھی پائے جاتے ہیں جو کینسرجیسے مُوذِی مرض سے محفوظ رکھتے ہیں۔ ٭بینگن موچ نکالنے اور وَرم دور کرنے میں اپنا ثانی نہیں رکھتا، اس کے ٹکڑوں پرنمک لگاکر کڑا ہی میں گرم کرنے کے بعد قدرے ٹھنڈا کرکے متأثرہ حصہ پر باندھنامفید ہے۔ ٭ہتھیلیوں اور تلووں پر پسینہ آتا ہو توبینگن کا پانی لگانے سے پسینہ رُک جاتا ہے۔ احتیاط بینگن کا کثرت سے استعمال فسادِخون اور جوڑوں کے درد کاباعث ہے۔ (انٹرنیٹ کی مختلف ویب سائٹس سے ماخوذ)


Share

Articles

Comments


Security Code