ادرک کی چائے کے فوائد اور احتیاط

چائے عُموماً لوگ ناشتے(Breakfast) میں، شام کے وقت ریفریشمنٹ کے لئے اور مہمانوں کے لئے بطورِ مہمان نوازی استعمال کرتے ہیں۔ موسمِ سرما میں اس کی مانگ میں اضافہ ہوجاتا ہے مگر اَدْرَک کی چائے کے اپنے ہی فوائد ہیں اور موسمی بیماریوں میں اس کا استعمال موزُوں بھی ہے۔ آئیے ادرک کی چائے کے چند فوائد مُلاحَظہ کرتے ہیں: ٭ادرک کی چائے وزن کم کرنے کے لئے مُفید ہے کیونکہ اس کے پینے سے بُھوک میں کمی واقع ہوتی ہے ٭نظامِ اِنہضام(Digestive System)کو ٹھیک رکھتی اور بدہضمی و گیس سے بچاتی ہے ٭بلڈ شوگر لیول کو متوازن (Balance) رکھتی ہے ٭اس سے خُون کا بہاؤ بڑھتا ہے ٭ نزلہ و زکام میں مُفید ہے ٭گلے کے درد اور خراش کو دور کرتی اور گلے کو صاف رکھتی ہے ٭تھکن و سُستی سے نجات بخشتی ہے ٭کھانسی میں آرام پہنچاتی ہے ٭بلغم کو خارج کرتی ہے ٭پٹّھوں کے درد، سوجن اور ناک کی سوزِش (Rhinitis) کے لئے بھی مُفید ہے ٭پسینہ نکالتی اور جسم کو تروتازہ کرتی ہے۔

احتیاط:اَدْرَک کی چائے اپنے اندر بے شمار فوائد سموئے ہوئے ہے البتہ چند افراد کو ادرک کی چائے پینے میں احتیاط کرنی چاہئے مثلاً ٭خون کو پتلا کرنے والی دوائیں استعمال کرنے والوں کو ٭گرم مزاج والوں (یعنی جن کا معدہ گرم ہو ان) کو ٭نکسیر والے مریضوں کو اَدْرک کی چائے پینے سے پرہیز کرنا چاہئے ٭اسی طرح ادرک کی چائے نیند اُڑا دیتی ہے لہٰذا رات میں اس کے استعمال سے بچنا چاہئے۔

ادرک کی چائے بنانے کا طریقہ:ایک کپ پانی میں حسبِ ذائقہ چینی، پتّی اور تازہ ادرک کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا لے کر اس کے 4سے5 باریک پیس کرکے ڈال دیجئے اور اسے اچھی طرح اُبالئے، پھر اسے چھان کر اس میں اُبلا ہوا دُودھ ڈال کر بے شُمار فوائد سے لبریز ادرک کی چائے نوش فرمائیے۔

ادرک کا قہوہ: مناسب مقدار میں پانی لے کر اس میں حسبِ ذائقہ چینی، پتّی اور تازہ ادرک کا ایک چھوٹا سا ٹکڑا لے کر اس کے 4سے5 باریک پیس کرکے ڈال دیجئے اور اسے اچھی طرح اُبالئے، پھر اسے چھان کر اس میں لیموں نچوڑ کر نوش فرمائیے، نیز اس میں خوشبو اور ذائقہ بہتر کرنے کے لئے پودینے کے چند پَتّے بھی ڈالے جا سکتے ہیں۔

نوٹ:تمام غذائیں اپنے طبیب (ڈاکٹر) کے مشورے سے ہی استعمال کیجئے۔ اس مضمون کی طبّی تفتیش حکیم رضوان فردوس عطّاری نے کی ہے۔

_______________________

٭اویس یامین عطاری مدنی

٭…ماہنامہ فیضان مدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code