لیموں کے حیرت انگیز فائدے

لیموں(Lemon) قدرت کا ایک حسین تحفہ ہے۔ اس کا تعلّق تُرشاوَہ پھلوں کے خاندان سے ہے۔(اُردو لغت،ج5،ص 122) اسے عُموماً (Generally) سبزیوں کی فہرست میں شامل کیا جاتا ہے۔ چھوٹاسا نظر آنے والایہ پھل بے شمار طِبّی فوائد سے   مالا مال ہے جن میں سے کچھ فوائد پیشِ خدمت ہیں:

٭لیموں کا مزاج  خشک اور سرد ہو تا ہے۔٭اس میں وٹامنز A،B،کیلشیم،فولاد،فاسفورس اور سٹرک ایسڈ کا خزانہ ہے۔٭کاغذی لیموں کا رس اگر دن میں چند بار پیاجائےتو ملیریا کا حملہ نہیں ہوگا۔(جنتی زیور،ص565)٭لیموں چہرے پر مَلنے اور پھر صابن سے دھولینے سے، چند دِنوں میں کِیل مُہاسے (Pimples) دور ہو جاتے ہیں۔(جنتی زیور،ص 566ماخوذاً) ٭ پاؤ بھر گرم پانی میں ایک لیموں نچوڑ کردن میں تین بار کُلّیاں کرنے سے منہ کے چھالے دور ہوتے ہیں۔ (گھریلو علاج، ص61مفہوماً) ٭دانتوں کا خون بند کرنے کیلئے لیموں کا رَس مَسُوڑوں پر ملئے۔(ایضاً، ص68)٭لیموں کا رس،تِل کا تیل اور نمک ملا کر دانتوں پر ملنے سے دانتوں کا پیلا پن دُور اوردانتوں سے خون آنا بند ہوجاتا ہے۔(ایضاًً) ٭لیموں کے سُوکھے ہوئے چھلکے پیس کر اُس میں نمک ملا کر دانت مانجھنے سے چمکدار ہو جائیں گے۔(ایضاً) ٭قَے کی صورت میں آدھا کپ پانی میں ایک لیموں نچوڑ کر پینا یا لیموں کاٹ کر پِسی ہوئی کالی مِرچ اور نمک چِھڑک کر چُوسنا مفید ہے۔(ایضاً،ص93 )٭نکسیر پُھوٹ جانے کی صورت میں لیموں کا رَس کپڑے میں چھان کر ڈراپر(Dropper)سے ناک میں قطرہ قطرہ ڈالئے،اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ  وَجَلَّ  خون بند ہوجائے گا۔(40روحانی علاج مع طبّی علاج،ص 15)  ٭کپڑوں اور کتابوں میں اگر کیڑا لگ جاتا ہو تو لیموں کے چھلکے کپڑوں اور کتابوں میں رکھ دیں۔ کپڑے اور کتابیں کیڑوں کے کھانے سے محفوظ رہیں گی۔ (جنتی زیور،ص568) ٭خلافِ معمول نیند آتی ہوتو لیموں والے پانی میں شہد (Honey) کا ایک چمچ نَہار منہ استعمال کریں۔ ٭گرمی اور لُو چل رہی ہو تو سکنجبین (یعنی پانی میں لیموکا رس ملاکر ) پینا فرحت بخش بھی ہے اور طِبّی لحاظ سے مفید بھی۔ ٭لیموں غِذا کو جلد ہضم کرتا، سینے کی جَلن دور کرتا، موٹاپے کو کم کرتا  اور خون صاف کرتا ہے۔

لیموں کا رس زیادہ اور آسانی سے نکالنے کا طریقہ٭لیموں کو اگر بُھوبَل(گرم راکھ) میں گرم کر کے نچوڑیں تو عرق آسانی کے ساتھ نکلے گا۔(جنتی زیور،ص 566) ٭لیموں کودونوں ہاتھوں کے درمیان اچّھی طرح سے رگڑیں تو نرم ہوجائے گا اب نچوڑنے پر اس کا رس بھی زیادہ نکلے گا۔

نوٹ: کسی بھی نسخے کے استعمال سے پہلے اپنے طبیب (ڈاکٹر) سے ضرور مشورہ کیجئے۔ (یہ مضمون ایک ماہر حکیم صاحب سے بھی چیک کروایا گیا ہے)

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭…ماہنامہ فیضان مدینہ،باب المدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code