یرقان میں مفید غذائیں

یَرقان، جوائنڈس (Jaundice) اور ہیپاٹائٹس اے (’’A‘‘Hepatitis) یہ سب ایک ہی مَرَض کے مختلف نام ہیں۔ اس مرض میں جِلد (Skin) ، آنکھوں کے سفید حصّے اور جسم میں موجود مختلف جھلیوں وغیرہ کا رنگ پیلا ہوجاتا ہے۔ اسی وجہ سے یرقان کو پیلیا کا نام بھی دیا جاتا ہے۔ یہاں ایسی چند غذاؤں کا ذکر کیا جارہا ہے جن کا استعمال یرقان کے مریضوں کے لئے مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

گنّا (Sugarcane):گنّا ہاضِمے کے لئے اچّھا ہوتا ہے اور یہ جِگر(Liver) کے کام کو مزید بہتر بناتا ہے جب کہ روزانہ گنے کا ایک گلاس جُوس پینے سے یَرقان کا مریض تیزی سے اس مرض سے چُھٹکارا حاصل کر سکتا ہے۔

مُولی کے پتے (Radish leaves):پیلیا سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلئے مولی کے پتوں کا استعمال بھی کارآمد ثابت ہو سکتا ہے کیوں کہ اس کے پتوں میں ایسے مُرَکّبات (Compounds) ہوتے ہیں جو آنتوں کی نَقْل وحَرَکت کو بہتر کرتے ہیں۔ روزانہ مولی کے پتوں کا رَس نکال کر ایک گلاس پیا جائے تو یرقان کا علاج جلد ممکن ہے۔

لیموں(Lemon):لیموں پیلیا کے مریضوں کیلئے بہت مفید ہوتا ہے یہ جِگر کے خلیات (Cells) کو کسی بھی نقصان سے محفوظ رکھتا ہے ۔اس کی سِکَنّج بِین بناکر بھی پی جاسکتی ہے۔

پالک(Spinach):پالک میں آئرن (Iron) کی مقدار کثرت سے ہوتی ہے لہٰذا پالک کا جوس بھی پیلیا کے مریضوں کے لئے ایک مؤثر گھریلو علاج ہو سکتا ہے جب کہ پالک کے پتوں کے ساتھ گاجَر کا استعمال بھی مفید ثابت ہے۔

چَھاچھ(Buttermilk):چھاچھ جسم میں کسی قسم کی چربی نہیں بناتا اس لئے یہ بھی ہاضِمے کے لئے ایک بہترین مَشْرُوب ہے جس میں نمک اور کالی مِرچ اور زِیرے کی ایک چُٹکی ڈال کر روزانہ پینے سے یرقان کے مریض کو اس بیماری سے نجات حاصل ہوسکتی ہے۔

احتیاط:یرقان کی بیماری میں مریض کو بھوک کم لگتی ہے۔ اس دوران زیادہ ثَقِیل(بھاری)، مُرغَّن(تلی ہوئی تیز مرچ مصالحے والی) اور پروٹین والی غذاؤں سے بالکل پرہیز کرنا چاہئے۔ مریض کو سبز پتوں والی اور تازہ سبزیاں بغیر گھی کے اُبال کر کھانی چاہئیں کیونکہ زیادہ گھی کا استعمال بھی خطرناک ہوسکتا ہے۔ ایسی حالت میں پینے والی اشیا مثلاً فریش جوس، کچی لسّی(یعنی دودھ میں پانی ملا کر)، گلوکوز وغیرہ زیادہ استعمال کریں۔ یرقان کے مریض پھل کا استعمال بھی بکثرت کریں۔

نوٹ:تمام غذائیں استعمال کرنے سے پہلے اپنے طبیب(Doctor) سے مشورہ ضرورکر لیجئے۔

اس مضمون کی طبّی تفتیش حکیم رضوان فردوس عطّاری نے کی ہے۔

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭…محمد عمر فیاض عطاری مدنی

٭…ذمہ دار شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز ،کراچی 


Share

Articles

Comments


Security Code