جلوس

ننھے میاں کی کہانی

جلوس

* ابوعبید عطاری مدنی

ماہنامہ ربیع الاول1442ھ

عصر کی نماز پڑھ کر ننّھے میاں اپنے ابو کے ساتھ مسجد سے واپس آرہے تھے کہ اچانک ننھے میاں ابو سے کہنے لگے : ابو آپ کو پتا ہے! آج اسکول میں میرا دوست سلیم کہہ رہا تھا کہ دو دن بعد 12ربیعُ الاوّل ہے ، جی ہاں بیٹا! آپ کے دوست نے یہ بات تو ٹھیک بتائی ہے واقعی دو دن بعد 12ربیعُ الاوّل ہے ، ننھے میاں نے پھر کہنا شروع کیا ، ابو! سلیم یہ بھی کہہ رہا تھا کہ وہ اپنے ابو کے ساتھ پچھلے سال جلوس میں بھی گیا تھا وہاں کچھ لوگ ٹافیاں ، بسکٹ اور جوس کے ڈبے وغیرہ بچّوں کو دے رہے تھے ، سلیم نے بھی بہت ساری چیزیں جمع کرلیں پھر گھر آ کر مزے مزے سے کھائیں وہ کہہ رہا تھا کہ اس سال بھی وہ جلوس میں جائے گا ، ابو کیا اس بار آپ مجھے اپنے ساتھ جلوس میں لے جائیں گے؟ ابو نے کہا : میں تو آپ کو پچھلے سال ہی جلوس میں لے جاتا  لیکن آپ پچھلے سال بیمار ہوگئے تھے ، اللہ پاک نے چاہا تو اس سال آپ کو ضرور عید میلادُ النبی کے جلوس میں لے جاؤں گا۔ گھر میں داخل ہوکر ننھے میاں سیدھے دادی کے پاس پہنچ گئے اور سلام کرنے کے بعد کہنے لگے : دادی! ابو نے کہا ہے کہ وہ مجھے 12ربیعُ الاوّل کے جلوس میں لے جائیں گے۔ مَا شَآءَ اللہ! یہ تو بہت اچھی بات ہے لیکن آپ وہاں جاکر کیا کریں گے؟ دادی نے پوچھا تو ننّھے میاں کہنے لگے : دادی! آپ کو پتا ہے وہاں اور بھی بچے ہوتے ہیں ، لوگ ان بچّوں میں ٹافیاں ، چاکلیٹس اور بسکٹس بانٹتے ہیں ، دادی نے پھر پوچھا : اور کیا کیا ہوتا ہے وہاں؟ ننھے میاں کہنے لگے : وہاں بچوں کو جوسز بھی ملتے ہیں۔ دادی نے پھر سوال کیا : اتنی ساری چیزیں کھاکر کیا آپ بیمار نہیں پڑجائیں گے؟ ننھے میاں نے کہا : ارے! یہ تو میں نے سوچا ہی نہیں ، آپ بتائیے نا دادی! کیا پھر میں ابو کے ساتھ جلوس میں نہیں جاؤں؟ دادی نے ننھے میاں کو سمجھاتے ہوئے کہا : آپ جلوس میں ضرور جائیے اور جو چیزیں وہاں آپ کو ملیں تو ان میں سے ایک دو چیزیں وہیں کھا لیجئے گا باقی کو اپنے ساتھ گھر لے آئیے گا اور تھوڑا تھوڑا کرکے کھاتے رہئے گا اس طرح آپ کے دانت بھی خراب نہیں ہوں گے اور صحت بھی ٹھیک رہے گی۔ لیکن یہاں میں آپ کو ایک ضروری بات بتادوں ، جلوس میں اس لئے نہیں جانا چاہئے کہ وہاں اتنی ساری چیزیں ملیں گی ، دادی سانس لینے کے لئے رکیں تو ننھے میاں نے فوراً سوال کیا : پھر جلوس میں  کیوں جاتے ہیں؟ دادی کہنے لگیں : 12ربیعُ الاوّل کو ہمارے پیارے نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پیدا ہوئے تھے اور ہمیں اپنے نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے بے حد پیار ہے اب جب بھی 12ربیعُ الاوّل کا برکت والا دن آتا ہے تو مسلمان اس دن خوب خوشیاں مناتے ہیں ، گھر کو ، گلی محلے کو اور  مسجدوں کو سجاتے ہیں ، رات کو اللہ پاک کی خوب  عبادت کرتے ہیں ، نبی پاک پر دُرود شریف پڑھتے ہیں اور اگلے دن  جلوس نکالتے ہیں اور جلوس میں بھی اپنے نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر دُرود و سلام بھیجتے ہیں ، جلوس میں کوئی عالمِ دین ہوں تو وہ ہمارے پیارے نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کے بارے میں اچھی اچھی باتیں بتاتے رہتے ہیں ، اس سے پیارے نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی محبت اور زیادہ بڑھتی ہے اور آخر میں سب مسلمانوں کے لئے اچھی اچھی دعائیں بھی کی جاتی ہیں ، اس دوران کچھ لوگ ثواب پانے کے لئے بچّوں اور بڑوں میں چیزیں بھی بانٹتے رہتے ہیں۔ دادی کی باتیں سُن کرننھے میاں اپنا سر ہلاتے ہوئے کہنے لگے : اچھا! تو اس لئے جلوس میں جاتے ہیں ، دادی! آپ کی یہ باتیں میں کل اسکول میں سلیم کو بھی بتاؤں گا اور اس سے کہوں گا کہ صرف چیزیں لینے کے لئے جلوس میں مت جانا ، وہاں جاکر دُرود پاک بھی پڑھتے رہنا ہے۔ اتنے میں ابو کی آواز آئی : ننھے میاں کہاں ہو؟ آجاؤ مغرب کی نماز پڑھنے مسجد چلتے ہیں ، ابو کی آواز سنتے ہی ننھے میاں فوراً کمرے سے باہر نکل آئے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ* ماہنامہ  فیضانِ مدینہ ، کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code