اپنے بچوں کا قراٰن سے تعلق جوڑئیے

ماں باپ کے نام

اپنے بچوں کا قراٰن سے تعلق جوڑئیے

*مولانا آصف جہانزیب عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ مئی2023

ذرا تصور کیجیے !

 قیامت قائم ہو چکی ہے ، حضرت آدم علیہ السّلام سے لے کر آخر تک کے تمام لوگ میدانِ محشر میں جمع ہیں ، لوگوں کا حساب کتاب ہو رہا ہے ، پھر لوگوں کے اس مجمع میں جہاں نیک و بد ، کافر و مسلم سب جمع ہیں وہاں آپ کے سر پر ایک چمکتا دمکتا تاج رکھا جاتا ہے ، جس ک       ی روشنی سورج کی روشنی سے اچھی ہوگی۔

 (  ابوداؤد ، 2 / 100 ، حدیث : 1453 ماخوذاً )  

اس وقت آپ کیسا محسوس کر رہے ہوں گے ! یقینا ًآپ کی خوشی کی کوئی انتہا نہیں ہوگی ، جس وقت ہر شخص کو اپنے حساب کتاب کی فکر ہوگی اس وقت آپ کا یہ اعزاز و اکرام انتہائی خوشگوار ہوگا۔

 ہم میں سے ہر ایک یہ چاہے گا کہ قیامت والے دن ہمیں بھی یہ اعزاز حاصل ہو ، قیامت والے دن ہمارا بھی اکرام ہو اور ہماری بھی بخشش ہو۔ ہمیں بھی یہ سعادت حاصل ہو سکتی ہے ، ہمارے سروں پر بھی یہ عالی شان تاج رکھا جا سکتا ہے ، اس کے لئے ہمیں ایک کام کرنا ہو گا ، اپنا اور بالخصوص اپنی اولاد کا قراٰنِ کریم سے تعلق مضبوط کرنا ہوگا۔ ان کے دلوں میں قراٰنِ کریم کی محبت داخل کر نی ہوگی۔انہیں قراٰن پڑھنے والا اور اس پر عمل کرنے والا بنانا ہوگا ، پھر اللہ  کی رحمت سے ہم بھی اس اعزاز و اکرام کے اہل ہوں گے۔ہم بھی اپنی اولاد کا قراٰنِ کریم سے تعلق جوڑ سکتے ہیں ، اس کے لئے ہمیں اپنی اولاد کے دل قراٰنِ کریم سے جوڑ نے کی کوشش کرنی پڑے گی اور اولاد کے دل قراٰنِ کریم سے کیسے جڑیں گے ؟ اس کے لئے چند نکات ملاحظہ فرمائیے :

 ( 1 ) یہ بات یقینی ہے کہ بچہ والدین کو دیکھ کر زیادہ سیکھتا ہے ، لہٰذا پہلے والدین خود اپنا تعلق قراٰن سے مضبوط کریں ، تلاوتِ قراٰن کی عادت بنائیں ، قراٰنِ پاک کے ترجمہ و تفسیر کا مطالعہ کریں اور اس کے احکامات پر عمل کرنے کی کوشش کریں ، جب بچے آپ کو یہ کام کرتا دیکھیں گے تو یہ ان کا قراٰن سے محبت کا پہلا عملی سبق ہوگا۔

 ( 2 ) بچّوں کے دلوں میں واقعات کے ذریعے ، احادیث کے ذریعے اور کہانیوں کے ذریعے قراٰنِ پاک کی محبت اور عظمت پیدا کیجئے تاکہ ان کے ذہنوں میں قراٰن کی محبت بھی پیدا ہو ، ان کے ذہن میں بھی یہ بات راسخ ہوجائے کہ قراٰنِ کریم کوئی معمولی کتاب نہیں بلکہ بہت عظیم الشّان کتاب ہے ، اس کے سیکھنے میں دنیا و آخرت کی بھلائی ہے۔اس طرح بچّے رغبت سے اس سعادت کو حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔

 ( 3 ) قراٰن پڑھانے کو بھی اہمیت دیجئے جیسے دنیاوی تعلیم کو دی جاتی ہے ، ہمارے ہاں اکثر طور پر قراٰن کی تعلیم کو ثانوی حیثیت دی جاتی ہے ، جس کی وجہ سے بچوں کے دلوں سے شروع سے ہی قراٰن کی عظمت نکل جاتی ہے اور بعد میں قراٰن سے بمشکل ہی تعلق جڑتا ہے۔

 ( 4 ) بچوں سے قراٰنِ پاک کے بارے میں چھوٹے چھوٹے سوالات پوچھئے ، صحیح بتانے پر کوئی انعام دیجئے تاکہ قراٰنی معلومات کا بھی ذہن بنے۔ مثلاً سب سے چھوٹی سورت کون سی ہے ؟ سب سے بڑی سورت بتائیے ؟ پہلی سورت کا نام بتائیے ؟ آخری سورت کون سی ہے ؟

 ( 5 ) بچوں سے کوئی کام زبردستی نہ کروائیے بلکہ پیار محبت سے انہیں تعلیمِ قراٰن کی طرف مائل کیجئے۔

 ( 6 )  جب بچے کو قراٰنِ کریم پڑھانے کا ارادہ کر لیا جائے تو اپنے گھر کا ماحول بھی پاکیزہ ، صاف ستھرا اور شور و غل سے پاک رکھا جائے تاکہ اس سکون و اطمینان والے ماحول کا بچے پر مثبت اثر پڑے۔

 ( 7 )  بچہ جب قراٰن پڑھنے کا سلسلہ شروع کردے تو اس کے ذہن میں یہ بات بٹھائیے کہ یہ کام بہت عظیم ہے اور جو اس کام میں لگ جاتے ہیں انہیں اخلاقی برائیوں مثلاً جھوٹ ، غیبت ، چغلی ، دھوکا وغیرہ سے دور رہنا چاہئے ، اس سلسلے میں عملی طور پر خود کو بھی بچائیے اور اپنی اولاد کو بھی ان اخلاقی برائیوں سے بچانے کی بھرپور کوشش کیجئے۔

محترم والدین ! جب آپ بچے کے دل میں قراٰن کی اہمیت اور عظمت بٹھانے میں کامیاب ہو گئے تو پھر آپ کو اس پر مزید محنت کی ضرورت نہیں پڑے گی ، لیکن بچے کو اس مقام تک پہنچانے کے لئے خود بھی کوشش کرنی پڑے گی اور ان نکات پر بچوں سے بھی پابندی کروانی پڑے گی۔

نوٹ : قراٰنِ کریم سے اپنا اور اپنے بچوں کا تعلق مضبوط کرنے کے لئے تفسیر صراط الجنان سے ترجمہ و تفسیر پڑھنا اور قراٰنی فضائل پر مشتمل مکتبۃ المدینہ کی کتاب ” تلاوت کی فضیلت   “ کا مطالعہ بے حد مفید رہےگا۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، شعبہ بچوں کی دنیا   چلڈرنزلٹریچر    المدینۃ العلمیہ   Islamic Research Center


Share

Articles

Comments


Security Code