ماں باپ کے نام

چھوٹی چھوٹی باتیں اور بڑے بڑے فائدے

* مولانا آصف جہانزیب عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ مئی2022ء

بچّے  پیارے   ہوتے ہیں ، ان کا بولنے کا انداز اور کھیل کُود کرنا دیکھنے والوں کو بھاتا ہے ، بہت سے لوگوں کی نظریں بھی ان پر پڑتی ہیں اور اس صورت میں   انہیں نظرِ بد لگ جانے کا امکان لاحق رہتا ہے۔

 نظرِ بد سے بچنے کا ایک طریقہ  یہ  بھی  ہے  کہ مائیں جب بچّے کو نہلا دُھلا کر تیار کر تی ہیں تو اس کے چہرے پر سرمے کا ٹیکا لازمی لگاتی ہیں۔ یہ اہتمام اس لئے ہوتا ہے تاکہ ان کا بچّہ بری نظر سے محفوظ رہے ۔

ٹھیک ہے ، بہت اچھی بات ہے کہ بچّے کی حفاظت کا اہتمام کیا جائے ، لیکن یہ اہتمام اس وقت تک ہو تا ہے جب تک بچّہ والدین کی دَسْتْرس میں ہو۔ جب بچّہ 6 یا 7 سال کا ہوگیا ، اب وہ ہر وقت والدین کی نظروں کے سامنے نہیں رہتا۔ اس کے لئے والدین کو ایک کام کرنا ہو گا  وہ  یہ کہ  والدین اپنے بچّے کو اس قابل بنا دیں کہ وہ ان پریشانیوں سے اپنی حفاظت کر سکے۔ اس کا ایک حل یہ  ہے  کہ  وہ اپنے بچّوں کو روز مرہ کے معمولات کی ضروری ضروری دعائیں سکھائیں ، نہ صرف سکھائیں  بلکہ یہ دعائیں پڑھنا ان کی عادت بنادیں مثال کے طور پر :

(1)عام طوپر واش روم میں شریر جنات ہو تے ہیں ، اگر بچّے واش روم جانے سے پہلے واش روم جانے کی دعا[1] پڑھ لیں تو اِن شآءَ اللہ  بچّے ان گندی چیزوں کے اثرات سے محفوظ رہیں گے کیونکہ ہمارے پیارے نبی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے ارشاد فرمایا : * دعا اللہ پاک کے لشکروں میں سے ایک لشکر ہے۔ (جامع صغیر ، ص259 ، حدیث : 4263) اور فرمایا* دعا مومن کا ہتھیار ہے۔ (مستدرک ، 2 / 164 ، حدیث : 1861)

(2) بچّوں کا دن میں کئی بار گھر سے باہر آنا جانا بھی ہوتا ہے ، ہر کسی کی نظر بھی بچّے پر پڑتی ہے ۔ ایسے میں کسی کی بری نظر بھی لگ سکتی ہے نیز خدا نخواستہ کوئی بھی حادثہ پیش آسکتا ہے ، لہٰذا اگر بچّے گھر سے نکلنے کی  دعا[2]پڑھ لیں تو اللہ پاک کی رحمت سے قوی امید ہے کہ وہ نظر بد اور حادثات وغیرہ سے محفوظ رہیں گے ۔

 (3) بچےّ وین وغیرہ میں اسکول جاتے ہیں تو وہ سواری کی دعا[3] پڑھنے کی عادت بنا لیں ، اس طرح بچّوں کا پورا سفر حفاظت سے گزرے گا ۔ اِن شآءَ اللہ

اسی طرح روز مَرَّہ کے معمولات کی  دعائیں ہیں  جیسے صبح شام کی دعائیں ، کھانے پینے اور سونے جاگنے کی دعائیں وغیرہ۔

دیکھنے میں تو یہ چھوٹی چھوٹی باتیں ہیں لیکن ان کے فوائد بڑے ہیں ، ان دعاؤں کی برکت سے اللہ پاک کی رحمت ہر وقت شاملِ حال رہتی ہے۔ اگر بچّے کو ان معمولات کے وقت کی دعائیں یاد ہوں اور یہ دعائیں پڑھنا بچّوں کی عادت میں بھی شامل ہوں تو یقینا ً آپ کا بچّہ ان دعاؤں کی برکت سے بہت سی آفات سے محفوظ ہو جائے گا۔ لہٰذاہمیں چاہئے کہ ہم اپنے بچّوں کو روز مرہ کے معمولات کی دعائیں سکھائیں ، انہیں ان کے فوائد بتائیں اور بچّوں کو یہ دعائیں پڑھنے کا عادی بنائیں ، تاکہ بچّہ ان دعاؤں کی برکت سے ناگہانی آفات سے محفوظ رہے ۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، شعبہ بچوں کی دنیا (چلڈرنزلڑریچر)المدینۃ العلمیہ ، کراچی



[1] اَللّٰھُمَّ اِنِّیْ اَعُوْذُ بِكَ مِنَ الْخُبُثِ وَالْخَبَآئِثِ

[2] بِسْمِ اللّٰہِ تَوَکَّلْتُ عَلَی اللّٰہِ لَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللّٰہِ

[3] اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ سُبْحٰنَ الَّذِیْ سَخَّرَ لَنَا ھٰذَا وَمَا  کُنَّا لَہٗ  مُقْرِنِیْنَ وَ اِنَّا اِلٰی رَبِّنَا  لَمُنْقَلِبُوْنَ۔


Share

Articles

Comments


Security Code