مدنی مذاکرے کے سوال جواب

ماہنامہ اپریل 2022

(1) کیا زکوٰۃ صِرف رقم سے ہی ادا ہوتی ہے؟

سُوال : میرے پاس گھر میں زیورات ہیں جن کی زکوٰۃ کی رقم 9925 روپے بن رہی ہے حالانکہ میری کل تنخواہ ہی 14000 روپے ہے میں اِس حوالے سے کیا کروں میری اتنی تنخواہ نہیں ہے اگر یہ زکوٰۃ میں دے دی تو میرے پاس کوئی خاص رقم نہیں بچے گی؟

جواب : زکوٰۃ دینا فرض ہے اگر سونے کی مقدار زیادہ ہے تو سونا بھی زکوٰۃ میں دیا جا سکتا ہے یوں ہی کپڑے اور اناج بھی زکوٰۃ میں دیئے جا سکتے ہیں۔ یاد رکھئے! زکوٰۃ فرض ہے اور ادا کرنا لازم ہے ، نہیں دیں گے تو گناہ گار ہوں گے۔ جب اللہ پاک کی راہ میں یہ مال خرچ کریں گے تو وہ اس میں بَرکت دے گا اور اِنْ شَآءَ اللہ تنخواہ بڑھ جائے گی بلکہ اپنا کاروبار ہو جائے گا۔ اس میں سلامتی کی راہ یہ ہے کہ پیشگی(یعنی ایڈوانس)سارا سال تھوڑی تھوڑی رَقم زکوٰۃ کی مد میں دیتا رہے اس طرح زیادہ رقم بھی ایک ساتھ نہیں دینا پڑے گی اور بآسانی زکوٰۃ بھی ادا ہوجائے گی۔ (مدنی مذاکرہ ، 5شوال المکرم1440ھ)

(2)حضورغوثِ پاک کی وِلادت

سُوال : حضورغوثِ پاک رحمۃُ اللہِ علیہ کی وِلادتِ مُبارَکہ کب ہوئی؟

جواب : مىرے مُرشِد ، حُضور غوثِ پاک رحمۃُ اللہِ علیہ پہلی رَمَضانُ الْمُبَارَک کو پىر کے دِن صُبحِ صادق کے وقت دُنىا مىں جَلوہ گَر ہوئے اور اس وقت آپ رحمۃُ اللہِ علیہ کے ہونٹ آہستہ آہستہ ہِل رہے تھے اور زبان پر “ اللہ ، اللہ “ جاری تھا۔ آپ رحمۃُ اللہِ علیہ کی وِلادت چونکہ رَمَضانُ الْمُبَارَک میں ہوئی اِس لئے آپ رحمۃُ اللہِ علیہ نے پہلے دِن سے ہى روزہ رکھا۔ آپ رحمۃُ اللہِ علیہ  سحرى سے لے کر اِفطار تک ىعنى صبحِ صادق سے لے کر غروبِ آفتاب تک اپنی اَمّى جان  رحمۃُ اللہِ علیہا  کا دُودھ نہ پىتے تھے۔ چنانچہ سَیِّدُنا غَوْثُ الثَّقَلَیْن ، شىخ عبدُالقادر جىلانى رحمۃُ اللہِ علیہ  کى والدۂ ماجدہ  رحمۃُ اللہِ علیہا  فرماتى ہىں : جب مىرا بىٹا عبدُالقادر پىدا ہوا تو رَمَضان شرىف مىں دِن بھر دُودھ نہ پىتا تھا۔ (الحقائق فی الحدائق ، ص139 ، بہجۃ الاسرار ، ص172-مدنی مذاکرہ ، 29ربیع الاول1440ھ)

غوثِ اعظم مُتَّقِى ہر آن مىں

چھوڑا ماں کا دُودھ بھى رَمَضان مىں

(3)پلاسٹک کى گھڑی پہن کر نماز پڑھنے کا شرعی حکم

سُوال : اگر پلاسٹک کى بنى ہوئى گھڑى پہنى ہوئی ہو تو کیا نماز ہو جائے گى؟

جواب : گھڑی اگرچہ لوہے کی پہنی ہوئی ہو تب بھی نماز ہوجائے گى۔ (مدنی مذاکرہ ، 6رمضان المبارک1440ھ)

(4)تایا ابو کى اَولاد محرم ہے یا غیر محرم؟

سُوال : تاىا ابو کى اَولاد محرم ہے ىا غیر محرم؟

جواب : تاىا ابو اور چچا کى اولادىں ىہ آپس مىں نا محرم ہىں ، ان کى شادىاں آپس مىں جائز ہىں اور ان کے درمیان پردہ بھی ہے۔ (فتاویٰ رضویہ ، 11 / 413 ، 414-مدنی مذاکرہ ، 12شوال المکرم1440ھ)

(5)نماز و روزہ دوسرے کی طرف سے ادا نہیں ہو سکتے

سُوال : رَمَضانُ الْمُبارَک میں طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے میری والدہ کے چار روزے چھوٹ گئے تھے ، اب میں نے اپنی والدہ سے عرض کیا ہے کہ میں آپ کی طرف سے چار روزے رکھوں گا تو میں شوّال کے چھ روزے رکھنے کے بعد چار روزے رکھوں یا پہلے بھی رکھ سکتا ہوں؟

جواب : نماز اور روزے مىں کسى کى نِىابت نہىں ہو سکتى(در مختار ، 4 / 17) ىعنى ایک دوسرے کا قائم مقام نہىں ہوسکتا کہ اىک کے بدلے دوسرا کر لے ، لہٰذا بیماری کی وجہ سے آپ کی والدہ کے جو چار روزے چھوٹے ہىں ان کی قضا فرض ہے۔ جب وہ روزہ رکھنے کے قابل ہو جائىں تو انہیں خود یہ روزے رکھنے ہوں گے اور ان کے بدلے کوئى دوسرا قضا نہىں کر سکتا۔ اگر آپ کی امی شوّال کے چھ روزے رکھتى ہىں تو بہتر ىہى ہے کہ پہلے چار روزے قضا کرلىں پھر اس کے بعد شوّال کے چھ روزے رکھ لىں۔ اللہ پاک آپ کی والدہ کو برکت و صحت دے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خاتَمِ النّبیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم (مدنی مذاکرہ ، 5شوال المکرم 1440ھ)

(6)حضرتِ جبریل امین علیہ السّلام کے پَروں کی تعداد

سوال : حضرتِ سَیِّدُنا جبرىل امین علیہ السّلام کے مبارک پَروں کی تعداد کتنی ہے؟

جواب : فتاوىٰ رضوىہ شرىف کی جلد 23 مىں ہے : حضرتِ سَیِّدُنا جبرىل علیہ السّلام کے 600 پَر ہىں۔

(مسلم ، ص93 ، حدیث : 432-فتاویٰ رضویہ ، 23 / 441-مدنی مذاکرہ ، 5شوال المکرم1440ھ)

(7)برف سے تیمم کا شرعی حکم

سُوال : کىا برف سے تىمم ہو سکتا ہے؟

جواب : جى نہىں! تىمم زمین ىا زمین کى جنس ىعنى جو چیز بھى زمین کى قسم سے ہو اس سے تىمم ہو سکتا ہے۔ (خلاصۃ الفتاویٰ ، 1 / 35) مٹى کے برتن سے بھی تیمم ہوسکتا ہے لیکن اگر مٹى کے برتن پر پگھلے ہوئے کانچ کى ىا کسی اور چیز کی چکنى تہ چڑھی ہوئى ہو تو اس سے تىمم نہىں ہو سکتا۔ مٹی کے برتن کا باہر والا وہ حصہ جو رکھتے وقت زمین سے ملا ہوتا ہےاس پر تہ نہىں چڑھى ہوتى تو اس حصے پر ہاتھ پھیر کر تىمم کىا جا سکتا ہے۔ (مدنی مذاکرہ ، 5شوال المکرم1440ھ)

(8)لکڑى کے دَروازے پر نام لکھنا یا لکھوانا کیسا؟

سُوال : بعض لوگ ہم سے لکڑى کے دَروازے پر اپنا نام لکھواتے ہىں ، کىا انہیں نام لکھ کر دىنے سے ہم گناہ گار ہوں گے؟

جواب : لکڑى کے دَروازے پر نام لکھنا ىا لکھوانا گناہ نہىں ہے۔ (مدنی مذاکرہ ، 6رمضان المبارک1440ھ)

(9)کیا مسجد کے اِرد گِرد تھوکنا منع ہے؟

سُوال : کیا مسجد کے باہر چالیس قدم تک تھوکنا منع ہے؟

جواب : یہ بات دُرست نہیں ہے۔ مسجد کی عمارت میں وُضو خانہ ہوتا ہے اس میں تھوکا جاتا ہے اور بَیتُ الخَلا (یعنی واش روم) بھی تو ہوتے ہیں۔ اگر چالیس قدم تک تھوکنے کی قید لگادی جائے تو لوگ تکلیف میں آجائیں گے لہٰذا اپنی طرف سے ایسی کوئی پابندی یا مسئلہ بیان نہیں کرنا چاہئے۔ (مدنی مذاکرہ ، 12شوال المکرم1440ھ)


Share

Articles

Comments


Security Code