نمازکےبعدآیۃُالکرسی کب پڑھیں؟

مدنی مذاکرے کے سوال جواب

ماہنامہ صفر المظفر1442ھ

(1)نماز کے بعد آیۃُ الکُرسی کب پڑھیں؟

سوال:حدیثِ پاک([1])میں نماز کے بعد آیۃُ الکُرسی پڑھنے کی ترغیب ارشاد فرمائی گئی ہے، یہ فرضوں کے بعدپڑھناچاہئے یا سنّتوں وغیرہ کے بعد؟

جواب:فرضوں کے بعد طویل ذِکْر و اَذْکار کرنے سے منع فرمایا گیا ہے مگر آیۃُ الکرسی طویل نہیں ہے اسے فرضوں کے بعد پڑھ سکتے ہیں، نیز جن نمازوں میں فرضوں کے بعد سنتیں وغیرہ ہیں جیسے ظہر،مغرب اور عشا ان میں سنتیں وغیرہ پڑھنے کے بعد بھی پڑھ سکتے ہیں۔(مدنی مذاکرہ،6ربیع الاوّل1441ھ)

(2)روٹی سے ہاتھ صاف کرنا کیسا؟

سوال:بعض لوگ کھانا کھاتے ہوئے روٹی سے ہاتھ صاف کرتے ہیں، ایسا کرنا کیسا ہے؟

جواب:روٹی سے ہاتھ صاف کرنا ادب کے خلاف ہے۔(مدنی مذاکرہ،26ربیع الاوّل1441ھ)

(3)کالی بلی اور بدشگونی

سوال:بعض لوگ کالی بلی سے بدشگونی لیتے ہیں، کیا اس سے نقصان کا اندیشہ ہوتا ہے؟

جواب:(بعض لوگ) ىہ بدشگونی لىتے ہىں کہ جب کہیں (سفر پر) جارہے ہوتے ہىں اور سامنے سے کالى بلى گزرجائے تو وہ واپس آجاتے ہیں کہ کوئی حادثہ یا نقصان وغیرہ ہوجائے گا۔ اس طرح بدشگونی لینا ناجائز و حرام ہے، بدشگونی نہیں لینی چاہئے البتہ اچّھا شگون لے سکتے ہىں، جیسے صبح کسی کام سے گھر سے نکلے اور کسى نىک نمازى آدمی سے ملاقات ہوگئی تو اب اچھا شگون لے سکتے ہیں کہ مَا شَآءَ اللّٰہ آج صبح صبح نىک آدمی ملا ہے اِنْ شَآءَ اللہ آج کا دن اچھا گزرے گا، ىہ نىک شگون لىنا  جائز ہے۔(مدنی مذاکرہ،30ربیع الاوّل1441ھ)

(بَدشُگُونی کے بارے میں مزید جاننے کے لئے مکتبۃُ المدینہ کی کتاب ”بَد شُگُونی“ پڑھئے)

(4)باوُضو سونے کی فضیلت

سوال:جب ہم رات کو سوجاتے ہیں تو ہماری روح کہاں چلی جاتی ہے؟

جواب:جب کوئی باوُضو سوتا ہے تو اس کی روح کو عرش تک لے جایا جاتا ہے۔

(قوت القلوب، 1/76-مدنی مذاکرہ،19ربیع الاول1441ھ)

(5)دوپٹا اور نماز

سوال:عورت کا بغیر دوپٹے کے نماز پڑھنا کیسا ہے؟

جواب:عورت کو نماز میں سَر کے بال چھپانا فرض ہے، ننگے سَر نماز پڑھنے کی اجازت نہیں ہے اگر ننگے سَر نماز پڑھے گی تو نماز نہیں ہوگی، اسی طرح اتنا باریک دوپٹا اوڑھ کر نماز پڑھنا جس سے بالوں کی سیاہی (یا رنگت) نظر آرہی ہو تو بھی نماز نہیں ہوگی۔ عورت کو دوپٹا یا چادر اتنی موٹی اوڑھ کر نماز پڑھنی چاہئے کہ سَر کے بالوں کی سیاہی (یا رنگت) ظاہر نہ ہو۔ (مدنی مذاکرہ،30ربیع الاوّل1441ھ)

(6)منہ بولی بہن سے پردہ

سوال:میں نے ایک لڑکی کو اپنی بہن بنایا ہے اور میرا اس کے ساتھ اٹھنا بیٹھنا سگی بہنوں کی طرح ہے، کیا یہ جائز ہے؟

جواب:منہ بولی بہن سے بھی پردے کا حکم ہے اس کے ساتھ اٹھنا بیٹھنا جائز نہیں ہے۔([2]) کسی کو بہن بنانے سے وہ حقیقی سگی بہن نہیں بن جائے گی، اس سے شادی بھی جائز ہے لہٰذا اس سے پردہ کرنا ضَروری ہے۔ (مدنی مذاکرہ،05ربیع الاوّل1441ھ)

(پردے کے بارے میں تفصیلی اَحکام جاننے کے لئے مکتبۃُ المدینہ کی کتاب ”پردے کے بارے میں سوال جواب“ پڑھئے)

(7)ولیمہ کب کرنا سنّت ہے؟

سوال:ولىمہ کرنا سنّت ہے، اگر کوئی کسی وجہ سے ولىمہ نہىں کرسکا اور شادى کو پانچ سال گزر گئے ہوں اور اب وہ ولىمہ کرنا چاہے تو کرسکتا ہے یا نہىں؟

جواب:پہلى رات گزارنے کے بعد دو دن کے اندر اندر ولیمہ کرنا سنّت ہے، شادی کے پانچ سال بعد ولیمے کی سنت ادا نہیں ہوگی کیونکہ اب ولیمہ کرنے کا وقت نہیں رہا۔ بعض لوگ دھوم دھام سے ولیمہ کرنے کے لئے ولیمے کا وقت نکال دیتے ہیں، ایسا نہیں کرنا چاہئے، اس کے لئے کارڈ چھپوانا، شامىانے لگوانا ىا ہال بُک کروانا، دو چار کھانے پکوانا کوئی شرط نہىں ہے، آپ دو چار دوستوں کو جمع کرکے کوئی بھی سادہ غذا ولىمے کى  نىّت سے کھلا دىں، ولیمہ ہوجائے گا۔(مدنی مذاکرہ،30ربیع الاوّل1441ھ)

(8)مسجد میں اسپرے کرنا کیسا؟

سوال:کیا مسجد میں مچھر مار اسپرے یا کوائل استعمال کرسکتے  ہیں؟

جواب:اگر اس میں بدبو نہ ہو اور نقصان بھی نہیں پہنچاتا ہو تو کرسکتے ہیں۔(مدنی مذاکرہ،30ربیع الاوّل1441ھ)

(9)کیا اپنی محنت سے ولایت حاصل کی جاسکتی ہے؟

سوال:ولایت کب اور کیسے ملتی ہے؟

جواب:ولایت صرف و صرف اللہ پاک کی عطا سے ملتی ہے، ولایت وہبی یعنی عطائی ہے کسبی نہیں ہے یعنی کوئی محنت و کوشش کرکے ولایت حاصل نہیں کرسکتا کہ میں خوب نیک اعمال یا عبادت کرلوں اور مجھے ولایت مل جائے، ایسا نہیں ہے۔ بعض کو پیدا ہوتے ہی اللہ پاک ولایت عطا فرما دیتا ہے جیسا کہ ہمارے مرشِد حُضور غوث پاک  رحمۃ اللہ علیہ  پیدائشی ولی تھے، جب آپ پیدا ہوئے تو آپ کی زبان پر اللہ اللہ جاری تھا (الحقائق فی الحدائق، 1/139ماخوذاً) اور آپ نے پیدا ہوتے ہی روزہ رکھ لیا تھا دن کے وقت میں اپنی والدہ کا دودھ نہیں پیا۔

(بھجۃُ الاسرار، ص172-مدنی مذاکرہ،30ربیع الاوّل1441ھ)

غوثِ اعظم متقی ہر آن میں

چھوڑا ماں کا دودھ بھی رمضان میں



([1]) حضرت علی کَرَّمَ اللہ وجہَہُ الکریم فرماتے ہیں:میں نے رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو منبر پر فرماتے سنا:جو ہر نَماز کے بعد آیۃُ الکُرسی پڑھ لے، اسے جنّت میں داخل ہونے سے کوئی چیز مانع نہیں سِوا موت کے (یعنی مرتے ہی جنّت میں چلا جائے)۔(شعب الایمان، 2/458، حدیث:2395 ملخصاً، بہارشریعت، 1/541)

([2])پردے کے بارے میں سوال جواب میں ہے:کسی کو باپ، بھائی يا منہ بولا بیٹا بنالينے سے وہ حقیقی باپ، بھائی اور بیٹا نہيں بن جاتا۔ ان سے تونِکاح بھی دُرُست ہے۔ ہمارے مُعاشَرے میں منہ بولے رشتوں کا رَواج عام ہے کوئی مرد کسی کو ”ماں“ بنائے ہوئے ہے، کوئی لڑکی کسی کو ”بھائی“ بنا بیٹھی ہے تو کسی خاتون نے کسی کو ”بیٹا“ بنا لیا ہے، کوئی کسی جوان لڑکی کا مُنہ بولا چچا ہے تو کوئی مُنہ بولا باپ اور پھر بے پردگی، بے تکلُّفی اور مخلوط دعوتوں وغیرہ کے گناہوں کا سیلاب اُمَڈ آتا ہے، اَلْاَمان وَالْحَفِیظ۔ کسی کے ساتھ منہ بولے رشتے قائم کرنے والوں اوروالیوں کو اللہ سے ڈرتے رہنا چاہئے۔ یقیناً شیطان پہلے سے بول کر وار نہیں کرتا۔ حدیثِ پاک میں آتا ہے:”دنیا اور عورَتوں سے بچو کیونکہ بنی اسرائیل میں سب سے پہلا فِتنہ عورَتوں کی وجہ سے اُٹھا۔“(مسلم، ص1124،  حدیث:6948 ، پردے کے بارے میں سوال جواب، ص67، 68ملخصاً)


Share

Articles

Comments


Security Code