نمازِ جنازہ میں میت کی دعا نہ پڑھی تو؟ مع دیگر سوالات

مدنی مذاکرے کے سوال جواب

ماہنامہ فیضانِ مدینہ اپریل 2024ء


(1)حمزہ نام کی تاثیر

سُوال: سنا ہے کہ حمزہ نام والے بچے بہت زیادہ طوفانی اور جلالی ہوتے ہیں، کیا یہ بات دُرست ہے؟

جواب: جب کبھی اس طرح کا سوال کرنا ہو تو بابرکت نام کے ساتھ کرنا مناسب نہیں ہے۔ بہرحال نام کی تاثیر ہوتی ہے مگر اس سوال والے  نام کو حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے چچا اور  پیارے صحابی حضرت حمزہ رضی اللہُ عنہ کےمبارک  نام سے نسبت حاصل ہے تو اس کی تاثیر اچّھی آئے گی، بُری نہیں۔ بہت زیادہ طوفانی، بہت زیادہ شرارتی اور جلالی بات بات پر غصہ کرنے والے کو بولتے ہیں تو حمزہ نام کی یہ تاثیر نہیں ہوسکتی۔ صحابی رسول کی نسبت سے برکت حاصل کرنے کے لئے یہ نام رکھیں، حمزہ  کے معنیٰ ہیں:شیر۔ اور یہ نام بہت سارے عاشقانِ صحابہ و اہلِ بیت کا ہوتا ہے، اَلحمدُ لِلّٰہ سوال میں کہی گئی بات کبھی نوٹ نہیں کی۔(مدنی مذاکرہ، 16شوال شریف 1444ھ)

(2)نمازِ جنازہ میں میت کی دُعا نہ پڑھی تو؟

سُوال: نمازِ جنازہ میں جو میت کے لئے دعا ہوتی ہے اگر وہ دُعا نہ پڑھی جائے تو نمازِ جنازہ ہوجائے گی؟

جواب: نمازِ جنازہ میں دُعا نہیں پڑھی تو نمازِ جنازہ ہوجائے گی، البتہ دعا یاد نہ ہو تو یہ دُعائے مَاثُورَہ ([1])  ”اَللّٰہُمَّ رَبَّنَاۤ اٰتِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَةً وَّ فِی الْاٰخِرَةِ حَسَنَةً وَّ قِنَا عَذَابَ النَّارِ “ پڑھ لے یا تین بار ”رَبِّ اغْفِرْلِیْ“ پڑھ لے، دُعا کی نیّت سے سورۂ فاتحہ بھی پڑھ سکتے ہیں، سنّت ادا ہوجائے گی، لیکن نمازِ جنازہ کی دُعا یاد کرنی چاہئے۔(بہار شریعت، 1/829، 835-مدنی مذاکرہ، 9شوال شریف 1444ھ)

(3)ماموں سُسر، چچا سسر اور ان کی اولاد سے پردہ

سُوال: کیا عورت کا اپنے ماموں سُسر(یعنی شوہر کے ماموں)، چچا سُسر (یعنی شوہر کے چچا)اور ان کی اولاد سے بھی پردہ ہوگا؟

جواب: جی ہاں! ماموں سُسر، چچا سُسر اور ان کی اولاد سے بھی پردہ کرناہوگا۔ یاد رکھئے! جس سے شادی ہمیشہ کے لئے حرام نہ ہو اس سے پردہ کرنا ہوتا ہے اور وہ نامحرم اور اجنبی کہلاتے ہیں۔(مدنی مذاکرہ، بعد نمازِ تراویح، 7رمضان شریف 1444ھ)

(4)مسلمان کو کانٹا چبھ جانے پر بھی اجر ملتا ہے

سُوال: اگر کسی کے اعضاء ضائع ہوجائیں  مثلاً ہاتھ یا پاؤں کٹ جائیں تو کیا اسے کوئی فضیلت یا اجر بھی ملے گا؟

جواب: جی ہاں! اگر مسلمان کو کانٹا چُبھ جائے تو یہ بھی اس کے لئے گناہوں کا کفارہ(یعنی گناہ مٹنے کا سبب) بنتا ہے، فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّمہے: مسلمان کو بیماری، پریشانی، رنج، اذیت اور غم میں سےجو مصیبت پہنچتی ہے یہاں تک کہ کانٹا بھی چُبھتاہے تو اللہ پاک اسے اس کے گناہوں کا کفارہ  بنادیتا ہے۔(بخاری،4/3،حدیث:5641،مدنی مذاکرہ، 23شوال شریف 1444ھ)

(5)سنّتوں کی ایک رکعت میں ایک سے زائد سورتیں پڑھنا

سُوال: کیا سنّتوں کی ایک رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد ایک سے زائد سورتیں پڑھ سکتے ہیں؟

جواب: جی ہاں! پڑھ سکتے ہیں۔(فتاویٰ امجدیہ، 1/97، 98 ماخوذاً-مدنی مذاکرہ، 16شوال شریف 1444ھ)

(6)کیاجنّت میں نیند  ہوگی؟

سُوال:کیا جنّت میں نیند ہوگی؟

جواب: نہیں۔(معجم اوسط، 1/266، حدیث:919-مدنی مذاکرہ، بعد نمازِ عصر، 23رمضان شریف 1444ھ)

(7)اسلامی بہن کا بلند آواز سے رونا کیسا؟

سُوال:اسلامی بہن کا نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم یا مدینے شریف کی یاد میں یا فراقِ مدینہ میں بلند آواز سے رونا کیسا ہے؟

جواب: اگر غیر مَردوں یعنی نامحرموں تک رونے کی آواز نہ پہنچے تو بلند آواز سے رونے میں کوئی حرج نہیں ہے۔( مدنی مذاکرہ، 30شوال شریف 1444ھ)

(8)بیمار شخص سے دعا کروانا

سُوال:کسی بیمار سے اپنے لئے دعا کروانا کیسا ہے؟

جواب: اچھا ہے۔حدیثِ پاک میں ہے: مریض سے دعا کرواؤ کہ اُس کی دُعا فرشتوں کی دُعا کی طرح ہوتی ہے۔ (ابن ماجہ، 2/191، حدیث:1441-مدنی مذاکرہ، 30شوال شریف 1444ھ)

(9)میدانِ محشر کہاں ہوگا؟

سُوال:حشر کا میدان کہاں قائم ہوگا؟

جواب: مُلکِ شام کی سرزمین پر۔(مسند امام احمد، 7/235، 237، حدیث: 20042، 20051- مدنی مذاکرہ، 30شوال شریف 1444ھ)

(10)نماز میں ثَنا نہ پڑھی تو؟

سُوال:نماز میں ثَنا پڑھنا بھول جائیں تو کیا سجدۂ سہو کرنا ضروری ہے؟

جواب:جی نہیں، نماز میں ثَنا پڑھنا سنّت ہے،اور سنت چھوٹنے پر سجدۂ سہو واجب نہیں ہوتا،ہاں  جان بوجھ کر ثناء ترک نہیں کرنی چاہئے۔( مدنی مذاکرہ، 7ذوالقعدہ شریف 1444ھ)

(11)ذوالقعدہ کے مہینے میں شادی کرنا

سُوال: کیا ذوالقعدہ کے مہینے میں شادی کرسکتے ہیں؟

جواب: جی ہاں کرسکتے ہیں۔ (فتاویٰ رضویہ، 11/265ماخوذاً-مدنی مذاکرہ، 16شوال شریف 1444ھ)

(12)لٹکی ہوئی زلفوں پر مسح کرنا

سُوال: جن کی زلفیں بڑی ہوں کیا وہ وُضو میں عمامہ اُتارے بغیر زلفوں پر مسح کرسکتے ہیں؟

جواب: بہارِ شریعت جلد1،صفحہ291 پر ہے: سر سے جو بال لٹک رہے ہوں ا ن پر مسح کرنے سے مسح نہ ہوگا۔ (مدنی مذاکرہ، 13ربیع الآخر شریف 1445ھ)



([1])یعنی قراٰن و حدیث میں بیان کی ہوئی دعا


Share

Articles

Comments


Security Code