جنتیوں کی عمراورقد کتناہوگا؟

(1)جنتیوں کی عمر اور قد کتنا ہوگا؟

سوال : کیا جنّت میں نوجوانوں کا قدحضرتِ آدم علیہ السَّلام کے قد کے برابر ہوگا؟

جواب : جنّت میں جو بھی جائے گاچاہے دنیا میں بچہ تھا یا بوڑھا ، سب تیس(30)سال کے جوان ہوں گے۔ (ترمذی ، 4 / 254 ، حدیث : 2571ماخوذاً ، مراٰۃ المناجیح ، 7 / 510) سرکارِ مدینہ صلَّی اللہ  علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : جو شخص جنّت میں جائے گا وہ آدم علیہ السَّلام کی صُورت پر ہوگا اور ساٹھ(60) ہاتھ لمبا ہوگا۔ (مسلم ، ص1167 ، حدیث : 7163) ایک ہاتھ تقریباً آدھے گز کا ہوتا ہے تو یوں جنّت میں سب تیس (30) برس اور تیس گز کے معلوم ہوں گے۔ (مدنی مذاکرہ ، 17رمضان المبارک1440ھ)

(2)میت والے گھر میں پہلی عید پر سوگ منانا کیسا؟

سوال : بعض لوگ کہتے ہیں کہ اگر گھر میں کسی کا انتقال (Death) ہوجائے تو پہلی عید پر نئے کپڑے نہیں پہننا چاہئے بلکہ چالیسویں کے بعد پہننا چاہئے کیا یہ دُرست ہے؟

جواب : سوگ تین دن تک ہے ، تین دن کے بعد سوگ منانا جائز نہیں ، البتہ عورت عِدّت میں ہے تو عدت کے تمام دن عورت کے لئے سوگ کے ہیں ، ان دنوں میں عورت کو زیب و زینت اختیار کرنا منع ہے۔ عورت کے علاوہ دیگر گھر والے عید کے دن نئے کپڑے یا پُرانے کپڑوں میں سے جو عمدہ کپڑے ہیں وہ پہنیں ، عید منائیں اور مبارک باد پیش کرکے خوشی کا اظہار کریں۔ سوگ کے دن گزرجانے کے بعد پہلی عید پر سوگ یعنی غم منانا اور اس وجہ سے نئے کپڑے یا عمدہ کپڑے نہ پہننا گناہ ہے۔ جو لوگ ایسا کرتے ہیں یا ایسا کرنے کا کہتے ہیں ان کو توبہ کرنی چاہئے۔ (مدنی مذاکرہ ، 17رمضان المبارک1440ھ)

(3)نَسوار لگانے سے وضو ٹوٹتا ہے یا نہیں؟

سوال : کیا منہ میں نَسوار رکھنے سے وضو ٹوٹ جاتا ہے؟

جواب : منہ میں نَسوار رکھنے سے وضو نہیں ٹوٹتا البتہ اس میں بدبو ہوتی ہے ، اسے استعمال کرنے کے بعد اچھی طرح منہ صاف کرکے مسجد میں جانا ہے ، اگر منہ سے بدبو آرہی ہو تو  مسجد میں جانا حرام ہے۔ (مدنی مذاکرہ ، 5محرمُ الحرام1441ھ)

(4)بے وُضو شخص کا جنازہ کو کندھا دینا کیسا؟

سوال : بعض اوقات دیکھا گیا ہے کہ دکان وغیرہ پر لوگ بیٹھے سگریٹ وغیرہ پی رہے ہوتے ہیں اور جنازہ گزر رہا ہوتا ہے تو لوگ کام کاج چھوڑ کر بغیر وُضو کئے جنازہ کو کندھا دیتے ہیں اور کلمۂ شہادت پڑھتے ہیں ، کیا یہ جائز ہے یا وُضو کا ہونا ضروری ہے؟

جواب : نَمازِ جنازہ کے لئے وُضو شرط ہے ، کندھا دینے کے لئے وُضو شرط نہیں ہے ، بے وُضو جنازہ کو کندھا دینا جائز ہے البتہ سگریٹ پینے یا کسی اور وجہ سے منہ میں بدبو ہے تو ایسی صورت میں منہ کو صاف کرکے ذِکْر و اَذکار دُرودِ پاک یا کلمۂ شہادت وغیرہ پڑھنا چاہئے۔ (مدنی مذاکرہ ، 26رمضان المبارک 1440ھ)

(5)نَمازِ جنازہ میں دو تکبیریں رہ جائیں تو کیا کریں؟

سوال : نَمازِ جنازہ میں اگر دو تکبیریں چھوٹ جائیں تو ان کو کیسے مکمل کریں؟

جواب : امام صاحب کے سلام پھیرنے کے بعد اپنی تکبیریں کہہ کر سلام پھیر دیں گے۔ ([1])

(مدنی مذاکرہ ، 24رمضان المبارک1440ھ)

(6)بچّوں کو خوشبو لگانا کیسا؟

سوال : کیا بچّوں کو عطر لگا سکتے ہیں؟

جواب : بِالکل لگا سکتے ہیں ، عوام میں یہ غلط مشہور ہے کہ بچّوں کو خوشبو لگانے سے جِنّ چِپَٹ جاتے ہیں ، ایسا کچھ نہیں ہے۔ (مدنی مذاکرہ ، 13رمضان المبارک1440ھ)

(7)مقتدی قَعدۂ اَخیرہ میں سلام کب پھیرے؟

سوال : اگر مُقتدِی قَعدۂ اَخیرہ میں دُرودِ پاک پڑھ رہا ہو اور امام صاحب سلام پھیر دیں تو مقتدی کو کیا کرنا چاہئے؟

جواب : سلام پھیر دینا چاہئے ، البتہ اَلتَّحِیَّات پڑھ رہا ہو اور امام صاحب سلام پھیر دیں تو اب اَلتَّحِیَّات پوری پڑھ کر سلام پھیرے گا۔ (مدنی مذاکرہ ، 15رمضان المبارک1440ھ)

(8)قراٰنِ کریم کا دل

سوال : قراٰنِ پاک کا دل کس سورت کو کہا جاتا ہے؟

جواب : سورۂ یٰسٓ کو۔ (ترمذی ، 4 / 406 ، حدیث : 2896-مدنی مذاکرہ ، 13رجبُ المرجب1440ھ)

(9)سوتیلی ماں کے ساتھ عمرے پر جانا

سوال : سوتیلی ماں کے ساتھ عمرے پر جاسکتے ہیں؟

جواب : جاسکتے ہیں کہ سوتیلی ماں محرم ہے ، اس سے پردہ نہیں ہے۔ ( مدنی مذاکرہ ، 18رمضان المبارک1440ھ)

(10)دو خطبوں کے درمیان بیٹھنے کی وجہ

سوال : امام صاحب جُمعہ کے دن دو خطبوں کے درمیان کیوں بیٹھتے ہیں؟

جواب : اس لئے بیٹھتے ہیں کہ سنّت ہے(درمختار ، 3 / 23) اور سنّت میں عظمت ہے۔ (مدنی مذاکرہ ، 18رمضان المبارک1440ھ)

(11)بَدن پر آبِ زَم زَم لگانا کیسا؟

سوال : اگر جسم کے کسی حصے میں تکلیف ہو تو کیا وہاں پر آبِ زَم زَم شریف لگا سکتے ہیں؟

جواب : لگا سکتے ہیں ، اس میں کوئی حرج نہیں ہے کیونکہ آبِ زَم زَم میں شِفا ہے اور اسے پینے اور بدن پر ڈالنے کی ترغیب بھی ہے۔ ([2])(مدنی مذاکرہ ، 15رمضان المبارک1440ھ)

(12)مینڈک کو مارنا کیسا؟

سوال : کیا مینڈک(Frog) کو مارنا گناہ ہے؟

جواب : حدیثِ پاک میں مینڈک کو قتل کرنے سے منع فرمایا ہے کہ یہ تسبیح کرتا ہے۔ (معجم اوسط ، 3 / 12 ، حدیث : 3716)

 البتہ مینڈک کھانا حرام ہے(ردالمحتار ، 9 / 508)  بِلاضَرورت اسے نہیں مارسکتے کیونکہ یہ نہ حملہ کرتا ہے اور نہ کاٹتا ہے۔

(مدنی مذاکرہ ، 21رمضان المبارک1440ھ)



([1])   مسبوق یعنی (نَمازِ جنازہ میں) جس کی بعض تکبیريں فوت ہوگئیں وہ اپنی باقی تکبیریں امام کے سلام پھیرنے کے بعد کہے اور اگر یہ اندیشہ ہو کہ دُعائیں پڑھے گا تو پوری کرنے سے پہلے لوگ میّت کو کندھے تک اٹھالیں گے تو صرف تکبیریں کہہ لے دُعائیں چھوڑ دے۔

(بہارِ شریعت ، 1 / 838 ، 839)

([2])   بہارِ شریعت میں صدرُ الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ عمرہ کے اَحکام بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں : پھر زَم زَم (کے کنوئیں) پر آؤ اور ہوسکے تو خود ایک ڈول کھینچو ، ورنہ بھرنے والوں سے لے لو اور کعبہ کو مونھ (منہ) کر کے تین سانسوں میں پیٹ بھر کر جتنا پیا جائے کھڑے ہو کر پیو ، ہر بار بِسْمِ اﷲ سے شروع کرو اور اَلْحَمْدُ لِلہِ پر ختم اور ہر بار کعبہ معظّمہ کی طرف نگاہ اُٹھا کر دیکھ لو ، باقی بدن پر ڈال لو یا مونھ (منہ) اور سَر اور بدن پر اس سے مسح کرلو اور پیتے وقت دعا کرو کہ قبول ہے۔ رسولُ اﷲ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم فرماتے ہیں : زَم زَم جس مرادسے پیا جائے اُسی کے لئے ہے۔  (ابنِ ماجہ ، 3 / 490 ، حدیث : 3062-بہارِ شریعت ، 1 / 1105)


Share

Articles

Comments


Security Code