گیارھویں شریف کا دُنبہ چوری ہوجائے تو کیا کریں ؟/ ہمیشہ سچ بولیں

(1)گیارھویں شریف کا دُنبہ چوری ہوجائے تو کیا کریں؟

سوال:ہم نے گیارھویں شریف کرنے کی نیّت سے دُنبہ پالا تھا مگر وہ چوری ہوگیا تو اب ہم کیا کریں؟

جواب:صبرکریں اور (مشورہ ہے کہ) اس پر ملنے والے اَجر کو غوث پاک رحمۃ اللہ علیہ کو ایصال کردیں، نیز اللہ پاک نے آپ کو وُسعت دی ہے تو (بہتر ہے کہ)نیّت پوری کرنے کے لئے ایک اور دُنبہ لے کر گیارھویں شریف کرلیں۔(مدنی مذاکرہ،4ربیعُ الآخِر1439ھ)

(2)ہمیشہ سچ بولیں

سوال:غوثِ پاک کی سیرت پر بچے کس طرح عمل کرسکتے ہیں؟

جواب:بچوں کو چاہئے کہ جب وہ سات سال(7 Years) کے ہوجائیں تو نمازیں پڑھنا (اور طاقت ہو تو روزہ رکھنا) شروع کردیں کہ غوث پاک رحمۃ اللہ علیہ نماز پڑھا کرتے تھے اور آپ رحمۃ اللہ علیہ نے پیدا ہوتے ہی روزہ رکھ لیا تھا، جب وعدہ کریں تو پورا کریں کہ ہمارے غوثِ پاک رحمۃ اللہ علیہ وعدہ پورا کیا کرتے تھے اور ہمیشہ سچ بولیں کہ غوثِ پاک رحمۃ اللہ علیہ ہمیشہ سچ بولتے تھے بلکہ آپ رحمۃ اللہ علیہ کے سچ بولنے کی برکت سے ڈاکوؤں کے سردار نے اپنے 60 ساتھیوں سمیت توبہ کی اور نیکی کا راستہ اختیار کیا تھا۔ لہٰذا بچّوں کو چاہئے بلکہ بڑوں کو بھی چاہئے کہ ہمیشہ سچ بولیں،کبھی بھی جھوٹ نہ بولیں۔ اگر آپ نے اپنے کسی بھائی یا بہن کی کوئی چیز فریج وغیرہ سے نکال کر چوری چھپے کھالی تو امّی یا کسی اور کے پوچھنے پر سچ سچ بتادیں کہ سانچ کو آنچ نہیں! (یعنی سچ کو کوئی نقصان نہیں پہنچاسکتا ) جھوٹے کا منہ کالا اور سچے کا منہ اُجیالا!

اللہ پاک ہم سب کو سچ بولنے کی اور جھوٹ بولنے سے بچنے کی توفیق عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم (البتہ یہ یاد رکھئے کہ بھائی بہن یا کسی اور کی کوئی چیز چوری چُھپے بھی نہیں اور چھین کر بھی نہیں کھانی چاہئے۔)(مدنی مذاکرہ،11ربیعُ الآخِر1439ھ)

(غوثِ اعظم رحمۃ اللہ علیہ کی سیرت کے بارے میں مزید جاننے کے لئے مکتبۃُ المدینہ کی کتاب ”غوثِ پاک کے حالات“ پڑھئے۔)

(3)غسل میں وضو کا ثواب

سوال:کیا غسل کرنے سے وضو کا ثواب ملے گا؟

جواب:اگر غسل کرنے سے پہلے وضو کی نیّت کرلی تھی تو وضو کا ثواب ملے گا، البتہ غسل کرنے سے پہلے وضو کی نیّت نہیں کی اورغسل کرلیا تو بھی وضو ہوجائے گا مگر وضو کا ثواب نہیں ملے گا۔(مدنی مذاکرہ،6ربیعُ الآخِر 1439ھ)

(4)زندگی اور موت کی حکمت

سوال:زندگی و موت پیدا کرنے میں اللہ  پاک کی کیا حکمت ہے؟

جواب:اس کی حکمت اللہ کریم نے قراٰنِ کریم کے پارہ 29، سُورۃُ المُلک،آیت نمبر 2میں کچھ یوں بیان فرمائی ہے:( الَّذِیْ خَلَقَ الْمَوْتَ وَ الْحَیٰوةَ لِیَبْلُوَكُمْ اَیُّكُمْ اَحْسَنُ عَمَلًاؕ-) تَرجَمۂ کنزُالا یمان: وہ جس نے موت اور زندگی پیدا کی کہ تمہاری جانچ ہو تم میں کس کا کام زیادہ اچھا ہے۔(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)(مدنی مذاکرہ،22 رجبُ المرجب 1440ھ)

(5)جامعۃُ المدینہ اور برف باری کی برف

سوال:جامعۃُ المدینہ کی چھت یا صحن سے برف باری میں برسنے والی برف اپنے ساتھ لے جاسکتے ہیں یا نہیں؟

جواب:لے جاسکتے ہیں۔(مدنی مذاکرہ،5ربیعُ الآخِر 1439ھ)

(6)غوثِ پاک کے بھائی

سوال:غوثِ پاک رحمۃ اللہ علیہ کے کتنے بھائی تھے؟

جواب:غوثِ اعظم رحمۃ اللہ علیہ کے صرف ایک بھائی تھے جن کا نام سیّد ابو احمد عبداللہ تھا اور یہ غوثِ پاک سے ایک سال چھوٹے تھے، جوانی ہی میں ان کا انتقال ہوا اور جیلان میں ان کی تدفین ہوئی۔(مرآۃُ الجنان،ج 3،ص265ملخصاً-مدنی مذاکرہ،5ربیعُ الآخِر1439ھ)

(7)اِشراق و چاشت کی قضا

سوال:اگر اِشراق و چاشت کی نماز کسی دن رہ جائے تو کیا ان کی قضا پڑھ سکتے ہیں؟

جواب:اِشراق و چاشت کی نماز کا وقت (سورج طلوع ہونےکے 20 منٹ بعد سے زوال سے پہلےتک) مقرّر ہے، وقت نکل گیا تو ان کی قضا نہیں۔(مدنی مذاکرہ،15رجب المرجب1440ھ)

(8)سب سے بڑی اور سب سے چھوٹی سورت

سوال:قراٰنِ پاک کی سب سے بڑی اور سب سے چھوٹی سورت کون سی ہے؟

جواب:قراٰنِ کریم کی سب سے بڑی سورت سُورۂ بَقَرَہ اور سب سے چھوٹی سورت سُورۂ کَوْثَر ہے۔(مدنی مذاکرہ،13رجبُ المرجب1440ھ)

(9)بیعت ٹوٹنے کی صورتیں

سوال:کیا بیعت ٹُوٹ بھی جاتی ہے؟

جواب:جی ہاں! ٹُوٹ جاتی ہے، مثلاً پیر صاحب سے عقیدت ختم ہوجائے یا پیر صاحب کی گستاخی کی جائے یا مُرید خود ہی کہہ دے کہ میں نے بیعت توڑ دی یا مَعَاذَ اللہ مُرید (یا پیر) اسلام سے خارج ہوگیا تو ان سب صورتوں میں بیعت ٹوٹ جائے گی۔ (مدنی مذاکرہ،6ربیعُ الآخِر1439ھ)

(پیری مریدی کے بارے میں مزید جاننے کے لئے مکتبۃُ المدینہ کی کتاب ”آدابِ مرشدِ کامل“ پڑھئے۔)

(10)مکہ میں رہنے والی عورت کا اکیلے عمرہ کرنا کیسا؟

سوال:کیا مکّۃُ المُکرَّمہ میں رہنے والی عورتیں اکیلے عمرہ کرسکتی ہیں؟

جواب:کرسکتی ہیں۔(مدنی مذاکرہ، یکم رجب المرجب1440ھ)


Share

Articles

Comments


Security Code