عبادت کا سب سے افضل دن/ منگل کے دن کپڑا کاٹنا کیسا؟/ بارہ تیرہ سال کی عمر میں عقیقہ کرنا کیسا؟

عبادت کا سب سے افضل دن

سوال:وہ کونسا دن ہے جس میں عبادت کا ثواب سب سے زیادہ ملتا ہے ؟

جواب:مفسرِ شہیر،حکیمُ الامّت،حضرت مفتی احمد یار خان علیہ رحمۃ الرحمٰن تحریر فرماتے ہیں:جمعہ کا دن تمام دنوں سے افضل ہے کہ اس میں ایک نیکی کا ثواب ستر گنا ہے اور دُرود دوسری عبادتوں (یعنی نفل عبادتوں) سے افضل (ہے)۔ لہٰذا افضل دن میں افضل عبادت کرو (یعنی جمعہ کے روز خوب دُرود و سلام پڑھو)۔(مراٰۃ المناجیح،ج2،ص323)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

گھوڑے کا پسینہ کپڑوں پر لگ جائے تو کیا کریں؟

سوال:گھوڑے کا پسینہ کپڑوں پر لگ جائے تو کیا ان کپڑوں میں نماز پڑھ سکتے ہیں یا نہیں؟

جواب:یہ اصول ذہن میں رکھئے کہ جس جانور کا جوٹھا پاک ہوتا ہے اس کا پسینہ اور تھوک بھی پاک ہوتا ہے اور جس کا جوٹھا ناپاک ہوتا ہے اس کا پسینہ اور تھوک بھی ناپاک ہوتا ہے۔ (بہار شریعت،ج1،ص344، ملخصاً) گھوڑے کا جوٹھا پاک ہے تو اس کا پسینہ بھی پاک ہے، اگر یہ کپڑوں پر لگ جائے تو ان کپڑوں میں نماز پڑھ سکتے ہیں۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

منگل کے دن کپڑا کاٹنا کیسا؟

سوال:کیا منگل کے دن کپڑا  کاٹ سکتے ہیں؟

جواب:جی ہاں! منگل کے دن کپڑا کاٹ سکتے ہیں، البتہ منگل کے روز کپڑا کاٹنے سے بچنا چاہئے کہ نقصان کا خطرہ ہے، جیساکہ ملفوظاتِ اعلیٰ حضرت میں ہے:جو کپڑا منگل کے دن قَطع (کاٹا) ہو وہ جلے گا یا ڈوبے گا یا چوری (ہو) جائے گا۔(ملفوظاتِ اعلیٰ حضرت، ص 268)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

فجر کی اذان میں اَلصَّلٰوۃُ خَیْرٌ مِّنَ النَّوْم کہنا بھول جائیں تو کیا کریں؟

سوال:اگر کوئی فجر کی اذان میں اَلصَّلٰوۃُ خَیْرٌ مِّنَ النَّوْم کہنا بھول گیا تو اذان ہوجائے گی یا دوبارہ دی جائے گی؟

جواب:فجر کی اذان میں اَلصَّلٰوۃُ خَیْرٌ مِّنَ النَّوْم کہنا مستحب ہے۔(بہار شریعت،ج1،ص470 ماخوذاً) اگر کوئی فجر کی اذان میں یہ کہنا بھول گیا تو اذان ہوجائے گی دوبارہ دینا ضروری نہیں۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

اُمَّہاتُ المؤمنین پیارے آقا کو کس نام سے پُکارتیں؟

سوال:اُمَّہاتُ المؤمنین رضی اللہ تعالٰی عنہن ہمارے پیارے آقا صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو کس نام سے پکارتی تھیں؟

جواب:اُمَّہاتُ المؤمنین رضی اللہ تعالٰی عنہن پیارے آقا صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو یا رَسُوْلَ اللہ! یا نَبِیَّ اللہ! کہہ کر پکارتی تھیں جیسا کہ بخاری شریف میں ہے کہ اُمُّ المؤمنین ،حضرت سیّدتنا عائشہ صدیقہ اور حضرت سیّدتنا اُمِّ سلمہرضی اللہ تعالٰی عنہما نے سرکارِ مدینہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو یا رَسُوْلَ اللہ، یا نَبِیَّ اللہ جبکہ حضرت سیّدتنا حفصہ، حضرت سیّدتنا سودہ، حضرت سیّدتنا اُمِّ حبیبہ اور حضرت سیّدتنا زینب بنتِ جحش رضی اللہ تعالٰی عنہن نے یا رَسُوْلَ اللہ! کہہ کر پکارا۔(بخاری،ج1،ص127، 416، 528، حدیث: 316، 1233، 1566، ج2،ص227، 418، حدیث:2732،2731، 3346، ج3،ص306، 432، حدیث: 4795، 5106، ج4،ص216، حدیث: 6395، ماخوذاً)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

پیارے آقا صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے کتنے جمعے ادا فرمائے؟

سوال:سرکارِ مدینہ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے کتنے جُمعے ادا فرمائے ہیں؟

جواب:مُفسرِ شہیر ،حکیمُ الاُمَّت، حضرت مفتی احمد یار خان علیہ رحمۃ الحنَّان فرماتے ہیں:نبیِّ کریم صلَّی اللہ تعالٰی  علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے تقریباً پانچ سو500جُمُعے پڑھے ہیں، اس لئے کہ جمعہ بعدِ ہجرت شروع ہوا،جس کے بعد دس10سال آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی (ظاہری) زندگی شریف رہی ،اس عرصہ میں جمعے اتنے ہی ہوتے ہیں۔(مراٰۃ المناجیح،ج2،ص346)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

صفائی کے لئے پرندوں کے گھونسلے ختم کرنا کیسا؟

سوال:بعض اوقات گھر یا دکان وغیرہ میں پرندے گھونسلے بنالیتے ہیں، صفائی کے لئے ان کے گھونسلے ختم کرنا کیسا ہے؟

جواب:صفائی کیلئے پرندوں کے گھونسلے ہٹائے جاسکتے ہیں، البتہ اگر گھونسلے میں چھوٹے چھوٹے بچے ہوں تو اتنا انتظار کرلیں کہ بچے بڑے ہو کر اُڑ جائیں پھر اس کے بعد صفائی کی جائے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

بارہ تیرہ سال کی عمر میں عقیقہ کرنا کیسا؟

سوال:میرا بھتیجا بارہ تیرہ سال کا ہوگیا ہے اور ہم نے ابھی تک اُس کا عقیقہ نہیں کیا تو کیا اب ہم اُس کا عقیقہ کرسکتے ہیں؟

جواب:عقیقہ کرنا مستحب ہے، اگر کسی نے نہیں کیا تو وہ گنہگار نہیں ہے۔ اگر کوئی بارہ تیرہ سال کا ہے یا اس سے بڑا ہے تب بھی اس کا عقیقہ کرسکتے ہیں، اس میں کوئی حرج نہیں ہے۔

(عقیقہ کے بارے میں تفصیل جاننے کے لئے مکتبۃ المدینہ کا مطبوعہ رسالہ ”عقیقہ کے بارے میں سوال جواب“ کا مطالعہ کیجئے۔)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

دردِ زِہ کی حالت میں انتقال کرنے والی عورت کا حکم

سوال:اگر بچے کی پیدائش کے وقت عورت کا انتقال ہوجائے تو کیا اُسے شہید کہتے ہیں؟

جواب:جی ہاں! بچے کی پیدائش کے وقت عورت کا انتقال ہوجائے تو اُسے شہید کہتے ہیں جیسا کہ بہارِ شریعت میں ہے: عورت کہ بچہ پیدا ہونے یا کوآرے (کنوارے) پَن میں مَر جائے شہید ہے۔(بہارِ شریعت،ج1،ص858)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

قراٰنِ پاک کے معنیٰ نہ جاننے والے کو تلاوت کا ثواب ملے گا؟

سوال:اگر کوئی قراٰنِ پاک کی تلاوت کرتا ہو مگر اس کے معنیٰ وغیرہ نہ جانتا ہو تو کیا اُسے ثواب ملے گا؟

جواب:جی ہاں! قراٰنِ پاک کی تلاوت کرنے والے کو اس کا ثواب ملے گا اگرچہ معنیٰ وغیرہ نہ جانتا ہو۔

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                 صلَّی اللہ تعالٰی علٰی محمَّد

Share

Articles

Comments

Security Code