نظر کی کمزوری

میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!آنکھ   اللہ تعالٰی کی بہت بڑی نعمت ہے۔اس نعمت کی قَدْر حقیقت میں وہی شخص جان سکتا ہے  جو بینائی سے مَحروم ہو اور ہاتھ میں سفید چھڑی لئے سڑک کنارے اس انتظار میں کھڑا ہو کہ کوئی آکر مجھے سڑک پار کروا دے۔ مُقَدَّس قراٰن میں اللہ عَزَّ وَجَلَّ  کافرمانِ عالیشان ہے: وَ جَعَلَ لَكُمُ السَّمْعَ وَ الْاَبْصَارَ وَ الْاَفْـٕدَةَۙ -لَعَلَّكُمْ تَشْكُرُوْنَ(۷۸)ترجمۂ کنزالایمان : اورتمہیں کان اور آنکھ اوردل دیئے  کہ تم احسان مانو (پ14، النحل: 78) (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) لہٰذا ہمیں جسم کے دیگراعضاءکے ساتھ ساتھ آنکھ کا بھی شکراداکرنا چاہیے۔آنکھ کا شُکْر کیسے ادا ہو؟آنکھ کا شُکْراس طرح ادا ہوسکتا ہے کہ آنکھ جب بھی اُٹھے تَو صِرف جائِز اُمُور ہی کی طرف اُٹھے۔آنکھ سے قُراٰنِ مجید،مسجِد و مدرسہ اورمَقاماتِ مُقَدَّسہ نیز علما و مشائخ اور اپنے والدین کی زیارت کریں۔ خبردار! اِن آنکھوں کو بدنگاہی،فلمیں ڈرامے اوردیگر ناجائز مَنَاظردیکھنے کے لئے ہر گز اِستِعمال نہ کریں اور اپنے دل و دماغ میں یہ بات بٹھا لیں کہاللہ دیکھ رہاہے“۔فرمانِ باری تعالیٰ ہے: یَعْلَمُ خَآىٕنَةَ الْاَعْیُنِ ترجمۂ کنزالایمان:اللّٰہ جانتاہے چوری چُھپے کی نگاہ۔ (پ 24 ،المؤمن:19)(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں) یعنی نِگاہوں کی خیانت اور چوری، نامحرم کودیکھنااورمَمنُوعات پرنظرڈالنا۔(خزائن العرفان)

خبرداربھائی !خدا دیکھتا ہے

بھلائی بُرائی خدا دیکھتا ہے

جنت کی بِشارت:دیکھنے،سننےیابولنے کی صلاحِیَّت سے محروم انسانوں کوخُصُوصی اَفراد(Special Persons)کہا جاتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق دنیا میں اِس وقت نابینا اَفراد کی تعداد 3کروڑ60 لاکھ جبکہ پاکستان میں 25 لاکھ کے لگ بھگ ہے۔ نابینا افراد میں 82فیصد افراد وہ ہیں جو 50 سال سے زیادہ عُمْر کے ہیں۔جو آنکھ کی نعمت سے محروم ہیں وہ حوصلہ رکھیں،اللہ عَزَّ وَجَلَّ کی رِضا پر راضی رہیں اور صبر کریں،اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ جنت کی عظیم نعمتیں اُن کا مُقَدَّر ہوں گی۔پیارے آقا صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وَسَلَّمَ کافرمانِ عالیشان ہے کہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ اِرشاد فرماتا ہے:اِذَااَخَذْتُ كَرِيمَتَيْ عَبْدِي فِي الدُّنْيَا لَمْ يَكُنْ لَهُ جَزَاءٌ عِنْدِيۡ اِلَّاالْجَنَّةَ میں دنیا میں اپنے جس بندے کی دو پیاری چیزیں(یعنی آنکھیں )لے لوں تو میرے نزدیک اس کابدلہ صرف جنت ہے۔ (ترمذی،ج4، ص179،حدیث: 2408)بینائی سے محرومی  کی طرح نظر کی کمزوری بھی ایک آزمائش ہے جس پر صبر کرنے والا ثواب کا حقدار ہوگا۔ ذیل میں نظر کی کمزوری سے متعلق کچھ معلومات اور اس کا علاج پیشِ خدمت ہے: نظر کی کمزوری کی وُجُوہات:ٹی وی، موبائل، کمپیوٹر اور ویڈیو گیمز(Video Games)کاحد سے  زیادہ اِستِعمال،بُڑھاپا، سر پر لگنے والی سنگین چوٹ،شوگریا دیگر امراض وغیرہ۔بچوں میں نظر کی کمزوری:ایک سروے رپورٹ کے مطابق اسکول جانے کی عمرسے پہلے ہی 25فیصد بچوں  میں نظر کی  کمزوری پائی جاتی ہے۔والدین کو چاہئے کہ شروع  سے ہی اپنے بچوں کو بالخصوص نظر کی کمزوری کے اسباب سے بچانے کا اہتمام کریں اورحتَّی الامکان بچوں کو موبائل فون اور ٹیبلٹ وغیرہ کے اِستِعمال نیز کارٹون پروگرامز اور ویڈیو گیمز کی لَت سے باز رکھیں۔پیدائش کے 6ماہ بعد اور پھر 3سال کی عمر میں آنکھوں کے ڈاکٹر(Eye Specialist)سے بچےکی آنکھوں کا معائنہ کروا کرمشورہ کرلینا چاہیے۔اس معاملے میں سُستی یا لاپرواہی آگے چل کر بڑی پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔جن والدین کی اپنی نظر کمزور ہو انہیں اپنی اولاد کے بارے میں زیادہ اِحتیاط کی ضرورت ہے۔حکایت:ایک مَدَنی اسلامی بھائی کا بیان ہے کہ میری 5سالہ مدنی مُنی جو دعوتِ اسلامی کے’’دارُ المدینہ“میں زیرِ تعلیم تھی، اُس کی باجی (اُستانی)کی طرف سے پیغام ملا کہ مَدَنی مُنِّی کی آنکھوں کا مُعائنہ کروائیے۔ہم نے یہ سوچ کر زیادہ توجہ نہیں دی کہ شایدیہ معمول کی ہِدایت ہے جو تمام بچوں کےوالدین کو کی گئی ہے ۔ کچھ عرصے بعد جب دوبارہ یہ پیغام ملا اور معلوم کیا  توپتا چلاکہ مَدَنی مُنِّی کوWhite Boardکی لِکھائی سمجھ نہ آنے کی شکایت ہے۔Eye Specialist کو دکھایا تو معلوم ہوا کہ مَدَنی مُنِّی کی نظر کمزورہےاور پھر 5 نمبر کا چشمہ لگوانا پڑا۔مَدَنی مشورہ :موٹر سائیکل وغیرہ چلاتے ہوئے یا ویسے ہی آنکھوں میں ریت کے ذَرّات یا کوئی اور چیز چلی جائے تو آنکھوں کو ہاتھ سے رگڑنے کے بجائےاُن پر پانی ماریں، اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ صفائی ہوجائے گی۔مسلسل کمپیوٹر اِستِعمال کرنے والوں کے لئے مشورہ:جن کا کمپیوٹر اِسکرین وغیرہ سے زیادہ واسطہ پڑتا ہو اُنہیں چاہیے کہ Anti-reflective/Multi coated Glasses استعمال کریں،اس کی بدولت ایک حد تک اِسکرین کی شُعاعوں سے آنکھوں کی حِفاظَت رہے گی۔ مُطَالعہ کرنے کی اِحتیاطیں: مُطالعہ وغیرہ کرتے ہوئے روشنی کا سامنے سے آنکھوں پر پڑنا نظر کو مُتاثر کرتا ہے۔ اِنرجی سیور یا ٹیوب لائٹ وغیرہ کی ترکیب اس طرح ہونی چاہیے کہ روشنی اوپر یا پیچھے سے آئے۔دورانِ مُطالَعہ کتاب، موبائل فون اورٹیبلٹ وغیرہ دو فٹ دور رکھ کر استعمال کرنا چاہئے تاکہ بینائی متاثر نہ ہو۔ٹی وی وغیرہ دیکھتے ہوئےاِسکرین سے6فٹ کا فاصلہ رکھنا چاہئے۔پلکیں جھپکانے کے فوائد:فِطری طور پر پَلکیں جھپکانے سے آنکھو ں میں تَری  موجود رہتی ہے جبکہ پلکیں جھپکائے بغیر ٹی وی اسکرین وغیرہ کو دیکھنا بینائی کے لئے نقصان دِہ ہے۔ آنکھوں کے غُدُود میں Antibacterial Chemical موجود ہوتا ہے، پلکیں جھپکانے  سے یہ کیمیکل آنکھوں میں جانے والے گَرد و غُبار اور جراثیم وغیرہ کو صاف کردیتا ہے۔بینائی تیز کرنے والی غذائیں:نظر کی حِفاظت کے لئے وِٹامن A اور Cکی زیادہ ضرورت ہوتی ہے۔ وٹامنA آڑو (Peach) اورکلیجی میں جبکہ وٹامن C گاجر (Carrot) میں بالخصوص پایا جاتا ہے۔پالک اور دیگر ہری سبزیوں نیز پستہ،اَخروٹ اور بادام کا اِستِعمال بھی بینائی کےلئے مُفید ہے۔قبلہ رُخ بیٹھنے سے بینائی تیز ہوتی ہے: حضرتِ سَیِّدُناامام شافعیعَلَیْہِ رَحمَۃُ اللّٰہ ِالْقَوِی فرماتے ہیں:چار چیزیں آنکھوں کی (بینائی کی)تقویَّت کاباعِث ہیں:(1)قبلہ رُخ بیٹھنا(2)سوتے وقت سُرمہ لگانا (3)سبزے کی طرف نظر کرنا اور(4)لباس کو پاک وصاف رکھنا۔ (احیاء العلوم،ج2، ص27) آنکھوں کا لذیذ چورن: سونف،مِصری اور ایرانی بادام تینوں ہم وَزْن لیکر اچّھی طرح باریک پیس کر یکجان(MIX)کر کے بڑے منہ کی بوتل میں محفوظ کر لیجئے اور بِلا ناغہ روزانہ نَہار مُنہ(خالی پیٹ)ایک چائے کی چمچ بِغیر پانی کے کھا لیجئے (ایک چمچ سے کچھ زیادہ کھانے میں بھی حرج نہیں)طویل عرصہ استِعمال کرنے سے اِنْ شَآءَاللہعَزَّ وَجَلَّ آنکھوں کی بینائی کو فائدہ ہو گا۔ جن کو تکلیف نہ ہو وہ بھی مُستَقِل اِستِعمال کرسکتے ہیں۔ (گھریلو علاج،ص33)عینک کے نمبر کم کرنے کیلئے:گاجر کے موسِم میں روزانہ ایک گاجر کھا لیا کریں اِنْ شَآءَاللہعَزَّ وَجَلَّحافِظہ قوی اور بینائی تیز ہو گی حتّٰی کہ چشمہ ہے تو اِنْ شَآءَ اللہنمبر کم ہونا شُروع ہو جائیں گے۔(گھریلو علاج،ص34)

آنکھوں کے اَمراض کے3 روحانی علاج

(1) اگر آنکھوں کی روشنی کم ہوگئی ہوتو41بار یَاشَکُوْرُ پڑھ کر پانی پر دم کرکےآنکھوں پریہ پانی ملئے۔(مدّتِ علاج:تا حصولِ شفا)(2)نظر کمزورہوجائے یاچلی جائےتو”یَا رَحْمٰنُ یَا رَحِیْمُ یَا اَللہُ یَاسَلَامُ‘‘41بار(اوّل آخِرایک باردُرُودشریف)پڑھ کردونوں ہاتھوں میں پانی لےکردم کیجئے،منہ پر  ڈالئے اور آنکھوں پر مَلئے اِنْ شَآءَ اللہ عَزَّ وَجَلَّ فائدہ ہوگا۔(مدّتِ علاج: مسلسل7دن)مدنی پھول: منہ پرڈالتے وقت کوئی پاک کپڑا وغیرہ بچھا لیجئے تا کہ دم کئے ہوئے پانی کی بے ادَبی نہ ہو۔(3) بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ ہرنمازکے بعدتین بار پڑھ کر اُنگلی پر دم کر کے اپنی آنکھوں پر لگایئے۔ یہ عمل عمربھر جاری رکھئے،اِنْ شَآءَاللہعَزَّ وَجَلَّبینائی کی کمزوری دُورہوگی نیز سفید اورکالے موتیے سے بھی حفاظت ہو گی۔ (بیمار عابد،ص33تا 34)

کچھ ایسا کردے مرے کِردِگار آنکھوں میں

ہمیشہ نقش رہے رُوئے یار آنکھوں میں

(سامانِ بخشش،ص129)


Share

Articles

Comments


Security Code