کمر درد

مدنی کلینک

کمر درد

*حکیم رضوان فردوس عطّاری

آج کل مردوں، عورتوں، بوڑھوں بلکہ جوانوں کی بھی ایک تعداد ہے جو کمردرد کا شکار ہے۔یہ درد عام طور پر پسلیوں کے نیچے سے شروع ہوتا ہے اور کولہے تک پھیلا ہوا محسوس ہوتا ہے ۔ سب سے پہلے کمر میں ہلکا درد محسوس ہوتا ہے اور جسم میں سستی رہتی ہے بعد میں یہ درد شدت اختیار کرجاتا ہے، شروع میں ہی اس درد کا مناسب علاج نہ کیا جائے تو آہستہ آہستہ تیز ہوجاتا ہے۔ بروقت علاج نہ کیا جائے تو پھر مہینوں اس درد سے جان نہیں چھوٹتی۔

وجوہات: کمر درد کی بہت سی وجوہات ہیں:*زیادہ دیر تک بیٹھنا کمر کے پٹھوں میں کھچاؤ پیدا کردیتاہے، جس کے باعث پٹھے سخت ہوجاتے ہیں اور ان میں شدید قسم کا درد ہوتا ہے ٭ہڈیوں میں بُھربھراپن ہوجانا *مہروں میں خَلا آجانا *گُردوں میں پتھری کا انفیکشن ہوجانا ۔

کمر درد میں احتیاطیں:جب کمر میں درد ہو تو ان احتیاطوں کو ضرور اختیار کیجئے: *اگر جسمانی مشقت والےکام زیادہ ہیں تو سب سے پہلے ان کو کم کریں۔ اپنے اٹھنے بیٹھنے کا انداز درست کریں *زیادہ دیر کمر جھکا کر نہ بیٹھیں مثلاً لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر پر سیدھے بیٹھ کر کام کریں *زمین پر لیٹ کر آرام کرنا بھی کمردرد میں افاقہ دیتا ہے *سگریٹ نوشی سے مکمل پرہیز کریں *وزن اور موٹاپا کم کرنے کی کوشش کریں *اپنے طبیب کے مشورے سے کمر درد میں مفید ورزش کریں۔

غذاؤں سے علاج: *اچھی خوراک کا استعمال کریں *موسم کے لحاظ سے خشک میوہ جات اور تازہ پھلوں کا استعمال بہت مفید ہے *کھانے میں ادرک اور لہسن کا استعمال کمر درد سے نجات دیتا ہے *دودھ کو اپنی زندگی کا حصہ بنالیں اس میں وٹامنز، آئرن، کیلشیم اور دیگر اجزا پائے جاتے ہیں۔ یہ جسم، ہڈیوں اور پٹھوں کو مضبوط کرتا ہے*ایسی غذاؤں کا استعمال کریں جن میں وٹامن زیادہ مقدار میں ہوں چنانچہ دودھ، بالائی، انڈے، کھجور، پکے ہوئے تازہ پھل، سبز ترکاریاں اور مچھلی قوت ہضم کے مطابق استعمال کریں *کاڈ مچھلی کے جگر کا تیل (کاڈ لیور آئل) اور اس کے مرکبات کا استعمال بھی مفید ہے، مریض کو ہر قسم کی ثقیل اور بادی اشیا سے پرہیز کرائیں اور گوشت بھی کم کردیں۔

کمردرد کے علاج کے دیسی نسخے: موصلی سفید، دار فلفل، اجوائن دیسی، پیلا مول، یہ چاروں چیزیں 12، 12گرام، میدہ لکڑی (میدہ سک L..Sebifera)، زنجبیل، اسگندر ناگوری، ستاور، ہر ایک 25 گرام، ان سب چیزوں کو پیس لیں اور اس میں قند سیاہ کہنہ بھی بقدر ضرورت ملالیں۔ اب اس کی چنے کے دانے برابر گولیاں بنالیں۔ روزانہ عَرق بادیان 175 ملی لیٹر کے ساتھ دو گولیاں استعمال کریں۔ اِن شآءَ اللہ کمردرد میں افاقہ ہوگا۔

یہ نسخہ کسی بھی ماہر پنساری سے تیار کروایا جاسکتا ہے۔

کمردرد کا مجرب اور آزمودہ نسخہ: آدھا کلو دودھ میں 11عدد کھجوریں اچھی طرح اُبال لیں، جب کھجوروں کا اثر دودھ میں نکل جائے تو کھجوروں کے ٹکڑے دودھ سے نکال دیں۔ اب ایک چمچ دیسی گھی اور ایک عدد کچا دیسی انڈہ گرم دودھ میں مکس کرلیں اور رات کو سونے سے آدھا گھنٹا قبل پی لیں۔ اِن شآءَ اللہ بہت جلد کمردرد سے آرام مل جائے گا۔ یہ نسخہ تجربہ شدہ ہے۔


Share

Articles

Comments


Security Code