سیرت مصطفےٰ  صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم پر رسائلِ امیر اہل سنّت

حضرت سیّدتنا عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالٰی عنہا  سے روایت ہے: مَن أَحَبَّ شَيْئاً أَكْثَرَ مِنْ ذِكرِهِ یعنی جو  کسی سے محبت کرتا ہے  وہ اس کا ذکرکثرت سے کرتا ہے۔(جامع صغیر،ص507،حدیث: 8312) محبتِ رسول کا تقاضا ہےکہ نبیِّ پاک صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے معجزات اور اوصاف کا تذکرہ کیا جائے تاکہ  اُنہیں سُن کر محبتِ رسول میں اضافہ ہو تا رہےاور عمل کا جذبہ  پیدا ہو۔

 شیخ ِ طریقت،امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطّارقادری رضوی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کے سیرتِ مصطفےٰ پر تحریری بیانات و رسائل میں سے 5 کا مختصر تعارف پیشِ خدمت ہے:(1)صبحِ بہاراں:نبیِّ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی آمدِ مبارک پر خوشی منانا، گھروں کو سجانا،محافل و اجتماعات کا انعقاد ،جلوسِ میلاد اور  صدقہ  وخیرات  مسلمانوں میں رائج ہے۔ ان معمولاتِ  اہلِ سنّت  کے دلائل وفضائل  کو آسان انداز میں بیان کیا گیاہے۔ ربیع الاوّل(بالخصوص اجتماعِ میلاد وجلوسِ میلاد کی شرعی و تنظیمی احتیاطوں) کے بارے میں امیرِ اہلِ سنّت کا مکتوب بھی شامل ہے۔جشن ِ ولادت منانے کی نیّتیں بھی  درج کی گئی ہیں۔ اس رسالے کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس کا ترجمہ دنیا کی 27زبانوں  میں  ہوچکا ہے۔ (2)سیاہ فام غلام:رسولِ اکرمصلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّمکے معجزات پر مشتمل مختصر اور جامع رسالہ جس میں  آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی نورانیت،بے مثال بشریت اور ایمانِ والدینِ مصطفےٰصلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے  بارے میں دلائل بھی ذکر کئے گئے ہیں۔ اس کا 6 زبانو ں میں ترجمہ ہوچکا ہے، آخر میں مصافحہ  کے مدنی پھول بھی درج کئے گئے ہیں۔ (3)بھیانک اونٹ:اس رسالے میں تبلیغ ِ دین کی خاطر پیارے مصطفےٰ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی قربانیوں کاتذکرہ ہے۔ اعلانِ نبوت کے بعد  آنے والی آزمائشوں اور نیکی کی دعوت  کے فضائل  پر مبنی اس  رسالےمیں مبلّغین اور عاشقانِ رسول   کے لئے سیکھنے کے بے شمار مدنی پھول ہیں۔ یہ رسالہ بھی 5 مختلف زبانوں  میں دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ  پرموجود ہے۔ آخر میں بیٹھنے کے 18مدنی پھول بھی ذکر کئے گئے ہیں۔(4)بُڈھا پُجاری: 6مختلف زبانوں میں موجود اس رسالے میں نبیِّ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بِعْثَت سے پہلے  دنیا کی حالت کا بیان اور آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی  ولادتِ مبارکہ کا ذکر ہے۔ ناخن کاٹنے کے مدنی پھول بھی رسالے کاحصّہ ہیں۔(5)نوروالا چہرہ: بچوں کی سچّی کہانیوں پر مشتمل رسائل میں سےایک رِسالہ” نور والا چہرہ“بھی ہے۔ اس رسالے میں نبیِّ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے بچپن کے ایمان افروز واقعات کے ساتھ ساتھ آپ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے مبارک ہاتھ کے8معجزات  کا دلکش بیان بھی ہےنیز ویڈیو گیمز  (Video Games)کی تباہ کاریوں کو بھی ذکر کیا گیاہے اس رِسالے  کا 14زبانوں میں ترجمہ  ہوچکا ہے۔ تمام رسائل میں حسبِ موقع   دعوتِ اسلامی  کے مدنی کاموں کی مدنی بہاریں بھی درج کی گئی  ہیں۔آپ ان رسائل کو مکتبۃ المدینہ سے ہدیۃً حاصل بھی کر سکتے ہیں اور دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ سے پڑھ سکتے ہیں، ڈاؤن لوڈ (download)اورپرنٹ آؤٹ(Printout)بھی کرسکتے ہیں۔www.dawateislami.net

 


Share

Articles

Comments


Security Code