جنت میں لے جانے والے اعمال

فِطری طور پر اِنسان میں لالچ پایا جاتا ہے اور لالچ اچّھا بھی ہوتا ہے اور بُرا بھی ۔ثواب کی طَمَع میں نیکی کرنا اچّھا ہے۔

قراٰنِ کریم میں بھی اِس کی وضاحت موجود ہے  کہ بندہ کم اَزْ کم لالچ ہی میں طاعات کی طرف سَبْقت کرے اور بُرائیوں سے باز رہے۔چنانچہاللہ عَزَّ  وَجَلَّ اَہلِ جنّت اور جنّت کی نعمتوں کا ذِکْرکرکےارشادفرماتاہے:

(وَ فِیْ ذٰلِكَ فَلْیَتَنَافَسِ الْمُتَنَافِسُوْنَؕ(۲۶)) (پ30،المطففین:26) ترجمہ کنزالایمان:اوراِسی پر چاہئے کہ للچائیں للچانے والے۔(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

بندوں کو عبادتوں پر اُبھارنے اور اِن کے اَجْروثواب سے آگاہ کرنے کے لئے اِمَام نَوَوِی ،اِمَام ذَہَبِی اور علّامہ تَاجُ الدِّین سُبْکی رَحِمَہُمُ اللہُ تَعَالٰیجیسے اَکابرینِ اُمّت کے اُستادِ مُحترم  اورکتاب”اَلتَّرْغِیْب وَالتَّرْہِیْب“کے مؤلِّف حَافِظ زَکِیُّ الدِّین عَبْدُالْعَظِیْم مُنْذِرِی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِیکے شاگردِ رشید حَافِظُ الْحَدِیْث حضرتِ سَیِّدُنا شَرَفُ الدِّین عَبْدُ الْمُوءمِن بِن خَلَف دِمْیَاطی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْوَ الِی نے ”اَلْمَتْجَرُ الرَّابِح فِیْ ثَوَابِ الْعَمَلِ الصَّالِح “ نامی کتاب مُرَتَّب فرمائی تاکہ بندے جنّت اور اَجْروثواب کےلئے عبادات ونیک اَعمال بجالائیں۔

یہ کتاب مختلف اَعمال کے ثوابوں  پرمشتمل 2000سے زائد اَحادیثِ کریمہ کا مجموعہ ہے جن کودرجِ ذیل14ابواب میں تقسیم فرمایا گیاہے:(1)عِلْم اور عُلَما کا ثواب(2)طَہارَت کا بیان (3)نَماز کا ثواب (4)نَفْل نَماز کا ثواب(5)جُمُعَہ کا ثواب (6)نَمازِ جنازہ کا ثواب (7)صَدَقات کا ثواب (8) روزے کا ثواب (9)حج کا ثواب (10)جِہاد کا ثواب (11) قراٰن پڑھنے کا ثواب (12)ذِکْرُاللہ کا ثواب (13)حُسْنِ اَخلاق کا ثواب (14)زُہْدو اَدَب کا ثواب۔

یہ عُنوانات توصرف دروازے ہیں، جب آپ مُطالَعے کے ذریعے انہیں کھول کر اندر داخل ہوں گے تو ان نیکیوں کے ساتھ ساتھ ضِمْناً دیگر اَعمال ِ خیر پر  ثواب کے اَنْبار ملیں گے۔ کتاب کی گُوناگُوں  خُوبیوں کو دیکھتے ہوئے مَجلِس اَلْمَدِیْنَۃُ الْعِلْمِیَّہنےاُردو خواں طَبَقے کے لئے اِس کا اُردو ترجَمہ کروایاہے،قِبلہ شیخِ طریقت، اَمیرِ اہلِ سنّت مُدَّظِلُّہُ الْعَالِی نے اِس کا اُردو نام ”جنت میں لے جانے والے اعمال“رکھا۔ یہ ترجَمہ 1426ہِجْری مُطابق 2005عیسوی کو پہلی بارمَنظرِ عام پر آیا  اور بے حد مقبول ہوا،تادمِ تحریریہ38ہزار سے زائد کی تعداد میں چَھپ چُکا ہے۔یہ کتاب نہ صِرْف عام اسلامی بھائیوں  اور اسلامی بہنوں کے لئے بے حد مُفید ہے بلکہ نیکی کی دعوت عام کرنے کا جذبہ رکھنے والےعُلَمائے کرام،مَساجد کے اَئِمّہ، خُطبائےعِظَام اور مُبَلِّغین وواعظین کےلئے بھی اِس میں کثیر مواد موجود ہے ۔

یہ کتاب مکتبۃُ المدینہ سے ہدیَّۃً حاصل کرکے اچھی اچھی نیّتوں کے ساتھ خود بھی پڑھیں اور دوسرے اِسلامی بھائیوں کو بھی  اِس کے مُطالَعہ کی ترغیب دلائیں۔ اس کتاب کو دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ (www.dawateislami.net) سے پڑھا بھی جاسکتا ہے، ڈاؤن لوڈ  (Download) اور پرنٹ آؤٹ (print out) بھی کیا جاسکتا ہے۔


Share

Articles

Comments


Security Code