نیکی کی دعوت

نبیِّ مکرّم، شفیعِ معظّم، شہنشاہِ دوعالَم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی بارگاہ میں عَرْض کی گئی: ”لوگوں میں سب سے اچّھا کون ہے؟‘‘ فرمایا: ”لوگوں میں سے وہ شخص سب سے اچّھا ہے جو کثرت سے قراٰنِ کریم کی تِلاوت کرے، زیادہ مُتقی ہو، سب سے زیادہ نیکی کا حکم دینے اور بُرائی سے مَنع کرنے والا ہو اور سب سے زیادہ صِلَۂ رِحمی (یعنی رشتے داروں کے ساتھ اچّھا برتاؤ) کرنے والا ہو۔“(مسند احمد،ج10،ص402، حدیث:27504)

شیطان  انسانوں کا کُھلا دشمن ہےجو انہیں وسوسے میں مبتلاکرتا اور نیکیوں سے روکتا ہے، اس لئے انسان ہمیشہ نیکی کی دعوت کا محتاج ہے۔ نیکی کی دعوت زبانی بھی دی جاسکتی ہے اور تحریری بھی! اَلْحَمْدُلِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ  شیخِ طریقت،امیرِاہلِ سنت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے اصلاحِ امّت کے جذبے کے تحت بیانات ومَدَنی مذاکروں وغیرہ  کی صورت میں زبان کے ذریعے بھی نیکی کی دعوت دی اور کئی کتب و رسائل لکھ کر تحریر کے ذریعے بھی نیکی کی دعوت کو عام کیا۔ ان میں سے ایک عظیم کتاب  بنام ’’نیکی کی دعوت (حصّۂ اوّل)‘‘ ہے جو 616صفحات پرمشتمل ہے۔

کتاب کا مختصرتعارف: ’’نیکی کی  دعوت(حصّۂ اوّل) ‘‘ میں نیکی کی دعوت دینے کی اہمیت و فضیلت اور نہ دینے کے نقصانات کا بیان ہے۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ اس کتاب کے  پڑھنے سے نیکی کی دعوت کے عظیم مَدَنی کام کے جذبے کو مزید تقویت ملتی ہے۔ ہر مسلمان بِالخصوص  نیکی کی دعوت عام کرنے کا جذبہ رکھنے والے علمائے کرام، مساجد کے ائمہ اور مُبَلِّغین  وواعِظین  کے لئے  اس  میں کثیر مواد موجود ہے۔ اس کتاب کو تقریباً 125 قراٰنی آیات، نبیِّ رحمت، شفیعِ امّت صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے 249 ارشادات، 113 عبرت انگیز حکایات، 51 مَدَنی بہاروں اور مختلف موضوعات پر سینکڑوں مدنی پھولوں سےمُزَیَّن کیا گیا ہے۔ اس کتاب کی تیاری کے لئے  تقریباً 146کتبِ تفسیر و تصوف، کتبِ حدیث وفقہ اور ان کی شروحات اور دیگر کتابوں سے استفادہ کیا گیا ہے۔

امیرِ اہلِ سنّت دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ نے دیگر کتابوں کی طرح اس کتاب میں بھی حتَّی الاِمکان آسان الفاظ ذکر کئے  ہیں۔ جہاں مشکل الفاظ مذکور ہیں  وہاں ان  کے معانی ذکر کئے  ہیں۔تَلَفُّظ کی درست ادائیگی کے لئے اعراب کا اہتمام کیا ہے۔ ذوق میں اِضافے کے لئے موقع کی مناسبت سے اَشعاربھی  درج کئے ہیں۔

 اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ عَزَّ وَجَلَّ! صرف اردو زبان میں یہ کتاب2011 سے 2017 تک(سات ایڈیشنزمیں)تقریباً ایک لاکھ سات ہزار (107000) کی تعدادمیں شائع ہوچکی ہے جبکہ سِندھی، ہِندی، عَرَبی، رومَن اردو، گُجراتی، بَنگالی، انگلش، پَشتو، تامِل اور لوگانڈا زبانوں میں اس کا ترجمہ  بھی ہوچکاہے۔ بےشمار مساجد اور گھروں وغیرہ میں اس کتاب سے درس بھی دیا جاتا ہے۔ یہ کتاب مکتبۃ المدینہ سے ہدیۃً حاصل کی جاسکتی ہے نیز دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ (www.dawateislami.net) سے ڈاؤن لوڈ اور پرنٹ آؤٹ بھی کیا جاسکتاہے۔

یانبی! ”نیکی کی دعوت“ کی تڑپ

ہوکسی صورت نہ کم چشمِ کرم

(وسائل بخشش مرمم، ص255)

 

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭ماہنامہ فیضانِ مدینہ ،باب المدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code