فیضان رمضان

خُدائے رَحْمٰن عَزَّوَجَلَّ کا کروڑہا کروڑ اِحسان کہ اُس نے ہمیں ماہِ رَمَضَان جیسی عظیمُ الشّان نعمت سے سَرفَراز فرمایا۔ مسلمان اس نعمتِ عظمیٰ سے فائدہ اُٹھانے کے لئے اِس مہینے میں عبادت کا زیادہ اہتمام کرتے، روزے رکھتے، تراویح، اعتکاف اور صدقۂ فطر وغیرہ عبادات بجالاتے ہیں مگر عِلمِ دین سے دوری کے باعث ایک تعداد کئی غلطیوں میں مبتلا ہوجاتی ہے۔ اس لئے ضرورت تھی کہ اُردو زبان میں کوئی ایسی جامع کتاب ہوجس میں رمضانُ المبارک کی فضیلت و اہمیت اور اس میں کی جانے والی عبادات کو آسان انداز میں بیان کیا جائے تاکہ کم پڑھے لکھے عاشقانِ رمضان بھی اس سے فائدہ اُٹھا سکیں۔ اَلْحَمْدُلِلّٰہعَزَّوَجَلَّ شیخِ طریقت، امیرِ اَہلِ سنّت، بانیِ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطّاؔر قادِرِی رَضَویدَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی تصنیفِ لطیف ”فیضانِ رَمَضان“ اس ضرورت کو پورا کرتی ہے۔

 کتاب کامختصر تعارف:یہ کتاب چند ابواب پرمشتمل ہے: ٭فضائلِ رَمَضان شریف: اس باب میں قراٰنِ پاک اور احادیثِ مبارکہ سے رمضان شریف اور اس کے روزوں کی فضیلت و اہمیت کو بیان کیاگیا ہے۔ ٭احکامِ روزہ:اس میں ان احکام کا بیان ہے کہ جن سے روزہ ٹوٹ جاتا یا مکروہ ہو جاتا ہے، اسی طرح روزے کے ظاہری و باطنی آداب کو بھی آسان انداز میں ذکر کیا گیا ہے۔ ٭فیضانِ تراویح:اس کے تحت تراویح کے حوالے سے شرعی مسائل کا بیان ہے۔٭فیضانِ لَیْلَۃُ الْقَدْر:اس میں شَبِ قدر کی  قدر و منزلت اور اس میں کی جانے والی عبادات کے فضائل موجود ہیں۔ ٭فیضانِ اِعتِکاف:اس میں اِعتکاف کے فضائل اور اس کے احکام مذکور ہیں۔ ٭فیضانِ عیدُ الفِطْر:اس باب میں عید الفطر و صدقۂ فطر کی فضیلت و اہمیت اور ان کے مسائل کو اَحسن انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ ٭نفل روزوں کے فضائل:نبیِّ کریم صلَّی اللہُ تعالٰی علیہِ واٰلہٖ وسَلَّمنےرمضان المبارک کے علاوہ جن نفلی روزوں کی ترغیب ارشاد فرمائی اور ان پر اجر و ثواب کی جو خوشخبریاں عطا فرمائی ہیں، ان کا ذکر اس باب میں ہے۔ نیز اللہوالوں کےروزہ رکھنےکےمتعلق ایک باب ٭روزہ داروں کی12حکایاتکےنام سےتحریرفرمایا۔ ٭مُعْتَکِفِیْن کی 41 مدنی بہاریں:اس میں دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول میں اعتکاف کرنے والے اسلامی بھائیوں کی مدنی بہاریں جمع کی گئی ہیں۔

”فیضانِ رَمَضان“ میں ضمناً بھی جگہ بہ جگہ درجنوں موضوعات پر مدنی پھول اپنی خوشبوئیں بکھیر رہے ہیں۔ احادیث و حکایات اور فقہی مسائل کی تخریج نے اس کتاب کو عوام کے ساتھ ساتھ علمائے کرام کے لئے بھی مفید تر بنا دیا ہے۔ ”فیضانِ رَمَضان“ کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ یہ ”فیضانِ سنّت“ (جلد اوّل) میں ایک باب کی حیثیت سے دو لاکھ تئیس ہزار (2،23000) اور اس کے علاوہ الگ سے کتابی صورت میں ایک لاکھ پانچ ہزار (105000) کی تعداد میں شائع ہو کر بے شمار مسلمانوں کی اصلاح کا ذریعہ بن چکی ہے۔

اَلحَمْدُلِلّٰہِ عَلٰی ذٰلِک

کتاب ”فیضانِ رَمَضان“ اُردو زبان کے علاوہ عربی، سندھی، ہندی، انگلش اور بنگلہ زبان میں بھی زیورِ طبع سے آراستہ ہوچکی ہے اور مذکورہ زبانوں میں دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ  www.dawateislami.net پر آن لائن پڑھی بلکہ ڈاؤن لوڈ بھی کی جاسکتی ہے۔ آپ بھی رَمَضانُ المبارک کی قدر و منزلت جاننے اور اس ماہ میں کی جانے والی عبادات کو اچھے انداز سے ادا کرنے کیلئے”فیضانِ رَمَضان“مکتبۃ المدینہ (دعوتِ اسلامی) سے ہدیۃً حاصل کرکے اس کا ضرور مطالعہ فرمائیے۔

یاخدا ہم عاصِیوں پر یہ بڑا اِحْسان ہے

زندَگی میں پھر عطا ہم کو کیا رَمضان ہے

(وسائلِ بخشش مُرَمَّم، ص 705، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ)

 


Share

Articles

Comments


Security Code