عاشقانِ رسول کی 13حکایات

”عشقِ رسول “ ایسا عنوان ہے جس کا ذکر آتے ہی ایک عاشقِ رسول کے دل کی دھڑکن تیز ہوجاتی اور جذبات مچلنے لگتے ہیں، سوزوگدازقلب وروح کو گرمانے لگتا ہے، محبت کی چنگاریاں اندر اندر ہی سُلگنے لگتی ہیں اور دل جانِ کائنات وجان رحمت صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی جانب کھنچنے لگتاہے، دیدار مصطفےٰوزیارتِ روضۂ انور کی تمنا موجیں مارنے لگتی ہے اورعاشق زبان حال سے پکار اٹھتا ہے:

جان ہے عشقِ مصطفٰے روز فُزوں کرے خدا

جس کو ہو درد کا مزہ نازِ دوا اُٹھائے کیوں

بلاشبہ عشقِ رسول ایمان کی جان ہے کیونکہ اصلِ ایمان حضور اکرم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی اصل محبت سے اور کامل ایمان آپ کی کامل محبت سے مشروط ہے اورکامل محبت کو دل میں بسانے کے لئے اتباعِ رسول ضروری ہے۔ عاشقانِ رسول کی سیرت و حکایات پڑھنا سننا اور محبوبِ کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے نسبت رکھنے والی چیزوں اور جگہوں کا تذکرہ اور ان کی زیارت عشق ِرسول میں مضبوطی و ترقی کا بہترین ذریعہ ہے۔

عاشقانِ رسول کی 130حکایات (مع مکے مدینے کی زیارتیں) شیخِ طریقت ،امیراہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطار قادری رضوی دَامَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ کی خوبصورت تالیف ہے جوکہ عشقِ رسول کے باب میں ایک منفرداضافہ ہے۔ کتاب کیا ہے!بس اوّل تا آخر عشقِ رسول کی جلوہ سامانیاں ہیں، محبتِ رسول کے مختلف رنگ ہیں اورحقیقی اُلفت و چاہت کا خزینہ ہے۔

کتاب کا آغاز زائرینِ مدینہ کی حکایات سے ہوتا ہے جن کی کل تعداد 51 ہےجس میں عاشقانِ ماہِ رسالت کی مدینۂ منورہ سے عقیدت ومحبت کا بیان ہے بالخصوص مشہور عاشقِ رسول و عاشقِ مدینہ، فقہِ مالکی کے روحِ رواں حضرت سیّدنا امام مالک بن انَس رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ کے عشقِ رسول پر مبنی 12حکایات درج ہیں، پھر حاجیوں کی 42 حکایات لکھی گئی ہیں جن میں حجاجِ کرام کی حرم شریف میں پُرکیف حاضری، خوفِ خدا کے نرالے انداز وغیرہ کا ذکر ہے، پھر خواتین کی4 حکایات دی گئی ہیں، پھر علمائے اہلِ سنّت کے 17 واقعات تحریر کئے گئے ہیں، ساتھ ہی جِنّات کی 7 اور حیوانات کی 9 حکایات شاملِ کتاب ہیں۔

اس کے بعد مکۂ مکرمہ زاد ہَااللہ شرفاً وَّ تعظیماً کی زیارتوں کا ذکر ِخیر ہے جس میں بالخصوص شہرِمکہ کے فضائل، اس کے 10 نام اور 19 خصوصیات وغیرہ کو بیان کیا گیا، ساتھ ہی خانۂ کعبہ کے بارے میں اہم اور دلچسپ معلوم دی گئی ہیں اور اس باب کے آخر میں مکۂ مکرمہ کی 9 مسجدوں کا تذکرہ ہے۔ اس کے بعد عاشقوں کے دلوں کی دھڑکن مدینۂ طیبہ زَادَھَا اللہُ شَرَفًاوَّتَعْظِیْمًا کی زیارات کی تفصیل ہے، خاص طور پر مدینۂ منورہ کے فضائل، 18خصوصیات، مدینۂ پاک کے 12نام اورتعمیرِ مسجدِ نبوی کا بیان ہے اور خصوصیت کے ساتھ مکانِ عرش نشان روضۂ رسول کے متعلق منفرد ودلچسپ معلومات فراہم کی گئی ہیں اور آخر میں مدینے کی 27مساجد کی تفصیلات ہیں ۔

دعوتِ اسلامی کے اشاعتی ادارے مکتبۃ المدینہ سے یہ کتاب ہدیۃً حاصل کیجئے، بِالخصوص زائرینِ مدینہ کو تحفے میں دیجئے اور مطالعہ فرمائیے، اِنْ شَآءَ اللہ عشقِ رسول میں اضافہ ہوگا، دل و دماغ اور جسم وروح کو تازگی و پاکیزگی ملے گی، اتباعِ رسول کا جذبہ نصیب ہوگا،دنیاسنورے گی اورآخرت نکھرے گی۔

یہ کتاب دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ www.dawateislami.net سے ڈاؤن لوڈ اور پرنٹ آؤٹ بھی کی جاسکتی ہے۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭شعبہ تراجم ،المدینۃ العلمیہ باب المدینہ کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code