کچھ نیکیاں کمالے

درجات بلند  کرنے والی نیکیاں(قسط:02)

* مولانا محمد نواز عطاری مدنی

ماہنامہ فروری2022

اے عاشقانِ رسول! اللہ پاک قراٰنِ کریم میں ارشاد فرماتا ہے: (وَ لِكُلٍّ دَرَجٰتٌ مِّمَّا عَمِلُوْاؕ-) ترجَمۂ کنزُالایمان: اور ہر ایک کے لیے ان کے کاموں سے درجے ہیں۔[1]   (اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)  یعنی ہر ایک کے لئے چاہے وہ نیک ہو یا گنہگار اس کے اچھے اور بُرے اعمال کے اعتبار سے درجے ہیں اور انہی کے مطابق ثواب اور عذاب ہوگا۔ جنتیوں کو جنّت میں ان کے نیک اعمال کے مطابق درجے دئیے جائیں گے، ایسے ہی جہنمیوں کو جہنّم میں ان کے بُرے اعمال کے مطابق مختلف درجوں میں سزا دی جائے گی۔[2]

اَلحمدُلِلّٰہ! جنّت میں اپنے درجات بلند کروانے والی چند نیکیوں کا تذکرہ اسی سلسلے کی پچھلی قسط میں کیا جا چکا ہے مزید درجات بلند کروانے والی نیکیوں پر مشتمل7فرامینِ آخری نبی محمدِ عربی  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  ملاحظہ کیجئے:

ہر سجدے کے عوض ایک درجہ بلند: (1)تم پر اللہ پاک کیلئے کثرت سے سجدے کرنا لازم ہے کیونکہ تم جب بھی اللہ پاک کو سجدہ کرو گے اللہ پاک تمہارا ایک درجہ بلند فرما دے گا اور اس کے بدلے تمہاری ایک خطا معاف فرما دے گا۔[3] (2)جو بند ہ اللہ پاک کیلئے ایک مرتبہ سجدہ کرتا ہے، اللہ پاک اس کے سبب اس کیلئے ایک نیکی لکھتا اور اس کا ایک گناہ مٹاتا اور اس کا ایک درجہ بلند فرما دیتا ہے، لہٰذا کثرت سے سجدے کیا کرو۔[4]

10لاکھ درجات بلند کروانے والا عمل: (3)جو بازار میں داخل ہو اور کہے: لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَحْدَہٗ لَاشَرِیْکَ لَہٗ لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُ یُحْیِیْ وَیُمِیْتُ وَھُوَ حَیٌّ لَّا یَمُوْتُ بِیَدِہِ الْخَیْرِ وَھُوَ عَلٰی کُلِّ شَیْءٍ قَدِیْرٌ تو اللہ پاک اس کے لئے دس لاکھ نیکیاں لکھتا اور اس کے دس لاکھ گناہ مٹاتا اور اس کیلئے دس لاکھ درجات بلند فرما دیتا ہے۔[5]

مُعاف کرنے کے سبب درجات بلند: (4)جسے یہ پسند ہو کہ اُس کیلئے (جنّت میں)محل بنایا جائے اور اُس کے درجات بلند کئے جائیں، اُسے چاہئے کہ جو اُس پر ظلم کرے، اُسے معاف کرے اور جو اُسے محروم کرے ، اُسے عطا کرے اور جو اُس سے تعلق توڑے یہ اُس سے تعلق جوڑے۔[6] (5)جس کے جسم میں (کسی کی طرف سے) کوئی زخم لگ جائے پھر وہ اس کا صدقہ کر دے (یعنی مُعاف کر دے) تو اﷲ پاک اس کا ایک درجہ بڑھاتا اور ایک گناہ معاف فرماتا ہے۔[7]

10درجات بلند کروانے والے2عمل: (6)جو شخص صبح کے وقت یہ کہہ لیا کرے: لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَحْدَہٗ لَاشَرِیْکَ لَہٗ لَہُ الْمُلْکُ وَلَہُ الْحَمْدُ وَھُوَ عَلیٰ کُلِّ شَیئٍ قَدِیْرٌ تو اسے اولاد ِاسمٰعیل میں سے ایک غلام آزاد کرنے کا ثواب ہے اور اس کیلئے دس نیکیاں لکھی جائیں گی اور اس کے دس گناہ معاف ہوں گے اور اس کے دس درجے بلند ہوں گے اور اس کیلئے شام تک شیطان سے حفاظت ہوگی اور اگر یہ کلمات شام کے وقت کہہ لے تو صبح تک اسے یہ ہی ملے گا۔[8] (7)جو سات پھیرے طواف کرے اور یہ پڑھتا رہے: سُبْحَانَ اللہِ وَالْحَمْدُ لِلّٰہِ وَلَآ اِلٰہَ اِلَّا اللہُ وَاللہُ اَکْبَرْ وَلَا حَوْلَ وَلَا قُوَّۃَ اِلَّا بِاللہ اُس کے دس گناہ مٹا دیے جائیں گے اور دس نیکیاں لکھی جائیں گی اور اس کے دس درجے بلند کئے جائیں گے۔[9]

اللہ پاک ہمیں ان نیک اعمال کو اپنانے اور جنّت میں اپنے درجات بلند کروانے کی سعادت عطا فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیِیْن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ، ماہنامہ فیضان مدینہ کراچی



[1] پ8،الانعام:132

[2] صراط الجنان،3/213

[3] مسلم،ص199،حدیث:488

[4] ابن ماجہ، 2/182،حدیث:1424

[5] ترمذی،5/270،حدیث:3439

[6] مستدرک، 3/12، حدیث: 3215

[7] ترمذی،3/97،حدیث:1398،بہارشریعت،3/775

[8] ابو داؤد،4/414، حدیث:5077

[9] ابن ماجہ، 3/439،حدیث:2957۔


Share

Articles

Comments


Security Code